پاکستان کے ماحولیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں طویل خشک سالی، بارشوں، برف باری میں کمی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آبی بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر آئندہ پانچ سال تک بارشوں اور برف باری کا سلسلہ بحال نہ ہوا تو صوبے کے عوام کو پانی کی قلت کے باعث بڑے پیمانے پر نقل مکانی کرنا پڑ سکتی ہے۔
اسی طرح زیرِ زمین پانی کے بے دریغ استعمال اور ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن سے بھی مستقبل میں آبی بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔
موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے اور ماحول دوست اقدامات کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف سمیت سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے اشتراک سے کوئٹہ میں جمعرات کو گرین ایکسپو کا انعقاد کیا گیا، جہاں دو درجن سے زائد سٹالز پر کم پانی سے تیار ہونے والی زرعی اجناس، شمسی توانائی اور بیٹری سے چلنے والی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں سمیت ماحول دوست مصنوعات پیش کی گئیں۔
اس موقعے پر سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کے شعبہ ماحولیاتی علوم کی چیئرپرسن ڈاکٹر نیلوفر جمیل نے بتایا کہ بلوچستان میں خشک سالی کے باعث زیرِ زمین پانی کی سطح مسلسل گر رہی ہے۔
’صوبے میں دستیاب پانی کا تقریباً 90 فیصد زراعت کے شعبے میں استعمال ہوتا ہے، جس کے باعث پانی کے ذخائر پر دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے۔‘
انہوں نے کہا ایک منصوبے کے تحت کسانوں کو کم پانی استعمال کرکے زیادہ زرعی پیداوار حاصل کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے کیونکہ ٹیوب ویلوں کے ذریعے زیرِ زمین پانی نکالنے کی موجودہ رفتار مستقبل کے لیے تشویش ناک ہے۔
ڈاکٹر نیلوفر جمیل کے مطابق ’پانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے اور اگر کسی علاقے میں پانی ختم ہو جائے تو وہاں انسانی آبادی کا قیام ممکن نہیں رہتا، جس کے نتیجے میں لوگوں کو نقل مکانی کرنا پڑتی ہے۔
’موجودہ صورت حال برقرار رہی تو آئندہ پانچ سے دس سال کے دوران کوئٹہ میں پانی کی دستیابی انتہائی مشکل ہو سکتی ہے۔‘
انہوں نے کہا اس بحران سے نمٹنے کے لیے ڈیمز کی تعمیر، سیلابی پانی ذخیرہ کرنے اور پانی کا ضیاع روکنے سمیت ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے 25 ہزار رجسٹرڈ ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے اقدام پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کسانوں کو وقتی ریلیف تو مل سکتا ہے لیکن نگرانی اور پانی کے استعمال کی حد مقرر نہ ہونے سے زیرِ زمین پانی کا بے دریغ اخراج بڑھ سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا ’جس طرح پہلے بجلی کے استعمال پر بل وصول کیا جاتا تھا، اسی طرح پانی کے استعمال کو بھی باقاعدہ نظام کے تحت لایا جائے اور ٹیوب ویلوں سے نکالے جانے والے پانی کی مقدار کی نگرانی کی جائے۔
’بصورت دیگر سولر سسٹم کے ذریعے بلا روک ٹوک پانی نکالنے کا رجحان آبی بحران کو مزید سنگین بنا سکتا ہے۔‘
یونیسیف کے سوشل اینڈ بیہیویئر چینج آفیسر ضیا الرحمٰن سمالانی نے بتایا کہ گرین ایکسپو کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے کام کرنے والے اداروں اور تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کے مطابق بلوچستان کے بعض علاقوں کو خشک سالی اور پانی کی قلت جبکہ دیگر کو سیلاب جیسے مسائل کا سامنا ہے، جس سے عوام کی زندگیوں اور معاشی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا تعلیم اور آگاہی کی کمی کے باعث عوام میں موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے مطلوبہ شعور موجود نہیں، اس لیے مقامی سطح پر آگاہی مہمات ضروری ہیں۔
ان کا کہنا تھا ’25 ہزار ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن سے کسانوں کو فوری سہولت مل سکتی ہے، تاہم پانی کے استعمال کو منظم نہ کیا گیا تو مستقبل میں اس کے سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔‘
یونیسیف بلوچستان کے چیف فیلڈ آفیسر فٹسم اسفا نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات بچوں کی زندگیوں کو بھی متاثر کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں خوراک کی کمی، بنیادی ڈھانچے کی تباہی اور تعلیم و صحت کی سہولیات تک رسائی میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا جب خوراک کی فراہمی، سکول، گھر اور صحت کے ادارے متاثر ہوتے ہیں تو سب سے زیادہ نقصان بچوں کو اٹھانا پڑتا ہے۔
فٹسم اسفا کے مطابق ’یونیسیف موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ علاقوں میں بچوں کی خوراک، تعلیم اور صحت سے متعلق ضروریات پر کام کر رہا ہے جبکہ حکومت کو بھی متاثرہ آبادی، خصوصاً بچوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہییں۔‘
ماہرین اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے زور دیا کہ بلوچستان میں آبی بحران سے نمٹنے کے لیے پانی کے ذخائر کا تحفظ، بارش اور سیلابی پانی ذخیرہ کرنے، زراعت میں جدید طریقوں کے فروغ، ٹیوب ویلوں کے استعمال کی نگرانی اور عوامی آگاہی کے لیے طویل المدتی حکمت عملی اپنانا ضروری ہے۔
