حج 2027: عازمین حج کی رہائش، حفاظتی انتظامات اور لائسنسنگ کے نئے ضوابط منظور

سعودی عرب کی وزارت سیاحت نے حج 2027 کے لیے مکہ اور مدینہ میں عازمین حج کی رہائش، حفاظتی انتظامات اور لائسنسنگ کے نئے ضوابط منظور کرلیے ہیں، جن کے تحت رہائشی مراکز کی تیاری، خدمات کے معیار اور حفاظتی انتظامات کے عمل کو مزید منظم کیا جائے گا۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق نئے ضوابط میں حج سیزن کے رہائشی مراکز کی لائسنسنگ، درجہ بندی، معائنہ اور خلاف ورزیوں پر عائد ہونے والے قواعد شامل ہیں۔ وزارت کے مطابق ان ترامیم کا مقصد عازمین کی آمد سے قبل رہائشی مراکز کو مکمل طور پر تیار رکھنا اور انہیں محفوظ و معیاری رہائش فراہم کرنا ہے۔

وزارت کے مطابق ترامیم کا مقصد رہائشی مراکز کی تیاری بہتر بنانا، خدمات کا معیار بلند کرنا اور حج سیزن سے قبل انتظامی امور کو منظم کرنا ہے۔

وزارتِ سیاحت کے ترجمان نصر الانصاری نے بتایا کہ نئے ضوابط کے ذریعے رہائشی مراکز کے انتظامی اور آپریشنل نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، تاکہ عازمین کی آمد سے قبل تمام سہولیات مکمل طور پر تیار ہوں۔

نئے تقاضوں میں آپریشنل تیاری کی تصدیق، حفاظتی اور دیکھ بھال کے معیارات پر عملدرآمد، ضروری خدمات کی مسلسل فراہمی اور عازمین کے لیے محفوظ اور منظم رہائش کو یقینی بنانا شامل ہے۔

رہائشی سہولیات کی نئی درجہ بندی

نئے معیارات کے تحت حج سیزن کے رہائشی مراکز کو اکانومی اور فرسٹ کلاس دو اقسام میں تقسیم کیا گیا ہے۔ دونوں کیٹیگریز کے لیے الگ الگ معیار مقرر کیے گئے ہیں۔

ضوابط میں رہائشی کمروں، استقبالیہ، مشترکہ مقامات، صفائی، دیکھ بھال اور مہمانوں کو فراہم کی جانے والی خدمات سمیت رہائش کے مختلف پہلوؤں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزارت کے مطابق لائسنس جاری کرنے سے قبل، آپریشن شروع ہونے سے پہلے اور حج سیزن کے دوران مختلف مراحل میں معائنہ اور نگرانی کی جائے گی، تاکہ ضوابط پر عملدرآمد اور خدمات کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزارت سیاحت نے کہا کہ عازمین حج کی میزبانی سعودی عرب کی مشترکہ اور قومی ذمہ داری ہے، جو صدیوں پر محیط تاریخی روایت کی عکاسی کرتی ہے۔ 

اسی تناظر میں وزارت نے حج سیزن کے دوران رہائشی سہولیات کے لیے ایسے معیارات وضع کیے ہیں جن کا مقصد خدمات کے معیار کو بہتر بنانا، عازمین حج کو محفوظ اور بہتر رہائش فراہم کرنا، اور مملکت سعودی عرب کے مقام اور عازمین کی خدمت کے لیے اس کے مسلسل عزم کی عکاسی کرنا ہے۔

وزارت نے حج 2027 کے رہائشی مراکز کے لائسنس کے خواہش مند افراد اور اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ تقاضے جلد مکمل کریں، ضروری مرمت اور تیاری کا کام مکمل کرکے لائسنس کے لیے درخواستیں جمع کرائیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *