ایل پی جی کی 15 ہزار میٹرک ٹن کی ریکارڈ کھیپ پاکستان پہنچ گئی

مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کے شعبے میں ڈی ریگولیشن کی کوششوں کے بعد ایل پی جی کی 15 ہزار میٹرک ٹن کی ریکارڈ کھیپ بدھ کو پاکستان پہنچ گئی ہے۔

یہ اپنی نوعیت کی سب سے بڑی کھیپ ہے جو کراچی کی پورٹ قاسم بندرگاہ پر اینگرو ووپاک ٹرمینل لمیٹڈ (ای وی ٹی ایل) پر لنگر انداز ہوئی۔ نئی ایل پی جی گائیڈ لائنز کے تحت یہ پہلی بڑی درآمد ہے، جس کا مقصد عوام کو ایل پی جی کی مناسب قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانا ہے۔

پاکستان اور ایران کے درمیان سرحدی گزرگاہوں پر تجارتی سرگرمیاں متاثر ہونے کے بعد ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے نے گھریلو صارفین، ہوٹل مالکان اور ڈسٹری بیوٹرز کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔

جبکہ ملک میں ایل پی جی کی درآمد میں تعطل کے بعد بھی مائع پیٹرولیم گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

توقع ہے کہ اس کے بعد آنے والے ہفتوں میں مزید کھیپیں بھی درآمد کی جائیں گی، جس سے اوپن مارکیٹ میں ایل پی جی کی دستیابی بہتر ہوگی، قیمتیں زیادہ مناسب سطح پر آنے میں مدد ملے گی اور ملک بھر میں سپلائی کا نظام مضبوط ہوگا۔

وزارت توانائی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک کی قیادت میں حکومت نے ایل پی جی کی قیمتوں کے نظام میں تبدیلیاں کی ہیں، تاکہ سرکاری ادارے ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنانے میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

اس سے قبل ریگولیٹری پابندیوں کے باعث رسمی شعبے کی کمپنیاں درآمدات سے دستبردار ہو گئی تھیں، کیونکہ انہیں خریداری کی لاگت پوری کرنے کی اجازت نہیں تھی۔

حکومت نے سرکاری کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایل پی جی کی درآمدات میں قائدانہ کردار ادا کریں اور بالخصوص موسم سرما میں ملک کی سپلائی چین کو مضبوط بنائیں۔

ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی درآمدات سے مارکیٹ میں دستیابی بہتر ہونے، قلت میں کمی آنے اور رسد میں اضافے کے نتیجے میں قیمتوں میں کمی کی توقع ہے۔ اس سے بالخصوص پہاڑی، دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں موسم سرما کے دوران ایل پی جی کی فراہمی بھی بہتر ہوگی۔

 اس بڑی کھیپ کی آمد کے موقعے پر پورٹ قاسم میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں سپیشل سیکریٹری پیٹرولیم مرزا ناصر الدین مشہود نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم نے عوام کو ایل پی جی کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی ’ریکارڈ کھیپ کی آمد اس شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز ہے اور اس سے ملک کی سپلائی چین مزید مضبوط ہوگی۔‘

اینگرو ووپاک ٹرمینل لمیٹڈ (ای وی ٹی ایل)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید عمار شاہ نے کہا کہ حکومتی پالیسی اقدامات نے اس شعبے کو نئے سرمایہ کاروں کے لیے کھول دیا ہے، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔

اوگرا کے سینیئر ایگزیکٹو ڈائریکٹر سرمد اسلم نے کہا کہ حکومت کی کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہو رہی ہیں اور یہ اقدامات اس شعبے میں تبدیلی کا باعث بنیں گے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *