غزہ: القسام بریگیڈز کے نئے سربراہ محمد عودہ بھی اسرائیلی حملے میں مارے گئے

حماس نے بدھ کو تصدیق کی ہے کہ اس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے نئے سربراہ محمد عودہ اسرائیلی فضائی حملے میں مارے گئے ہیں۔

اسرائیل کے مطابق یہ حملہ منگل کے روز غزہ میں کیا گیا۔

محمد عودہ نے یہ عہدہ اس وقت سنبھالا تھا جب ان کے پیشرو عزالدین الحداد 15 مئی کو اسرائیلی کارروائی میں قتل کر دیے گئے تھے۔

روئٹرز کے مطابق سینکڑوں فلسطینیوں نے بدھ کو غزہ شہر میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے سربراہ محمد عودہ کے جنازے میں شرکت کی۔

اہل خانہ کے مطابق منگل کو کیے گئے اسرائیلی حملے میں محمد عودہ کی اہلیہ اور بیٹا بھی جان سے گئے۔

جنازے میں تینوں کی میتیں سفید کفن میں لپٹی ہوئی تباہ شدہ عمارتوں کے درمیان سے گزاری گئیں، جو گزشتہ دو برسوں سے جاری اسرائیلی کارروائیوں کا منظر پیش کر رہی تھیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

محمد عودہ کے ایک رشتہ دار ابو العبد عودہ نے کہا کہ اسرائیلی کارروائیاں فلسطینیوں کی مزاحمت کو نہیں روک سکتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ جدوجہد جاری رہے گی اور فلسطینی عوام ہر سطح پر اپنی مزاحمت جاری رکھیں گے۔‘

غزہ کے طبی حکام کے مطابق اس حملے میں کم از کم تین مزید افراد جانوں سے گئے اور 20 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ غزہ سٹی کے رِمال علاقے میں ایک عمارت کی بالائی منزل اس حملے میں مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

امدادی کارکن ملبے تلے مزید افراد کی تلاش میں مصروف رہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو نے الزام لگایا تھا کہ محمد عودہ سات اکتوبر 2023 کے حملے کے وقت حماس کے انٹیلی جنس شعبے کے سربراہ تھے۔

ذرائع نے روئٹرز کو بتایا کہ وہ حماس کی عسکری قیادت کے چند باقی ماندہ ارکان میں سے ایک تھے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *