پاکستان کے وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے منگل کو ترکی میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 کے مذاکرات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی جانب سے نئے فنڈز فراہم کرنے کے بجائے پہلے سے موجود قرضوں کو دوبارہ مختص کرنے کے طریقہ کار کے باعث پاکستان کو تباہ کن سیلابوں کے بعد صحت اور تعلیم کے لیے مختص رقم تعمیر نو پر خرچ کرنا پڑی۔
پاکستان میں 2022 کے سیلاب سے تین کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے، ایک ہزار 730 سے زیادہ شہری جان سے گئے اور ملک کو 30 ارب ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان ہوا۔
حکومت کی سربراہی میں کیے گئے ایک جائزے کے مطابق سیلاب کے بعد بحالی اور تعمیر نو کے لیے 16.3 ارب ڈالر درکار تھے۔
پاکستان میں 2025 میں بھی بدترین سیلاب آئے جن کے نتیجے میں ایک ہزار سے زیادہ افراد جان سے گئے، 40 لاکھ سے زیادہ بے گھر ہوئے اور اندازوں کے مطابق 2.9 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ یہ اعداد و شمار پاکستان کے تازہ ترین اقتصادی سروے میں جاری کیے گئے ہیں۔
دنیا کی حکومتوں نے 2022 میں کوپ 27 کے موقع پر ایک فنڈ قائم کرنے پر اتفاق کیا تھا تاکہ ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں کے ایسے نقصانات سے نمٹنے میں مدد دی جا سکے جن سے بچنا ممکن نہیں۔
اقوام متحدہ کے موسمیاتی ریکارڈ کے مطابق مارچ 2026 کے اختتام تک عطیہ دینے والے ممالک نے اس فنڈ کے لیے تقریباً 82 کروڑ 60 لاکھ ڈالر دینے کے وعدے کیے تھے، جن میں سے تقریباً 45 کروڑ 60 لاکھ ڈالر فنڈ میں جمع کرائے گئے۔
اٹلی اور فرانس نے بالترتیب تقریباً 11 کروڑ 60 لاکھ اور 11 کروڑ 10 لاکھ ڈالر دینے کا وعدہ کیا، جب کہ متحدہ عرب امارات نے 10 کروڑ ڈالر اور جرمنی نے تقریباً نو کروڑ 80 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا۔
تاہم یہ رقوم فنڈ میں عطیات کی مد میں دی گئی ہیں اور ان سے یہ ظاہر نہیں ہوتا کہ آفات سے متاثرہ ممالک تک کتنی رقم پہنچ چکی ہے۔
کوپ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا: ’ہم نے صحت اور تعلیم کے لیے مختص قرضے لیے اور انہیں تعمیر نو پر خرچ کر دیا۔ دنیا کے پاس یہی حل تھا۔‘
ایشیائی ترقیاتی بینک نے دسمبر 2022 میں بتایا تھا کہ اس نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے 55 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے امدادی پیکج کے حصے کے طور پر پہلے سے موجود قرضوں میں سے سات کروڑ 10 لاکھ ڈالر دوبارہ مختص کیے تھے۔
تاہم بینک کے اعلان میں یہ واضح نہیں کیا گیا تھا کہ دوبارہ مختص کی گئی رقم صحت یا تعلیم کے منصوبوں کے لیے مختص قرضوں سے حاصل کی گئی تھی یا نہیں۔ اسی طرح مصدق ملک نے بھی ان قرضوں کی تفصیلات یا دوبارہ مختص کی گئی رقم نہیں بتائی۔
اس کے علاوہ جنوری 2023 میں جنیوا میں اقوام متحدہ کے اشتراک سے ہونے والی ایک کانفرنس میں پاکستان کی بحالی کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں نے نو ارب ڈالر سے زیادہ کی امداد دینے کے وعدے کیے تھے۔ ان میں اسلامی ترقیاتی بینک، عالمی بینک اور سعودی عرب کے وعدے نمایاں تھے۔
مصدق ملک نے دیگر ممالک کے لیے بھی موسمیاتی فنڈز کی فراہمی کی سست رفتار پر تنقید کرتے ہوئے نیپال کی مثال دی۔
نقصانات اور تباہی سے متعلق فنڈ نے اکتوبر میں بتایا تھا کہ اس نے نیپال میں اچانک آنے والے سیلاب کے بعد ملک کے لیے عارضی طور پر دو کروڑ 16 لاکھ ڈالر مختص کیے ہیں اور نیپال کو فنڈز کی درخواست جمع کرانے کے لیے ایک تیز رفتار طریقہ کار کی سہولت بھی فراہم کی ہے۔
تاہم فنڈ کے اعلان میں نیپال کو رقم کی ادائیگی کا ذکر نہیں کیا گیا تھا۔
مصدق ملک نے کہا کہ اور اس کے باوجود ہم سب ہر سال اس ’تماشے‘ میں شرکت کے لیے آتے ہیں۔
انہوں نے مذاکرات کے دوران الفاظ کے چناؤ پر ہونے والی بحث پر بھی تنقید کی اور کہا کہ اس طریقہ کار کے ذریعے حکومتیں ایسے فیصلوں سے بچ نکلتی ہیں جو انہیں مالی معاونت کی فراہمی کا پابند بناتے ہوں۔
کوپ 29 میں طے پانے والے وسیع تر موسمیاتی مالی معاونت کے معاہدے کے تحت 2035 تک ترقی پذیر ممالک کے لیے سالانہ کم از کم 300 ارب ڈالر فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، جس میں ترقی یافتہ ممالک کو قائدانہ کردار ادا کرنا ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
معاہدے میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اسی مدت تک تمام ذرائع سے سرکاری اور نجی مالی معاونت بڑھا کر سالانہ کم از کم 1.3 کھرب ڈالر تک پہنچائی جائے۔
یہ اہداف موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے وسیع تر اقدامات کے لیے ہیں اور نقصانات اور تباہی سے متعلق فنڈ کے لیے کیے گئے وعدوں سے الگ ہیں۔
دریں اثنا، اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم (او ای سی ڈی) کے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں سرکاری ترقیاتی امداد (او ڈی اے) میں 2024 کے مقابلے میں حقیقی معنوں میں 23.1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
کوپ 31 کے موقع پر پاکستان کے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بھی مطالبہ کیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے کے خطرے سے دوچار ممالک کو آفات سے نمٹنے کی تیاری میں مدد دینے کے لیے زیادہ قابل اعتماد اور آسانی سے دستیاب مالی معاونت فراہم کی جائے۔
اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ابتدائی انتباہی نظام کو بہتر بنانے، بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے اور مقامی حکام کو قدرتی آفات سے پہلے بروقت اقدامات کے قابل بنانے کے لیے بین الاقوامی مالی معاونت اور ٹیکنالوجی کی فراہمی ضروری ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اس کا نیشنل ایمرجنسیز آپریشنز سینٹر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے آلات کی مدد سے سیٹلائٹ سے حاصل ہونے والی معلومات، موسمیاتی پیش گوئیوں اور زمینی ڈیٹا کو یکجا کرتا ہے تاکہ خطرات سے دوچار آبادیوں اور بنیادی ڈھانچے کی نشاندہی کی جا سکے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ مرکز صوبائی اور ضلعی حکام کو الرٹ بھیجتا ہے، تاہم ان انتباہات پر مؤثر عمل درآمد کے لیے ضروری ہے کہ مقامی اداروں کے پاس بروقت ردعمل دینے کے لیے درکار وسائل اور منصوبہ بندی موجود ہو۔
