بلوچستان ہائی کورٹ نے منگل کو نو سال قبل کوئٹہ میں گاڑی کی ٹکر سے ٹریفک پولیس اہلکار کی موت کے مقدمے میں سابق رکن صوبائی اسمبلی اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سابق چیئرمین عبدالمجید خان اچکزئی کی بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں 10 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی ہے۔
عدالت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے قریبی رشتہ دار اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹری عبدالمجید اچکزئی کی فوری گرفتاری کے لیے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے اور انہیں سزا بھگتنے کے لیے جیل بھیجنے کا حکم بھی دیا ہے۔
یہ مقدمہ 20 جون 2017 کو کوئٹہ کے زرغون روڈ پر جی پی او چوک میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق ہے جس میں ڈیوٹی پر موجود ٹریفک سارجنٹ حاجی عطااللہ کی ایک تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موت ہو گئی تھی۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن یہاں
ستمبر 2020 میں ٹرائل کورٹ نے مجید اچکزئی کو عدم ثبوت کی بنیاد پر بری کردیا تھا تاہم اب بلوچستان ہائی کورٹ نے سرکاری اپیل منظور کرتے ہوئے یہ فیصلہ تبدیل کردیا ہے۔
جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جسٹس عبدالقیوم لہڑی پر مشتمل بلوچستان ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے عبدالمجید اچکزئی کی بریت کے خلاف حکومت کی جانب سے دائر اپیل کی سماعت کی۔
عدالت نے اپیل منظور کرتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج ششم اور ماڈل کریمنل ٹرائل کورٹ دوم کوئٹہ کا چار ستمبر 2020 کو سنایا گیا بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
عدالت عالیہ نے عبدالمجید اچکزئی کو تیز رفتاری، غفلت اور لاپروائی سے گاڑی چلاتے ہوئے ٹریفک سب انسپکٹر حاجی عطااللہ کی موت کا سبب بننے پر تعزیرات پاکستان کی دفعہ 320 کے تحت مجرم قرار دیا اور 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی۔
عدالت نے مجرم کو مقتول کے قانونی ورثا کو دیت کی رقم ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔
اس کے علاوہ ایڈیشنل سیشن جج ششم کوئٹہ کو ہدایت کی گئی کہ ضمانت پر موجود عبدالمجید اچکزئی کی فوری گرفتاری کے لیے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے جائیں اور متعلقہ حکام قانون کے مطابق ان پر فوری عمل درآمد یقینی بنائیں۔
20 جون 2017 کو کوئٹہ میں کیا ہوا تھا؟
20 جون 2017 کو کوئٹہ کے مصروف علاقے زرغون روڈ پر جی پی او چوک میں ڈیوٹی انجام دینے والے ٹریفک سارجنٹ حاجی عطااللہ کو ایک تیز رفتار سرکاری لینڈ کروزر، جس کا رجسٹریشن نمبر BD-4381 تھا، نے ٹکر مار دی تھی۔
حادثے میں حاجی عطااللہ شدید زخمی ہوئے اور انہیں سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔
اس واقعے میں ایک سائیکل سوار عبدالغفور بھی زخمی ہوا تھا۔
مجید اچکزئی پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے ٹریفک پولیس اہلکار کی جانب سے رکنے کا اشارہ کیے جانے کے باوجود گاڑی نہیں روکی اور اسے ٹکر مار دی۔
ابتدائی طور پر سول لائنز پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف ٹریفک حادثے کا مقدمہ درج کیا تھا تاہم واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد معاملے نے غیر معمولی توجہ حاصل کی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد گرفتاری
واقعے کے پانچ روز بعد، 25 جون 2017 کو پولیس نے عبدالمجید اچکزئی کو کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کرلیا تھا۔
گرفتاری سے قبل مجید اچکزئی نے ایک ٹی وی انٹرویو میں تسلیم کیا تھا کہ واقعے کے وقت گاڑی وہ خود چلا رہے تھے تاہم انہوں نے اسے ایک حادثہ قرار دیا تھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ متاثرہ خاندان کے ساتھ قبائلی روایات کے مطابق معاملہ طے کرنا چاہتے ہیں۔
پولیس نے واقعے کے بعد ان کے خلاف قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے تھے۔
ضمانت، تین سال مقدمے کی سماعت اور پھر بریت
29 دسمبر 2017 کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مجید اچکزئی کی ضمانت منظور کرلی تھی جس کے بعد انہیں جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔
بعد ازاں ثبوت ناکافی ہونے کی بنیاد پر مقدمے سے دہشت گردی کی دفعہ ختم کردی گئی اور کیس کو ماڈل کریمنل ٹرائل کورٹ منتقل کردیا گیا۔
تقریباً تین سال تک مقدمے کی سماعت جاری رہنے کے بعد چار ستمبر 2020 کو کوئٹہ کی ماڈل کورٹ کے جج دوست محمد مندوخیل نے عدم ثبوت کی بنیاد پر عبدالمجید اچکزئی کو بری کردیا تھا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تاہم سرکاری استغاثہ نے اس فیصلے کو بلوچستان ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جہاں اپیل کی سماعت کے بعد اب بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر انہیں سزا سنائی گئی ہے۔
مجید اچکزئی کون ہیں؟
عبدالمجید خان اچکزئی پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما اور سابق رکن بلوچستان اسمبلی ہیں۔
وہ 2013 کے عام انتخابات میں بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 13 سے پارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے۔ وہ بلوچستان اسمبلی میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں اور اس وقت پارٹی کے صوبائی سیکرٹری کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
عبدالمجید اچکزئی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے قریبی رشتہ دار بھی ہیں۔
بلوچستان ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد 2017 میں پیش آنے والے اس واقعے کا مقدمہ ایک نئے قانونی مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔
عدالت نے نہ صرف سات سال سے زائد عرصہ قبل سنائی گئی بریت ختم کردی ہے بلکہ مجید اچکزئی کی فوری گرفتاری، 10 سال قید بامشقت اور مقتول کے ورثا کو دیت کی ادائیگی کا حکم بھی دیا ہے۔
