طالبان پابندی کے باوجود افغانستان میں پوست کی کاشت چار گنا بڑھ گئی: رپورٹ

افغانستان میں طالبان حکومت کی جانب سے افیون کی پیداوار کے لیے پوست کی کاشت پر پابندی کے چار سال بعد اس فصل کے زیر کاشت رقبے میں اقوام متحدہ کے اعدادوشمار کے مطابق ایک بار پھر نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ بعض افغان کسانوں کا کہنا ہے کہ غربت، قرضوں، پانی کی قلت اور دوسری فصلوں سے کم آمدن کے باعث ان کے پاس پوست اگانے کے سوا قابل عمل متبادل محدود ہیں۔

افغانستان اینالسٹس نیٹ ورک (اے اے این) کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق 2026 میں افغانستان میں 43 ہزار ہیکٹر سے زیادہ رقبے پر پوست کاشت کی گئی، جو 2025 کے تقریباً 10 ہزار ہیکٹر رقبے کے مقابلے میں چار گنا سے زیادہ ہے۔ یہ اعداد اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم کی افغانستان افیون سروے 2026 رپورٹ سے لیے گئے ہیں۔

افیون کی تخمینی پیداوار میں اس سے بھی زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق 2025 میں تقریباً 300 ٹن افیون پیدا ہوئی تھی، جبکہ 2026 میں اس کا تخمینہ تقریباً 1,500 ٹن لگایا گیا، یعنی ایک سال میں پیداوار تقریباً پانچ گنا ہوگئی۔

تاہم یہ مقدار اب بھی طالبان کی پابندی سے قبل کی سطح کے مقابلے میں خاصی کم ہے، جب افغانستان میں لاکھوں ہیکٹر رقبے پر پوست کاشت ہوتی اور سالانہ اوسطاً تقریباً 6,000 میٹرک ٹن افیون پیدا کی جاتی تھی۔

بدخشاں نیا مرکز

افغانستان میں پوست کی کاشت کا جغرافیہ بھی تبدیل ہوا ہے۔ افغانستان اینالسٹس نیٹ ورک رپورٹ کے مطابق ماضی میں ہلمند ملک میں پوست کی پیداوار کا بڑا مرکز تھا، لیکن 2022 میں اسلامی امارت کی جانب سے پابندی کے نفاذ کے بعد شمال مشرقی صوبہ بدخشاں افیون کی کاشت اور پیداوار کے سب سے اہم علاقوں میں شامل ہوگیا ہے۔

2026 میں ملک میں پوست کے مجموعی زیر کاشت رقبے کا تقریباً تین چوتھائی حصہ شمال مشرقی افغانستان میں تھا۔

اقوام متحدہ کے اعداد کے مطابق بدخشاں میں پوست کا زیر کاشت رقبہ 2025 کے 6,639 ہیکٹر سے بڑھ کر 2026 میں 29,482 ہیکٹر ہوگیا۔ یعنی صرف ایک سال میں وہاں کاشت چار گنا سے بھی زیادہ ہوگئی۔ بدخشاں کا حصہ افغانستان میں پوست کے کل زیر کاشت رقبے کا تقریباً 68 فیصد تھا۔

ملک میں پوست کی کاشت میں مجموعی اضافے کا تقریباً 69 فیصد بھی بدخشاں میں ریکارڈ کیا گیا۔

اقوام متحدہ کے مطابق شمال مشرقی افغانستان سے تقریباً 976 ٹن افیون حاصل ہوئی، جو ملک کی 1,466 ٹن کی تخمینی مجموعی پیداوار کا تقریباً دو تہائی بنتی ہے۔ رپورٹ میں بدخشاں کی بہتر پیداوار کی ایک وجہ گذشتہ خشک سالی کے مقابلے میں زیادہ سازگار بارشوں اور بہتر موسمی حالات کو قرار دیا گیا۔

کسانوں کا موقف: پوست زیادہ منافع دیتی ہے

رپورٹ کی مصنفہ Jelena Bjelica نے ان علاقوں کے کسانوں کے حالات کا جائزہ لیا جہاں پوست کی کاشت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ہلمند، بدخشاں اور بادغیس کے کسانوں کے علاوہ پاکستان اور ایران جا کر پوست اگانے والے دو افغان کسانوں کے انٹرویوز بھی رپورٹ میں شامل کیے گئے ہیں۔

بدخشاں کے ضلع جرم کے ایک کسان نے بتایا کہ طالبان فورسز نے اس کی فصل کا کچھ حصہ تلف کیا تھا، خصوصاً وہ فصل جو سڑک کے قریب واقع زمین پر کاشت کی گئی تھی، تاہم وہ باقی پوست کی فصل حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

اس کسان کا کہنا تھا کہ صوبے میں روزگار کے مواقع انتہائی محدود ہوگئے ہیں۔ ان کے مطابق ماضی میں لوگ سرکاری اداروں، کان کنی، غیر ملکی غیر سرکاری تنظیموں اور نجی کمپنیوں میں ملازمتیں کرتے تھے، لیکن اب ان میں سے زیادہ تر مواقع موجود نہیں رہے۔

بدخشاں میں قابل کاشت زمین بھی محدود ہے اور کسانوں کے پاس عموماً چھوٹے قطعے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اسی وجہ سے کسان ایسی فصل کو ترجیح دیتے ہیں جس سے محدود زمین پر نسبتاً زیادہ آمدنی حاصل ہو سکے۔

ایک کسان نے اے اے این کو بتایا کہ افیون کے تاجر بعض اوقات خود دیہات یا کسانوں کے گھروں تک آتے ہیں اور کچھ خریدار فصل تیار ہونے سے پہلے ہی نقد رقم دے کر مستقبل کی پیداوار خریدنے کا بندوبست کر لیتے ہیں۔

گرفتاری اور فصل تلف ہونے کا خطرہ

پوست کاشت کرنے والے کسانوں کو نقصانات اور قانونی کارروائی کے خطرات کا بھی سامنا ہے۔

بدخشاں کے ضلع ارگو کے ایک کسان نے رپورٹ کو بتایا کہ اس نے فصل تلف کیے جانے کے خدشے کی وجہ سے پوست کا زیر کاشت رقبہ 20 جریب، یعنی تقریباً چار ہیکٹر، سے کم کرکے تقریباً 11 جریب یا 2.2 ہیکٹر کردیا تھا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس نے ایسی زمین پر پوست اگانے کو ترجیح دی جو مرکزی سڑک، ضلعی مرکز اور آبادیوں سے نسبتاً دور تھی۔ اس کے مطابق کم رقبے پر کاشت کے باوجود بہتر بارشوں کے باعث پیداوار اچھی رہی۔

کسانوں نے اے اے این کو بتایا کہ پوست اگانے کی صورت میں انہیں گرفتاری، مار پیٹ اور فصل تلف کیے جانے جیسے خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے، اس کے باوجود بعض کسان آئندہ سیزن میں کاشت بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ایک کسان کا کہنا تھا کہ حکومت نے کسانوں کے لیے ایسی متبادل فصل یا ذریعہ معاش فراہم نہیں کیا جس سے وہ اپنے خاندان کی ضروریات پوری کر سکیں۔

بادغیس میں بھی چار گنا اضافہ

بدخشاں کے علاوہ بادغیس میں بھی پوست کی کاشت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

2025 میں صوبے میں 573 ہیکٹر رقبے پر پوست کاشت کی گئی تھی، جو 2026 میں بڑھ کر 2,538 ہیکٹر ہوگئی۔ اس کے باوجود یہ رقبہ 2022 میں پابندی سے قبل بادغیس میں پوست کے 14,110 ہیکٹر زیر کاشت رقبے کے پانچویں حصے سے بھی کم ہے۔

اے اے این سے بات کرنے والے بادغیس کے ضلع جوند کے ایک کسان نے بتایا کہ اس نے گذشتہ سال پوست کا رقبہ تقریباً 15 جریب سے کم کرکے پانچ سے چھ جریب کردیا تھا۔

رپورٹ سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ پابندی کے باعث بعض کسان فصل کو نظروں سے پوشیدہ رکھنے کے طریقے اختیار کر رہے ہیں۔ جوند کے کسان نے بتایا کہ اس نے گذشتہ سیزن میں پوست کو چاول اور مکئی جیسی فصلوں کے درمیان کاشت کیا تاکہ اسے آسانی سے شناخت نہ کیا جا سکے۔

16 صوبوں تک کاشت

اقوام متحدہ کے سروے کے مطابق 2026 میں افغانستان کے 34 میں سے 16 صوبوں میں پوست کا زیر کاشت رقبہ کم از کم 100 ہیکٹر یا اس سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ 2025 میں ایسے صوبوں کی تعداد 11 تھی۔

اس کے باوجود پوست کی کاشت ابھی 2017 کی سطح تک نہیں پہنچی، جب ریکارڈ 24 صوبوں میں یہ فصل کاشت کی جا رہی تھی۔

2023 سے 2025 تک پوست کی کاشت نسبتاً محدود رہی تھی۔ 2024 میں 12,800 ہیکٹر پر فصل کاشت ہونے کا تخمینہ تھا اور اگلے سال اس میں کمی دیکھی گئی۔ ان تین برسوں میں زیر کاشت رقبہ مسلسل 13 ہزار ہیکٹر سے کم رہا۔ اس پس منظر میں 2026 میں 43 ہزار ہیکٹر سے زیادہ رقبے پر پوست کی موجودگی پابندی کے بعد پہلا بڑا اضافہ ہے۔

پوست کی کاشت پاکستان اور ایران منتقل ہونے کے اشارے

افغانستان اینالسٹس نیٹ ورک کی رپورٹ میں ایک اور اہم رجحان کی نشاندہی کی گئی ہے۔ بعض افغان کسان پوست کی کاشت کے لیے سرحد پار پاکستان کے بلوچستان اور ایران کے سیستان و بلوچستان کا رخ کر رہے ہیں۔

اے اے این نے ایسے دو افغانوں سے بات کی جن میں ایک پاکستان کے بلوچستان اور دوسرا ایران کے سیستان و بلوچستان میں پوست اگانے گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق افیون کی بلند قیمتیں ایسے کسانوں کے لیے ترغیب کا باعث بن سکتی ہیں جو افغانستان کے اندر پابندی یا فصل تلف کیے جانے کے خطرے سے بچنے کے لیے دوسرے علاقوں کا رخ کر رہے ہیں۔ تاہم دستیاب اعداد اب بھی ظاہر کرتے ہیں کہ افغانستان میں مجموعی پیداوار طالبان کی 2022 کی پابندی سے پہلے کے دور کے مقابلے میں بہت کم ہے۔

افغانستان اینالسٹس نیٹ ورک کی رپورٹ کا استدلال ہے کہ 2026 کا اضافہ اس سوال کو زیادہ اہم بنا رہا ہے کہ آیا صرف پابندی اور فصل تلف کرنے کی کارروائیوں کے ذریعے طویل مدت تک پوست کی کاشت روکی جا سکتی ہے، خصوصاً ایسے حالات میں جب کسان قرض، بے روزگاری، زمین اور پانی کی قلت اور قانونی فصلوں سے محدود آمدن کی شکایت کر رہے ہوں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *