شمالی امریکہ میں ہونے والا فیفا ورلڈ کپ 2026 صرف فٹ بال کا میلہ نہیں بلکہ رنگوں، ڈیزائنز اور سٹائل کی ایک شاندار نمائش بھی ثابت ہونے جا رہا ہے۔
اس بار ہم نے توجہ مرکوز کی ہے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹاپ 10 ٹیموں کی جرسیوں پر، جو گراؤنڈ کے اندر کھیل کے ساتھ ساتھ گراؤنڈ کے باہر بھی توجہ کا مرکز بننے والی ہیں۔
روایتی انداز اور جدید ڈیزائن کا امتزاج اس بار واضح نظر آتا ہے۔ برازیل کی کلاسک پیلی جرسی ایک بار پھر اپنی پہچان برقرار رکھے ہوئے ہے جبکہ فرانس نے سادگی اور نفاست کے ساتھ ایک باوقار لک پیش کی ہے۔
ارجنٹائن کی نیلی اور سفید دھاریوں والی شرٹ ہمیشہ کی طرح دلکش ہے، تاہم اس بار اس میں ہلکی سی جدت بھی شامل کی گئی ہے۔
انگلینڈ اور جرمنی نے نسبتاً سادہ مگر سٹائلش ڈیزائنز اپنائے ہیں، جبکہ سپین اور پرتگال کی کٹس میں رنگوں کا جرات مندانہ استعمال نمایاں ہے۔ مراکش جیسی ٹیموں نے اپنی ثقافتی جھلک کو جدید انداز میں پیش کر کے خاص توجہ حاصل کی ہے۔
کچھ ٹیموں نے تجربات بھی کیے ہیں۔ نیدرلینڈز کی جرسی میں شوخ رنگوں کا استعمال نمایاں ہے، جبکہ فرانس نے جدید گرافکس کے ذریعے منفرد پہچان بنانے کی کوشش کی ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
مجموعی طور پر دیکھا جائے تو ایڈیڈاس، نائکی اور پوما ایک بار پھر ڈیزائننگ میں نمایاں رہے ہیں، تاہم دیگر برانڈز نے بھی اپنی موجودگی کا احساس دلایا ہے۔
ورلڈ کپ 2026 میں جہاں ایک طرف دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، وہیں شائقین کو دنیا بھر کی بہترین اور منفرد فٹ بال جرسیوں کا نظارہ بھی ملے گا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کون سی ٹیم نہ صرف میدان میں بلکہ سٹائل میں بھی سب کو پیچھے چھوڑتی ہے۔
آئیے نظر ڈالتے ہیں ٹاپ 10 ٹیموں کی ہوم جرسیوں پر۔
فرانس: نیلے رنگ والی فرانسیسی جرسی ہمیشہ زیادہ خوبصورت لگتی ہے، جبکہ اس بار پس منظر میں دیا گیا زِگ زیگ ڈیزائن کچھ زیادہ ہی بھاری محسوس ہو رہا ہے۔
سپین: سرخ شرٹ کی نیلی آستینوں کا ڈیزائن شارٹس کے ساتھ خوب میل کھاتا ہے اور کندھوں پر موجود زرد پٹی بھی اچھی لگ رہی ہے۔ شاید یہ سپین کی بہترین ورلڈ کپ جرسیوں میں شامل نہ ہو، مگر ایک معقول اور قابل تعریف کوشش ضرور ہے۔
ارجنٹائن: روایتی سفید اور ہلکے نیلے رنگ والی جرسی واقعی شاندار لگتی ہے۔
انگلینڈ: نفیس کنارے، باریک لائنیں اور کلاسک سفید رنگ، متاثر کن پیشکش۔
پرتگال: بل کھاتی لہروں جیسی لائنیں، سادہ اور جاذب نظر۔
برازیل: کبھی کبھی سادہ اور کلاسک ڈیزائن ہی سب سے بہتر لگتا ہے، خاص طور پر ان ممالک کے لیے جن کی شناخت اور وقار ان کے نشان میں ہی جھلکتا ہے۔ اس جرسی میں 2002 کی جھلک بھی نظر آتی ہے، خاص طور پر سائیڈز اور گردن کے گرد سبز ٹرم میں۔
نیدرلینڈز: ڈچ جرسی کو درست بنانا عام طور پر مشکل نہیں ہوتا، مگر اس بار اس کے کناروں پر دیا گیا فلوروسینٹ ٹچ کچھ زیادہ ہی نمایاں ہے۔ سادہ مگر پر وقار۔
مراکش: روایتی سرخ اور سبز رنگ کا امتزاج، کالر پر روایتی مراکشی نقش و نگار۔
بیلجیم: یہ بالکل کلاسک بیلجیئن انداز محسوس ہوتا ہے اور مجموعی طور پر یہ ایک خوشگوار اور قابلِ قبول ڈیزائن ہے۔
جرمنی: سفید جرسی پر سیاہ، سرخ اور زرد پٹیاں ایک بے ہنگم تاثر دے رہی ہیں۔ یہ یقیناً جرمنی کی تاریخ کی بدترین جرسی ہو گی۔
ٹاپ 10 ٹیموں کے بعد ہمارے خطے کے ممالک سعودی عرب، قطر اور ایران کی جرسیوں پر بھی ایک نظر ڈالتے ہیں۔
سعودی عرب: سبز جرسی پر گرافگ ڈئزائن اس شرٹ کو دلکش بنا رہے ہیں۔
قطر: قطری قومی پرچم کے رنگ پر زِپ کے ڈئزائن کا پیٹرن بھلا معلوم ہو رہا ہے۔
ایران: سفید رنگ کی جرسی پر ایشیائی چیتے کی تصویر اور آستینوں پر کیا گیا ڈیزائن بھی ایک خوبصورت اضافہ ہے۔
