پاکستان 2050 تک دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بن سکتا ہے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان 2050 سے پہلے دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں اس ہدف کے حصول کے لیے 2075 کا سال متوقع قرار دیا گیا تھا تاہم پاکستان اس سے کہیں پہلے یہ مقام حاصل کر سکتا ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے گولڈمین سیکس کے اس جائزے کا حوالہ دیا جس میں پاکستان کے 2075 تک دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بننے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

شہباز شریف نے کہا کہ وہ اس پیش گوئی میں ترمیم کرتے ہوئے کہنا چاہیں گے کہ پاکستان 2075 کے بجائے 2050 سے پہلے ہی دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بن جائے گا۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم جمعرات کو شروع ہوا، جس میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے پاکستان کے معدنی وسائل پیش کیے جا رہے ہیں۔ ان میں کوئلہ، نمک، سونا اور دیگر اہم معدنیات شامل ہیں۔

فورم کے ذریعے حکومت نے سرمایہ کاروں کو سازگار اور قابلِ پیش گوئی پالیسیوں، ادارہ جاتی تعاون اور سکیورٹی کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

معدنی ذخائر کی تلاش پر توجہ

فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان اب ایسے معدنی ذخائر کی تلاش کو ترجیح دے رہا ہے جو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے تزویراتی اہمیت رکھتے ہیں۔

ان کے مطابق اس مقصد کے لیے جدید جیوکیمیکل اور جیو فزیکل سروے، معدنی ذخائر کی تلاش کے لیے ڈرلنگ اور ارضیاتی تحقیق کی جدید تجربہ گاہوں کو جدید تجزیاتی ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کی توجہ مختلف علاقوں میں معدنیات کی تلاش پر مرکوز ہے، جن میں چاغی اور مغربی بلوچستان میں تانبے اور سونے، گلگت بلتستان میں لیتھیم، ٹن اور ٹنگسٹن جبکہ خیبر پختونخوا میں اینٹی منی اور دیگر بنیادی دھاتوں کے ذخائر شامل ہیں۔

وزیرِ پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ پاکستان اب تک اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے خام معدنیات برآمد کرتا اور ان سے تیار ہونے والی مصنوعات درآمد کرتا رہا ہے، تاہم اب اس طریقہ کار کو تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تانبے کو پگھلا کر تیار شدہ دھات میں تبدیل کرنے کی صلاحیت بڑھائی جا رہی ہے تاکہ کان سے تیار شدہ مصنوعات تک پیداواری عمل کے زیادہ مراحل پاکستان میں مکمل ہوں اور اس سے حاصل ہونے والی معاشی قدر بھی ملک کے اندر برقرار رہے۔

معدنی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال

علی پرویز ملک نے کہا کہ جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے ذریعے معدنی شعبے کی سائنسی بنیادوں کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔

ان کے بقول حکومت کے جغرافیائی نقشہ سازی کے تیز رفتار پروگرام کے تحت 1:50,000 کے پیمانے پر تفصیلی سروے کیے جا رہے ہیں، جن سے ملک بھر میں معدنی ذخائر کے ممکنہ مقامات کی نشاندہی میں مدد مل رہی ہے۔

انہوں نے برطانیہ پاکستان جیو سائنس استعداد کار بڑھانے کے پروگرام سمیت بین الاقوامی تکنیکی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے ڈیجیٹل نقشہ سازی، فضائی سروے اور معدنی ذخائر کے تجزیے میں مہارت بڑھائی جا رہی ہے۔

وزیر کے مطابق کئی دہائیوں کے ارضیاتی ریکارڈ کو بھی ڈیجیٹل شکل دی جا رہی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو مستند معلومات تک رسائی حاصل ہو، معدنی ذخائر کی تلاش میں غیر یقینی صورت حال کم ہو اور سرمایہ کاری کے فیصلے بہتر معلومات کی بنیاد پر کیے جا سکیں۔

معدنی منصوبوں کے لیے بنیادی ڈھانچے کی ضرورت

وزیرِ پیٹرولیم نے واضح کیا کہ کسی علاقے میں معدنی ذخائر دریافت کر لینا کافی نہیں، بلکہ وہاں کان کنی کو تجارتی طور پر کامیاب بنانے کے لیے بجلی، پانی، سڑکوں، ریلوے اور عالمی منڈیوں تک رسائی بھی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی ضرورت کے پیش نظر بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو معدنی شعبے کے منصوبوں کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے۔

اس ضمن میں روہڑی۔نوکنڈی ریلوے کوریڈور کی مجوزہ اپ گریڈیشن، پورٹ قاسم سے رابطے اور ریکوڈک کے اطراف معاون بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کو اہم منصوبے قرار دیا گیا۔ ان اقدامات کا مقصد معدنی وسائل سے مالا مال علاقوں کو عالمی منڈیوں سے جوڑنا ہے۔

علی پرویز ملک کے مطابق حکومت صرف الگ الگ کانیں قائم کرنے کے بجائے ایک ایسا مربوط، مسابقتی اور پائیدار معدنی شعبہ تشکیل دینا چاہتی ہے جو ملکی معیشت میں زیادہ حصہ ڈال سکے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ جہاں تجارتی اور تکنیکی طور پر ممکن ہو، وہاں سرمایہ کاری کے ذریعے معدنیات کی پراسیسنگ، ریفائننگ، متعلقہ صنعتوں کے قیام، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور عالمی پیداواری و تجارتی نظام کا حصہ بننے پر توجہ دی جائے گی۔

نوجوانوں اور خواتین کے لیے مواقع

وزیرِ پیٹرولیم نے کہا کہ معدنی صنعت کی ترقی کے ساتھ پاکستان میں تکنیکی مہارتوں، پیشہ ورانہ تربیت اور انجینیئرنگ خدمات کو بھی فروغ دینا حکومت کے مقاصد میں شامل ہے۔

ان کے مطابق پاکستانی سپلائرز کی صلاحیت بڑھانے کے علاوہ نوجوانوں کے لیے روزگار اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع پیدا کیے جائیں گے، جبکہ خواتین کو بھی اس شعبے میں کام کرنے کے مواقع فراہم کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

تاہم، انہوں نے زور دیا کہ معدنی منصوبوں کی کامیابی کے لیے متعلقہ علاقوں کی مقامی آبادیوں کا اعتماد حاصل کرنا ناگزیر ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ ان کے تجربے کے مطابق وہی منصوبے عملی شکل اختیار کرتے اور طویل عرصے تک برقرار رہتے ہیں جنہیں اپنے گردونواح میں آباد آبادیوں کا اعتماد اور تعاون حاصل ہو۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *