بلوچستان اسمبلی نے صوبے کے سرکاری پرائمری سکولوں میں بنیادی عربی زبان لازمی مضمون کے طور پر متعارف کرانے کی قرارداد وزیر تعلیم کے تحفظات کے باوجود جمعے کو منظور کر لی ہے۔
بلوچستان اسمبلی میں جمعیت علما اسلام کی خاتون رکن شاہدہ رؤف نے ایک قرارداد کے ذریعے صوبے کے سرکاری پرائمری سکولوں میں بنیادی عربی زبان کو لازمی مضمون کے طور پر متعارف کرانے کی سفارش کی۔
قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ تعلیم کا مقصد صرف نصابی کتابوں کا علم فراہم کرنا نہیں بلکہ بچوں کی علمی، اخلاقی، ثقافتی اور فکری نشوونما کو یقینی بنانا بھی ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
اس تناظر میں قرآن پاک کی تعلیمات اور ان کے فہم کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے بنیادی عربی زبان کی تعلیم کو تعلیمی نظام کا حصہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
وزیر تعلیم بلوچستان راحیلہ درانی نے قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے پہلے ہی ایکٹ کے ذریعے پہلی سے پانچویں کلاس تک ناظرہ اور چھٹی کلاس سے 12 ویں کلاس تک مکمل قرآن کو ترجمے کے ساتھ پڑھانے کا فیصلہ کر چکی ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا کہ ہماری حکومت نے قانون سازی کے تمام سکولوں کی پرائمری کلاسز میں پشتو، بلوچی، براہوی، سندھی اور فارسی زبانوں کو لازمی کورس کے طور پر شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
جس پر عمل درآمد نہیں کیا جاسکا اس لیے ضروری ہے کہ عربی زبان کے کورس کے ساتھ ساتھ مادری زبانوں کو بھی شامل کیا جائے۔
وزیر تعلیم بلوچستان راحیلہ درانی نے قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ موجودہ حکومت پہلے ہی فیصلہ کر چکی ہے کہ پہلی سے پانچویں کلاس تک ناظرہ اور چھٹی کلاس سے بارہویں کلاس تک قرآن مجید کو ترجمہ کے ساتھ پڑھایا جائے گا۔ اس لیے مزید قراداد کی ضرورت نہیں ہے۔
اجلاس کی صدارت کرنے والی ڈپٹی سپیکر غزالہ گولہ نے قرار داد منظوری کے لیے ایوان میں پیش کی۔ ایوان نے متفقہ طور پر قرار داد کی منظوری دے دی۔
