خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے چھ رکن ممالک نے ایران کے حملوں کے بعد کویت میں مشترکہ فوجی کمانڈ قائم کرنے اور وہاں اپنی افواج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد خطے کو درپیش سکیورٹی خطرات سے مشترکہ طور پر نمٹنا ہے۔
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے منگل کو بتایا کہ یہ فیصلہ بحرین کے دارالحکومت منامہ میں مشترکہ دفاعی کونسل کے 23 ویں اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت بحرین کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ بن حسن النعیمی نے کی۔
جاسم محمد البدیوی کے مطابق کویت میں قائم کی جانے والی مشترکہ فوجی کمانڈ جی سی سی کی متحدہ ملٹری کمانڈ کے تحت کام کرے گی جس میں کونسل کے چھ رکن ممالک کی مسلح افواج شامل ہیں۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن یہاں
مشترکہ فوجی کمانڈ قائم کرنے کا مقصد کیا ہے؟
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل نے بتایا کہ وزرائے دفاع کا اجلاس اپریل میں سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہونے والے خلیجی رہنماؤں کے غیر معمولی اجلاس کی ہدایات کے تحت منعقد کیا گیا۔
ان کے مطابق اس اجلاس کا مقصد رکن ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مضبوط بنانا اور مشترکہ خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ کرنا تھا۔
معالي الأمين العام لمجلس التعاون @jasemalbudaiwi: أقرَّ أصحاب السمو والمعالي والسعادة وزراء الدفاع، خلال اجتماعهم اليوم، فتح قيادة متقدمة للقيادة العسكرية الموحدة في دولة الكويت وتخصيص قوات مناسبة لها. @modgovae @BDF_Bahrain @modgovksa @MG_MOD_OMAN @MOD_Qatar @KuwaitArmyGHQ https://t.co/sqCdg9YCZU #مجلس_التعاون
— مجلس التعاون (@GCCSG) November 10, 2026
جاسم محمد البدیوی نے ایرانی حملوں کے جواب میں خلیجی ممالک کی افواج کے درمیان تعاون اور رابطہ کاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خلیجی ممالک کی سلامتی ایک مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے خلیجی ممالک پر ایرانی حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ان حملوں کے نتیجے میں شہری مقامات اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔
سیکریٹری جنرل نے رکن ممالک کی مسلح افواج کی خدمات کو سراہا، حملوں میں مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
سعودی عرب پر حوثی حملوں کی بھی مذمت
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں، جن میں مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی کوششیں بھی شامل تھیں، کی مذمت کی۔
انہوں نے ان حملوں کو سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جاسم محمد البدیوی نے کہا کہ ’خلیج تعاون کونسل کے تمام رکن ممالک سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور اپنی سلامتی، استحکام اور علاقائی خودمختاری کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کے تمام اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب کی سلامتی تمام خلیجی ممالک کی سلامتی کا لازمی حصہ ہے۔‘
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل کے مطابق منامہ میں ہونے والے اجلاس میں دفاعی تعاون سے متعلق مزید فیصلے بھی کیے گئے ہیں جن کا مقصد رکن ممالک کے درمیان فوجی رابطہ کاری اور مشترکہ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینا ہے۔
