پاکستان کی جمہوریت کا غائب ستون

پنجاب اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، جہاں پاکستان کی 24 کروڑ 10 لاکھ آبادی میں سے نصف سے زیادہ لوگ رہتے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں دسمبر جبکہ ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں فروری میں انتخابات ہوں گے۔ یہ انتخابی عمل دنیا کی بیشتر جمہوریتوں کے قومی انتخابات سے بھی بڑا ہوگا۔ مگر تضاد یہ ہے کہ یہ انتخابات کئی سال پہلے ہو جانے چاہیے تھے اور اقتدار میں آنے والی یکے بعد دیگرے سیاسی جماعتیں انہیں بار بار ملتوی کرتی رہی ہیں۔

ستم ظریفی یہ ہے کہ پاکستان بھر میں پانچ مرتبہ بلدیاتی انتخابات بیک وقت ہوئے اور یہ تمام انتخابات فوجی ادوار میں منعقد ہوئے۔ یہ انتخابات 1979، 1983، 1987، 2002 اور 2005 میں ہوئے۔ اس کے برعکس وہ سیاسی جماعتیں، جو قومی سطح پر جمہوریت کے لیے بھرپور مہم چلاتی ہیں، حتیٰ کہ فوجی حکومتوں کے خلاف بھی جدوجہد کرتی ہیں، مقامی سطح پر مسلسل جمہوریت کی مزاحمت کرتی رہی ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن اکیلے ہی ملک میں ہونے والے 12 عام انتخابات میں سے آٹھ کے بعد کامیاب ہو کر حکومتیں بنا چکی ہیں۔

اس تضاد کو طاقت کے تناظر میں بہتر طور پر سمجھا جا سکتا ہے۔ قومی اور صوبائی انتخابات سیاسی جماعتوں کو حکومت پر اختیار دیتے ہیں، جبکہ بااختیار بلدیاتی کونسلیں ان جماعتوں سے تقاضا کرتی ہیں کہ وہ یہ اختیار، اور بڑی جدوجہد سے حاصل کیے گئے مالی وسائل بھی، دوسروں کے ساتھ بانٹیں۔ بظاہر جمہوریت سے وابستگی میں نظر آنے والا یہ تضاد دراصل اختیار، وسائل اور سیاسی اثر و رسوخ اپنے ہاتھ میں رکھنے کی ایک مستقل ترغیب کی عکاسی کرتا ہے۔

اس معاملے کا حجم اسے محض ایک انتظامی بے قاعدگی سے کہیں بڑا بنا دیتا ہے۔ 2024 کے عام انتخابات میں 12 کروڑ 85 لاکھ شہری ووٹ ڈالنے کے لیے رجسٹرڈ تھے، جن میں سے 6 کروڑ 12 لاکھ، یعنی 48 فیصد نے قومی اسمبلی اور چار صوبائی اسمبلیوں کی 1,085 نشستوں کے لیے ووٹ ڈالے۔ مقامی جمہوریت اس سے کہیں بڑے پیمانے پر کام کرتی ہے۔ اگر ملک بھر میں انتخابات کرائے جائیں تو یہ ہی ووٹر 11 ہزار سے زیادہ یونین کونسلوں کی اندازاً 1 لاکھ 40 ہزار نشستوں کے لیے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔

منتخب بلدیاتی کونسلیں سیاسی جواز کے ایسے متبادل مراکز قائم کر سکتی ہیں جو اقتدار میں موجود جماعتوں کے اثر و رسوخ کو محدود کر دیں۔ اپنے انتخابی مینڈیٹ کے حامل میئرز اور کونسلرز کو خدمات یا ترقیاتی اخراجات کے لیے مکمل طور پر صوبائی قانون سازوں پر انحصار کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ چنانچہ صوبائی اور وفاقی قانون سازوں اور ان کی جماعتوں کے لیے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا مطلب تقرریوں، بجٹ اور سیاسی سرپرستی پر اپنا کنٹرول کھونا ہو سکتا ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں تاخیر ایک ایسے نظام کو برقرار رکھتی ہے جس میں شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ سطح کے سیاسی واسطہ کاروں سے رجوع کرنا پڑتا ہے، جس سے وہ اشرافیہ کے مفادات کے سامنے کمزور پڑ جاتے ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انتخابات میں تاخیر کا معمول کا طریقہ یہ ہے کہ صوبائی بلدیاتی قوانین میں بار بار ترامیم کی جائیں، جس کے نتیجے میں کونسلوں کی حدود ازسرنو متعین کرنا ضروری ہو جاتا ہے، اور ہر بار یہ عمل کئی ماہ لیتا ہے۔ اگرچہ یہ طریقہ قانونی حدود کے اندر ہوتا ہے، لیکن اس کے ذریعے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو عملی طور پر چکر دے دیا جاتا ہے، کیونکہ اسے ہر مرتبہ انتخابی تیاریوں کا عمل نئے سرے سے شروع کرنا پڑتا ہے۔ بظاہر انتظامی نوعیت کے فیصلے بالآخر اس بات کا تعین کرنے لگتے ہیں کہ مقامی نمائندگی سرے سے موجود بھی ہوگی یا نہیں۔

اسلام آباد ہی کو دیکھ لیجیے۔ یہاں آخری بلدیاتی انتخابات 2015 میں ہوئے تھے اور منتخب کونسلوں نے 2021 میں اپنی مدت پوری کی۔ اب شہر نے مقامی نمائندگی کے ساتھ جتنا عرصہ گزارا، اس سے زیادہ عرصہ اس کے بغیر گزار چکا ہے، جبکہ نئے انتخابات کے لیے قانون میں مقرر 120 روز کی مدت گزرے بھی پانچ سال سے زیادہ ہو چکے ہیں۔ بالآخر انتخابات 20 دسمبر کو طے کیے گئے ہیں۔ مسئلہ محض انتخابات میں تاخیر کا نہیں بلکہ عوامی جواب دہی میں ایک طویل تعطل کا ہے۔

اسی طرح پنجاب میں بھی آخری براہ راست بلدیاتی انتخابات 2015 میں ہوئے تھے اور وہاں کی کونسلوں کی مدت 2021 میں ختم ہو گئی تھی۔ اب انتخابات 7 فروری 2027 کو ہونے ہیں، یعنی گذشتہ انتخابات کے 11 سال سے بھی زیادہ عرصے بعد۔ خیبر پختونخوا میں دسمبر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات بھی گذشتہ ہفتے صوبے میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور اسمبلی کی معطلی کے بعد ایک بار پھر ملتوی کر دیے گئے۔ سندھ اور بلوچستان، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاوہ، میں آخری بلدیاتی انتخابات 2023 میں ہوئے تھے، اور وہ بھی تاخیر کے بعد۔

تو پھر پاکستان اپنی جمہوریت میں موجود اس خلا کو کیسے پُر کر سکتا ہے؟ ملک میں بلدیاتی حکومت کے لیے آئینی بنیاد کی کمی نہیں۔ آئین کا آرٹیکل 140-اے صوبوں کو پابند کرتا ہے کہ وہ بلدیاتی حکومتیں قائم کریں اور سیاسی، انتظامی اور مالی ذمہ داریاں منتخب نمائندوں کو منتقل کریں۔ الیکشن ایکٹ پہلے ہی یہ تقاضا کرتا ہے کہ کسی بلدیاتی حکومت کی مدت ختم ہونے کے 120 روز کے اندر انتخابات کرائے جائیں۔ ایک اور نئی حتمی تاریخ تجویز کرنا اصل مسئلے سے صرفِ نظر کے مترادف ہوگا۔ مرکزی مسئلہ یہ ہے کہ ان تقاضوں سے بچ نکلنے کے خلاف موثر تحفظات موجود نہیں۔

اس کے حل بظاہر بہت سادہ ہیں: قومی انتخابی دور کے ماڈل کی پیروی کی جائے۔ بلدیاتی انتخابات کے لیے 120 روز کی مدت کو آئینی تحفظ دیا جانا چاہیے۔ فی الحال اسے یہ تحفظ حاصل نہیں۔ انتخابی تیاریاں بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے سے پہلے شروع ہو جانی چاہییں۔ قوانین، حدود یا کونسلوں کے ڈھانچے میں تبدیلیوں کے باعث ایسے انتخابات کا عمل نئے سرے سے شروع نہیں ہونا چاہیے جن کا انعقاد پہلے ہی لازم ہو چکا ہو۔ ادارہ جاتی تسلسل کو بھی تحفظ دینے کی ضرورت ہے۔ عبوری انتظامیہ کی مدت محدود ہونی چاہیے اور اس کے اختیارات بھی محدود ہونے چاہییں۔

لیکن وہ سیاسی جماعتیں، جو موجودہ انتظام سے فائدہ اٹھاتی ہیں، مقامی جمہوریت پر قومی معیار کیوں لاگو کریں گی؟ اس کی ایک وجہ اپنے سیاسی وجود کا تحفظ ہے۔ سیاسی جماعتوں کو سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے دباؤ کا سامنا ہے، جو بظاہر صوبائی سطح کی حکومت کو زیادہ مضبوط ضلعی نظام حکومت سے تبدیل کرنے کی حامی دکھائی دیتی ہے۔ ایسی تبدیلی سیاسی جماعتوں کے اثر و رسوخ کو نمایاں طور پر کم کر دے گی۔

اصلاحات کے لیے ایک بروقت موقع یہ ہو سکتا ہے کہ ان تحفظات کو انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے، جس کی پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری حمایت کر رہے ہیں اور پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت والی حکومت بھی اس کی تائید کر چکی ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے تسلسل اور بامعنی انتقالِ اختیارات کو اس کمیٹی کے دائرۂ کار میں شامل کرنے سے سیاسی جماعتوں کو ایک ایسا فورم میسر آ سکتا ہے، جہاں وہ وسیع تر انتخابی اصلاحات کے ساتھ ساتھ ان ضمانتوں پر بھی مذاکرات کر سکیں۔

پاکستان میں جمہوریت کا مستقبل دنیا کے لیے باعثِ دلچسپی ہونا چاہیے۔ رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد کے لحاظ سے پاکستان دنیا کی پانچ سب سے بڑی جمہوریتوں میں شامل ہے۔ لیکن صرف حجم کافی نہیں، جمہوریت کا معیار بھی اہم ہے۔ ایک ایسا پاکستان جو اشرافیہ کی گرفت سے زیادہ آزاد اور اپنے شہریوں کے سامنے زیادہ جواب دہ ہو، 24 کروڑ 10 لاکھ لوگوں کے لیے بہتر طرز حکمرانی اور بہتر زندگیوں کا وعدہ کرتا ہے۔ پاکستان میں سیاسی استحکام، سماجی ترقی اور پائیدار جمہوریت کا راستہ بااختیار بلدیاتی حکومتوں سے ہو کر گزرتا ہے۔

مصنف ایک صحافی، محقق اور تجزیہ کار ہیں، جن کی دلچسپی کے موضوعات میں سیاست، میڈیا، ترقی اور سائنس شامل ہیں۔ یہ تحریر جو اس سے قبل عرب نیوز پاکستان پر شائع ہوچکی ہے ان کی رائہ پر مبنی ہے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *