سعودی عرب جانے والے پاکستانی فوجی دستوں کے اعزاز میں الوداعی تقریب

پاکستان فوج کے مطابق سعودی عرب جانے والے فوجی دستوں کے لیے ہفتے کو الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جو طے شدہ معاہدوں، دفاعی تعاون کے فریم ورک کے تحت سعودی سرزمین میں ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اتوار کو ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ فوجی دستوں کی تعیناتی دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ سٹریٹیجک شراکت داری اور برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے۔ 

بیان کے مطابق: ’یہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا مظہر بھی ہے۔ پاکستان سعودی عرب کی سکیورٹی اور حرمین شریفین کے تقدس کے تحفظ کے لیے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔‘

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فوجی دستے طے شدہ وعدوں اور دفاعی تعاون کے قائم شدہ طریقہ کار کے تحت سعودی عرب کی حدود میں اپنی تفویض کردہ ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

بیان کے مطابق ابھرتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر فوجی دستوں کی تعیناتی سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتیں مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید بتایا کہ تقریب میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور تزویراتی تعاون کی مضبوطی اجاگر ہوئی۔ اس موقع پر سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں اس کا ساتھ دینے کے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

تقریب میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔

پاکستان میں سعودی عرب کے سفیرڈاکٹر راجح بن طامي البقمي  پاکستان فوج کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عمر بشیر بھی تقریب میں موجود تھے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *