پاکستان کے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اسلام آباد کو 31 دسمبر 2026 تک پاکستان کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ریڑھی والے سے لے کر فائیو سٹار ہوٹل تک تمام ادائیگیاں بینک کارڈز اور موبائل سے ہوا کریں گی۔
منصوبے کے تحت یکم دسمبر سے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری انتظامیہ اور سی ڈی اے کے دفاتر نقد ادائیگیاں وصول نہیں کریں گے جبکہ شہر کے تمام تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا یہ ممکن ہے اور اس کے فائدے اور نقصانات کیا ہو سکتے ہیں؟
کیش لیس معیشت کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ ہر لین دین کا ڈیجیٹل ریکارڈ موجود ہوسکتا ہے۔ اس سے کاروباری سرگرمیوں کو دستاویزی شکل دینے، ٹیکس چوری کی نشاندہی، سرکاری آمدن میں اضافے اور مالیاتی شفافیت بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
ایک بڑا فائدہ کرپشن میں کمی کی صورت میں ہو سکتا ہے۔جب ہر ٹرانزیکشن کا ریکارڈ ہو گا تو ذرائع آمدن میں غلط بیانی کے امکانات کم ہو سکتے ہیں۔ شہریوں کو نقد رقم ساتھ رکھنے، گننے اور محفوظ کرنے کی ضرورت بھی کم ہوگی۔ کاروباری اداروں کے لیے ادائیگیوں کی وصولی اور حساب کتاب نسبتاً آسان ہو سکتا ہے۔
بین الاقوامی سطح پر پاکستانی معیشت کا مثبت امیج مزید بہتر ہو سکتا ہے۔ کیونکہ تقریباً تمام ترقی یافتہ ممالک اس ماڈل کو اپنا چکے ہیں۔
لیکن اس نظام کے کچھ نقصانات اور خطرات بھی نظر انداز نہیں کیے جا سکتے۔ پاکستان میں اب بھی بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جن کے پاس بینک اکاؤنٹ، سمارٹ فون یا انٹرنیٹ کی سہولت موجود نہیں ہے۔
دیہاڑی دار مزدور، ریڑھی بان، چھوٹے دکان دار اور بزرگ شہری ڈیجیٹل نظام اپنانے میں مشکلات محسوس کر سکتے ہیں۔ اگر بینک ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز پر چارجز عائد کریں تو چھوٹے کاروباروں کی لاگت بڑھ سکتی ہے۔
پاکستان اور خصوصا اسلام آباد میں سیاسی، سکیورٹی اور کبھی تکنیکی وجہ سے انٹرنیٹ کی بندش کا مسئلہ رہتا ہے۔ ایسے حالات میں اچانک دارالحکومت کو مکمل طور پر کیش لیس ٹرازیکشنز پر منتقل کرنے سے مسائل جنم لے سکتے ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سرکار کے مطابق اسلام آباد میں اب تک تقریباً 26 ہزار تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک کیا جا چکا ہے۔لیکن دکان پر کیو آر کوڈ لگا دینا اور وہاں روزانہ کاروبار کا ڈیجیٹل ہونا دو مختلف باتیں ہیں۔
اس کے علاوہ ڈیجیٹل سائبر جرائم کی روک تھام پاکستان کے لیے ایک بڑا مسئلہ ہے۔ این سی سی آئی اے کے پاس ہزاروں کیسز زیرالتوا ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق صرف لاہور میں ایک آئی او (انویسٹی گیشن آفیسر ) کے پاس آٹھ ہزار سے زیادہ کیسز لگے ہوئے ہیں۔ اگر ہر روز ایک کیس مکمل طور پر حل کر دیا جائے اور نئے کیسز آنا بند ہو جائیں تو ایک آئی او کے پاس تمام کیسز ختم ہونے میں تقریباً 21 سال درکار ہوں گے۔
یہ ہی وجہ ہے کہ متاثرین کو ڈیجیٹل فراڈ کے بعد انصاف ملنے کے امکانات بہت کم سمجھے جاتے ہیں۔ اگر کسی کے ساتھ ڈیجیٹل مالی فراڈ ہو جائے تو اسے عمومی طور پر یہ ہی مشورہ دیا جاتا ہے کہ بھائی آپ ان پیسوں کو بھول جاؤ، یہ اب نہیں ملنے۔
خالد (فرضی نام) کے ساتھ دو سال قبل پونے دو لاکھ روپے کا ڈیجیٹل فراڈ ہوا۔انہوں نے این سی سی آئی اے میں درخواست دی۔ معلوم ہوا کہ مظفرگڑھ کی غریب خواتین کے نام پر ایزی پیسہ اکاؤنٹ کھلوائے گئے۔ خواتین کو اس بارے میں کچھ علم نہیں تھا۔ نہ دکان دار ابھی تک گرفتار ہو سکا اور نہ ایزی پیسہ سے رقم نکلوانے والوں کا کچھ پتہ چل سکا۔ خالد صاحب این سی سی آئی اے کے چکر لگا لگا کر تھک گئے ہیں لیکن ابھی تک رقم نہیں مل سکی۔ اب وہ تھک چکے ہیں اور یہ مان لیا ہے کہ یہ رقم واپس نہیں مل سکتی۔ یہاں تک کہ ایک آفیسر نے بھی کہہ دیا ہے کہ اب یہ رقم ملنا مشکل ہے۔ اس طرح کے ہزاروں متاثرین موجود ہیں۔
کیش لیس اکانومی وقت کی اہم ضرورت ہے لیکن اس کے ساتھ اگر سکیورٹی نہیں دی جائے گی تو اس کے فائدے سے زیادہ نقصانات ہو سکتے ہیں۔کیش لیس اکانومی ایک ایسا محاذ ہے جس پر جیتنے کے لیے تمام ہتھیاروں کے ساتھ اترنا ضروری ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جنوری 2026 میں قومی اسمبلی کو فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق این سی سی آئی اے کو 81 ہزار 996 مالیاتی فراڈ کی درخواستین ملیں۔صرف 10 ہزار 756 انکوائریاں شروع ہوئیں اور 851 مقدمات درج ہوئے۔ مالیاتی فراڈ 2 ارب 71 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کے تھے اور صرف 45 کروڑ 23 لاکھ روپے کی ریکوری ہو سکی۔ یعنی متاثرین کی مجموعی رقم کا تقریباً 17 فیصد ہی واپس حاصل کیا جا سکا ہے۔ ایسی غیر یقینی صورت حال میں عوامی سطح پر عمل درآمد مشکل ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے ’ایس ایم ای کنیکٹ‘ کے نام سے ایک مرکزی ڈیجیٹل پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد پاکستان بھر میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے لیے مالی معاونت تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔ مزید برآں، سٹیٹ بینک نے ’ویژن 2028‘ میں طے کیے گئے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے ایجنڈے کے ساتھ ساتھ وزیراعظم کے ’کیش لیس پاکستان‘ اقدام کی معاونت کے ذریعے ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ کا عمل بھی جاری رکھا ہوا ہے۔
دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی اکثریت کیش لیس اکانومی ماڈل اپنا چکی ہیں۔ چائنا میں تقریباً 79 فیصد ادائیگیاں ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ہوتی ہیں۔ انڈیا اور چین میں ریڑھی لگانے کے لیے بینک اکاؤنٹ کھولنا اور اسے یونیفائیڈ پیمنٹ انٹرفیس (یو پی آئی) سسٹم سے منسلک کرنا لازمی ہے۔اسلام آباد میں بھی اس ماڈل کو فالو کیا جا سکتا ہے۔
کیش لیس اسلام آباد منصوبہ ممکن ہے۔ لیکن پاکستان میں مسئلہ یہ ہے کہ سرکاری سطح پر اعلان تو بہت ہوتے ہیں مگر منصوبے وقت پر مکمل نہیں ہوتے۔ لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ اگر اسلام آباد کا کیش لیس ماڈل کامیاب ہو گیا تو اسے پورے ملک میں نافذ کرنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا اور ملک کی معاشی سمت تبدیل ہو سکتی ہے۔
نوٹ: یہ تحریر مصنف کی رائے پر مبنی ہے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔
