ٹک ٹاکر کاشف ضمیر پر سی ٹی ڈی اہلکار سے فراڈ کا الزام، دو مقدمات درج

پاکستان کے محکمہ انسداد دہشت گردی کے ایک اہلکار کے مطابق انہوں نے متنازعہ ٹک ٹاکر کاشف ضمیر پر اٹلی بھجوانے کا جھانسہ دے کر 20 لاکھ روپے بٹورنے کے الزام میں دو مقدمات درج کروائے ہیں تاہم تاحال ان سے یہ رقم ریکور نہیں کی جا سکی ہے۔

انسانی سمگلنگ کا چیلنج پاکستان میں تاحال برقرار ہے۔ مختلف ممالک میں سمندر کے ذریعے غیر قانونی طور پر جاتے ہوئے کشتیاں الٹنے کے کئی واقعات میں سینکڑوں پاکستانی جان سے جا چکے ہیں۔

اگرچہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی انسانی سمگلروں کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں، لیکن اب بھی بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے والے متحرک ہیں۔ یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے جس پر حکومتی سطح پر بھی ٹھوس حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔

حال ہی میں ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کی جانب سے سی ٹی ڈی اہلکار کو بیرون ملک بجھوانے کا مبینہ طور پر جھانسہ دے کر 20 لاکھ روپے کی رقم لینے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔

اس بارے میں کراچی میں سی ٹی ڈی کے اہلکار دوست محمد نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’کاشف ضمیر کے ٹک ٹاک دیکھ کر ان سے متاثر ہوا اور سوشل میڈیا پر کئی ماہ پہلے ہماری دوستی ہوگئی۔

’کاشف نے مجھے لاہور بلایا اور معروف شخصیات کے ساتھ سیلفیاں دکھائی۔ ویڈیو کالز کے ذریعے اٹلی میں امیر ترین دوستوں سے بات کرائی۔ مجھے نوکری چھوڑ کر اٹلی بھجوانے پر قائل کیا۔‘

وہ بتاتے ہیں کہ ’اس نے کہا کہ وہاں جاکر وہ مجھے لاکھوں روپے ماہانہ کی ملازمت بھی دلوائے گا۔ ویزہ وغیرہ لگوا کر 24 گھنٹے میں اٹلی بھجوا دیں گے۔

’کاشف نے مجھے 20 لاکھ روپے خرچہ بتایا اور میں نے پیسے جمع کر کے اسے دے دیے۔ لیکن نہ اٹلی بھجوایا اور نہ ہی پیسے واپس کر رہا ہے۔ میں نے لاہور میں دو مقدمات بھی درج کرائے۔ لیکن ابھی تک ایک روپیہ بھی ریکور نہیں ہوا۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس حوالے سے انڈپینڈنٹ اردو نے جب ٹک ٹاکر کاشف ضمیر سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’دوست محمد پولیس اہلکار ہیں جو مجھے بلیک میل کر رہا ہے۔ میں نے ان مقدمات میں عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر لی ہے۔ معاملہ عدالت اور پولیس کے پاس ہے جلد ہی دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔‘

ایس ایس پی انویسٹیگیشن محمد نوید نے انڈپینڈنٹ کو بتایا کہ ’پولیس کو کوئی بھی درخواست دے تو مقدمہ درج کر کے قانون کے مطابق کارروائی ہمارا فرض ہوتا ہے۔ اس کیس میں بھی مقدمات درج ہو چکے ہیں۔ قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔‘

دوست محمد کے بقول، ’سوشل میڈیا سٹار ہونے کی وجہ سے کاشف نے مجھے سبز باغ دکھا کر لوٹا ہے۔ میں نے اس لیے یقین کیا کہ اتنا معروف سونے کی چینیں پہن کر ویڈیوز بنانے والا فراڈ کیسے کرسکتا ہے۔‘

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ’ان سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی چمک دمک دیکھ کر متاثر نہ ہوں ورنہ کسی کے ساتھ بھی فراڈ ہوسکتا ہے۔ کاشف اپنا اثر و رسوخ استعمال کر کے قانون سے بچ رہا ہے۔‘

ٹک ٹاکر کاشف ضمیر اس وقت سے خبروں میں ہیں جب انہوں نے ترکی کے معروف اداکار انجن آلتان کے ساتھ اشتہار کا جھانسہ دے کر فراڈ کیا تھا۔

پولیس نے انہیں اس واقعے کے بعد مقمدمہ درج ہونے پر گرفتار کر لیا تھا۔ اس کے بعد 2025 میں پولیس اہلکار کو ویڈیوز میں اپنا ذاتی ملازم بنا کر ویڈیوز بنانے اور وائرل کرنے پر انہیں گرفتار کیا جا چکا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *