اسلام آباد ہائی کورٹ نے جمعہ کو وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 21 اکتوبر 2026 کے مختصر فیصلے اور الیکشن کا شیڈول معطل کر دیا ہے۔
عدالت نے درخواست گزار چوہدری امجد علی کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دائر درخواست پر الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 26 نومبر 2026 تک تفصیلی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔
عدالت نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات رکوانے اور انتخابی شیڈول معطل کرنے سے متعلق دائر درخواستوں کو قابل سماعت قرار دیا ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
جسٹس عمیر مجید ملک نے درخواستوں پر سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کیا ہے جس میں فریقین کو 26 نومبر کے لیے نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی گئی۔
عدالت نے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول آئندہ سماعت تک معطل رکھنے کا حکم دیا ہے۔
درخواست گزار کے وکلا نے موقف اپنایا کہ ’آئین پاکستان کے آرٹیکل 140۔اے، 218 اور 219 الیکشن کمیشن پر یہ آئینی ذمہ داری عائد کرتے ہیں کہ وہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ایمانداری، منصفانہ، شفافیت اور قانون کے مطابق یقینی بنائے۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سماعت کے دوران وکلا نے بتایا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کا قانونی فریم ورک الیکشنز ایکٹ 2017 اور اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 فراہم کرتا ہے۔
اصل لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت اسلام آباد کی حدود میں ایک میٹروپولیٹن کارپوریشن اور 125 یونین کونسلیں قائم کی گئی تھیں اور ہر یونین کونسل کو نو وارڈز میں تقسیم کیا گیا تھا۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ لازمی حلقہ بندیوں کے بغیر انتخابات کا انعقاد آئین کے آرٹیکل 218 کی خلاف ورزی ہے اور اس سے عمومی فنڈز بلاوجہ ضائع ہوں گے، لہذا 21 اکتوبر کے فیصلے اور الیکشن شیڈول کالعدم قرار دیا جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان تمام قانونی نکات کو قابل غور قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ اور الیکشن شیڈول معطل کر دیا اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی تفصیلی سماعت 26 نومبر 2026 تک ملتوی کر دی۔
