پی ایس ایل 2027: ملتان سلطانز کا کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر گوہر شاہ نے اتوار کو ٹیم میں برقرار رکھے جانے والے تمام کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں نمایاں اضافے کا اعلان کیا ہے، حالانکہ لیگ کے قواعد کے تحت فرنچائز انہیں گذشتہ سیزن کی ہی تنخواہ پر برقرار رکھ سکتی ہے۔

گوہر شاہ نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ فرنچائز کے لیے کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے اور گذشتہ سیزن میں بعض کھلاڑیوں کے ساتھ بہتر معاہدے کرنے کے باوجود وہ اپنے برقرار رکھے جانے والے تمام کھلاڑیوں کو اضافی مالی فائدہ دینا چاہتے ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

انہوں نے کہا کہ ’گذشتہ شب ٹیم کے کپتان ایشٹن ٹرنر نے ان سے گفتگو کے دوران ایک اہم نکتے کی نشاندہی کی کہ اگرچہ فرنچائزز کے لیے کھلاڑی ایک کاروباری اثاثہ ہو سکتے ہیں لیکن وہ حقیقی انسان ہیں اور ان کے خاندان بھی ان کی آمدنی پر انحصار کرتے ہیں۔

’کھلاڑیوں کو اپنی زندگی میں پی ایس ایل کھیلنے کے محدود مواقع ملتے ہیں، اس لیے ان مواقع کی قدر کرنا ضروری ہے۔‘

گوہر شاہ نے واضح کیا کہ ملتان سلطانز کھلاڑیوں یا ان کے ایجنٹس کو کسی قسم کی خفیہ ادائیگی یا قواعد سے ہٹ کر اضافی بونس نہیں دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ فرنچائز ایسے کسی غیر شفاف طریقہ کار میں ملوث نہیں ہونا چاہتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو کھلاڑی ٹیم کے لیے کھیلیں گے اور اچھی کارکردگی دکھائیں گے، انہیں ہر ممکن تعاون اور توقعات سے بڑھ کر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

فرنچائز کے سی ای او نے خاص طور پر عارفات منہاس اور عمران رندھاوا جیسے نوجوان کھلاڑیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سیزن میں مواقع کے منتظر رہنے والے ایسے ٹیلنٹ کا بھی خیال رکھا جائے گا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گوہر شاہ کے مطابق ملتان سلطانز کا اس سیزن کا بنیادی ہدف چیمپیئن شپ جیتنا ہے۔

ملتان سلطانز نے 2018 میں پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کے طور پر لیگ میں شمولیت اختیار کی تھی اور 2021 میں پہلی مرتبہ چیمپیئن بنی۔

دوسری جانب انگلینڈ کے سابق آل راؤنڈر بین سٹوکس پی ایس ایل 2027 میں شرکت نہیں کریں گے۔ گوہر شاہ نے بھی ان کی عدم دستیابی کی تصدیق کی ہے۔

سٹوکس کی عدم شرکت کی اطلاعات اس وقت سامنے آئیں جب ان کا نام ملتان سلطانز کے ممکنہ ڈائریکٹ سائننگ کھلاڑیوں میں زیر گردش تھا۔

وہ آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کی نمائندگی کریں گے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *