پاکستان ایسا مستحکم افغانستان چاہتا ہے جو پڑوسی ممالک کے ساتھ امن سے رہے: اسحاق ڈار

پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پیر کو کہا ہے کہ پاکستان ایک پُرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے، ایسا افغانستان جو اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے فریم ورک میں مکمل طور پر ضم ہو۔

انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

جناح کنونشن سینٹر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت پاکستان کر رہا ہے، جس میں ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، اعلیٰ حکام اور وفود شریک ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے پلیٹ فارم کے تحت بامعنی علاقائی تعاون، تجارت اور اقتصادی روابط کا فروغ اس بات سے مشروط ہے کہ افغان حکام پڑوسی ممالک کے سکیورٹی تحفظات دور کریں۔

اسحاق ڈار نے ای سی او اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ ’پاکستان ایک پُرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے، جو اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے فریم ورک میں مکمل طور پر ضم ہو اور اپنے ساتھ ساتھ اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بھی امن سے رہے۔ ایسا نتیجہ نہ صرف افغان عوام بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہوگا، کیونکہ اس سے تجارت، راہداری اور اقتصادی تعاون کے اہم مواقع کھلیں گے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اس کے ساتھ ساتھ، بامعنی پیش رفت کے لیے ضروری ہے کہ افغان حکام پڑوسی ممالک کے جائز سکیورٹی خدشات، بالخصوص دہشت گردی کے خطرے، کو دور کریں۔ پائیدار علاقائی اقتصادی شراکت داریوں کے لیے ایک محفوظ اور مستحکم ماحول انتہائی ضروری ہے۔ یہ پہلو ہمارے وسیع تر علاقائی رابطوں کے ایجنڈے میں مرکزی اہمیت رکھتے ہیں۔‘

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں کہا کہ جنوبی، وسطیٰ اور مغربی ایشیا کے سنگم پر واقع خطے کو اپنی جغرافیائی اہمیت کو مضبوط اقتصادی روابط اور مشترکہ خوشحالی میں تبدیل کرنا ہو گا۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

افغان حکومت سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے مشترکہ کمیشن کے آئندہ اجلاس کے انعقاد، کسٹم مراکز کو 24 گھنٹے فعال رکھنے اور سرحدی گزرگاہوں کی استعداد بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال اور اتفاق کیا گیا۔

کانفرنس کے دوران ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے افغانستان میں منشیات کے خلاف مؤثر اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے افغانستان میں اقتصادی استحکام کے حوالے سے امارتِ اسلامیہ کے تعمیری کردار کی بھی تعریف کی اور اقتصادی و سیاسی شعبوں میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ای سی او کے نائب سیکریٹری جنرل احمد سعید مرود زادہ، ترکی کے نائب وزیر خارجہ موسیٰ کولاکلیکایا، ازبکستان کے نائب وزیر خارجہ بابر مسعودووچ عثمانوف اور تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین سمیت کئی دیگر اعلیٰ عہدے دار بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔

ڈار نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ علاقائی تعاون خطے میں امن، استحکام اور معاشی ترقی کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے۔

اس موقعے پر انہوں نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور دستیاب معاشی مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنائیں۔

ڈار کے مطابق پاکستان ای سی او کے چارٹر میں درج اصولوں، مقاصد اور وژن کے لیے پُرعزم ہے اور بانی رکن کی حیثیت سے علاقائی تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا خودمختاری کی برابری، باہمی احترام، ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون وہ بنیادی اصول ہیں جو تنظیم کے رکن ممالک کی رہنمائی کرتے ہیں۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطے کو اہم منڈیوں، قدرتی وسائل اور تجارت کی تاریخی بنیادوں کے باعث منفرد جغرافیائی برتری حاصل ہے، تاہم اصل ضرورت اس برتری کو عملی اقتصادی روابط اور مشترکہ معاشی فوائد میں تبدیل کرنے کی ہے۔

انہوں نے کہا موجودہ دور میں جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال، معاشی دباؤ اور تیز رفتار تکنیکی تبدیلیوں نے علاقائی تعاون کی اہمیت مزید بڑھا دی ہے۔

رکن ممالک کو درپیش بیشتر چیلنجز قومی سرحدوں تک محدود نہیں، اس لیے ان سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی، قریبی رابطہ کاری اور اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں۔

ڈار کے مطابق علاقائی تعاون کی بحالی کا مطلب نئے سرے سے سب کچھ شروع کرنا نہیں بلکہ پہلے سے قائم بنیادوں کو مضبوط بنانا اور ماضی میں کیے گئے وعدوں کو نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے کی مضبوطی کا انحصار صرف موجودہ چیلنجز سے نمٹنے پر نہیں بلکہ مستقبل کے مسائل کے لیے پیشگی تیاری اور مضبوط شراکت داریاں قائم کرنے پر بھی ہے۔

2026 سے 2035 تک اقتصادی تعاون کے اہداف

اجلاس کے اہم نکات میں ای سی او کے اقتصادی تعاون کے سٹریٹجک اہداف 2026 سے 2035 کو حتمی شکل دینا بھی شامل ہے۔

ڈار نے کہا کہ ان اہداف کی تیاری کے لیے ہونے والی پیش رفت نے تنظیم کے مستقبل کے لائحہ عمل کی سمت متعین کرنے میں مدد دی ہے۔

’اب ضرورت اس بات کی ہے کہ اس پیش رفت کو عملی اقدامات میں تبدیل کیا جائے تاکہ اقتصادی روابط مضبوط ہوں اور خطے کے عوام کو دیرپا فوائد حاصل ہوں۔‘

انہوں نے بتایا کہ نومبر 2025 میں ای سی او کے وزرائے تجارت کے منظور کردہ روڈ میپ علاقائی تجارتی انتظامات کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم بنیاد فراہم کرتا ہے۔

ان کے مطابق رواں سال ستمبر میں نیویارک میں ہونے والے ای سی او کونسل کے غیر رسمی اجلاس میں بھی رکن ممالک نے گہرے اقتصادی انضمام اور علاقائی روابط کے فروغ کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا تھا۔

ڈار نے کہا کہ رواں سال مختلف وزارتی اور شعبہ جاتی اجلاسوں کے ذریعے اہم شعبوں میں تعاون کا تسلسل برقرار رہا ہے، تاہم اب ان کوششوں کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنا ترجیح ہونی چاہیے۔

اقتصادی تعاون تنظیم کیا ہے اور اس کی اہمیت کیا ہے؟

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ای سی او ایک علاقائی بین الحکومتی تنظیم ہے، جس کا بنیادی مقصد رکن ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی، تکنیکی اور ثقافتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

سادہ الفاظ میں اس تنظیم کے قیام کا مقصد رکن ممالک کے درمیان تجارت کو آسان بنانا، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا، توانائی کے وسائل سے مشترکہ فائدہ اٹھانا اور سڑکوں، ریلوے سمیت دیگر ذرائع سے علاقائی رابطوں کو بہتر بنانا ہے۔

تنظیم میں جنوبی، مغربی اور وسطی ایشیا کے ممالک شامل ہیں۔

ان میں کئی ایسے ممالک بھی ہیں جنہیں سمندر تک براہ راست رسائی حاصل نہیں، اس لیے علاقائی ٹرانسپورٹ اور تجارتی راستوں کی بہتری ان کے لیے خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔

ای سی او کے مجموعی طور پر 10 رکن ممالک ہیں، جن میں پاکستان، ایران، ترکیہ، افغانستان، آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان شامل ہیں۔

یہ ممالک جغرافیائی اعتبار سے جنوبی، مغربی اور وسطی ایشیا کے اہم حصوں پر مشتمل ہیں اور قدرتی وسائل، توانائی، تجارتی راستوں اور علاقائی منڈیوں کے حوالے سے نمایاں اہمیت رکھتے ہیں۔

پاکستان کے لیے ای سی او کی اہمیت اس کے جغرافیائی محل وقوع کے باعث بھی خصوصی ہے، کیونکہ وہ جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مغربی ایشیا کے درمیان تجارتی رابطوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *