اسلام آباد میں غریب و امیر کے پسندیدہ اتوار بازار ایک ماہ سے بند

نہ اب وہ اتوار والا رش ہے اور نہ ہی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے کی کوئی مشکل۔ ہزاروں سٹالز بند پڑے ہیں جبکہ دکان دار ٹولیوں کی صورت میں بازار کے کسی نہ کسی کونے میں بیٹھے دکھائی دیتے ہیں۔

بازار میں صرف سبزی اور پھلوں کے چند سٹال معمول سے کم تعداد میں کھلے ہیں۔ یہ صورت حال ہے اسلام آباد کے اس اتوار بازار کی، جو چھٹی کے دن کبھی خریداروں سے کھچا کھچ بھرا ہوتا تھا۔

وفاقی دارالحکومت میں میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) اور ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن (ڈی ایم اے) کی جانب سے ان ہفتہ وار بازاروں کی بندش نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے دور میں عام شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

شہر کے جی 10 سیکٹر میں واقع اتوار بازار انتظامیہ نے سڑک کی تعمیر کے باعث بند کرنے کے بعد گزشتہ دنوں مکمل طور پر مسمار کر دیا، جبکہ دیگر دو بڑے بازار، ایچ نائن اور آبپارہ، انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ سات نکاتی نوٹیفکیشن کے باعث ایک ماہ اور دو دن سے بند ہیں۔

سٹال ہولڈرز کے مطابق، نوٹیفکیشن میں بظاہر ایسی کوئی مخصوص وجہ بیان نہیں کی گئی جو تمام ہفتہ وار بازاروں کی بندش کو ناگزیر قرار دیتی ہو۔

اتوار بازار میں بند سٹالز کے قریب بیٹھے دکان داروں کے ایک رہنما عبدالباری خان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ان کا روزگار ایک ماہ اور دو دن سے بند پڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ایچ نائن اور جی سکس بازاروں میں مجموعی طور پر ساڑھے چار ہزار سٹال ہیں۔ یہ سب فائر سیفٹی کی وجہ سے بند کیے گئے ہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ دکان داروں نے خود ہر سٹال پر آگ بجھانے کے آلات نصب کیے ہیں۔

’صرف پھل اور سبزی کے سٹالز پر یہ آلات نہیں لگے ہوئے۔ شٹر بھی ہم نے خود لگائے ہیں اور ’سگریٹ نوشی منع ہے‘ کے بورڈ بھی خود ہی نصب کیے ہیں۔

’ہم کیش لیس بھی ہیں اور یہاں شاپنگ بیگز کے استعمال پر بھی پابندی ہے۔ ہر قانون ہم پر لاگو ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہر سٹال ہولڈر صبح اپنا سامان لائے اور شام کو واپس گھر لے جائے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اس معاملے پر عدالت ہمارے حق میں فیصلہ دے چکی ہے کہ سامان یہیں رہے گا۔‘

عبدالباری سے جب پوچھا گیا کہ بازار میں متعدد بار آگ لگنے کے واقعات پیش آ چکے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ سات مرتبہ آگ لگی، لیکن ایک مرتبہ بھی اس حوالے سے انکوائری سامنے نہیں لائی گئی کہ یہ واقعات کس کی غفلت کے باعث پیش آئے۔

میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن (ڈی ایم اے) نے ایچ نائن اتوار بازار میں آگ سے بچاؤ، سٹالز کے انتظامات اور بازار کے معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) پر عمل درآمد سے متعلق اہم ہدایات پر مشتمل ایک سرکاری عوامی نوٹس بھی جاری کیا ہے۔

ان ہدایات کے تحت تمام سٹال ہولڈرز کے لیے رات کے وقت بازار میں سامان، کارٹن، پیکنگ کا مواد یا دیگر اشیا ذخیرہ کرنا سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ الاٹ شدہ سٹالز کو مستقل دکانوں کے طور پر استعمال کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی اور ہر کاروباری دن کے اختتام پر تمام سامان بازار کی حدود سے باہر لے جانا لازمی ہوگا۔

عبدالباری خان کے ساتھ بیٹھے ایک اور سٹال ہولڈر کا کہنا تھا کہ ان کے چھوٹے مکانوں میں سامان رکھنے کی گنجائش نہیں اور نہ ہی ان میں ہر روز بازار آنے جانے کا کرایہ برداشت کرنے کی سکت ہے۔

اس فیصلے نے ان شہریوں میں بھی تشویش اور ناراضی پیدا کر دی ہے جو نسبتاً کم قیمتوں پر گھریلو ضروریات کی اشیا خریدنے کے لیے ہفتہ وار بازاروں پر انحصار کرتے ہیں۔

ایک خریدار نے بتایا کہ وہ اس امید پر بازار آئے تھے کہ شاید کچھ سٹالز کھلے ہوں۔

دکان داروں اور شہریوں نے وفاقی وزیر داخلہ سے معاملے میں مداخلت اور فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کرتے ہوئے حکام پر زور دیا ہے کہ مناسب حفاظتی انتظامات یقینی بنا کر ہفتہ وار بازار دوبارہ کھولے جائیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بازار میں آگ لگنے کے خطرات کم کرنے کے لیے سٹال ہولڈرز کو تمام آتش گیر ترپالیں، شٹر اور دیگر ڈھانپنے والی اشیا ہٹانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

اسی طرح سٹالز کے اندرونی حصوں، تقسیم یا سجاوٹ کے لیے استعمال ہونے والا تھرموکول (سٹائروفوم) اور دیگر آتش گیر مواد بھی ہٹانا ہوگا۔

اس مواد کے متبادل کے طور پر استعمال ہونے والی اشیا کا آگ سے محفوظ یا آگ کے خلاف مزاحمت رکھنے والا ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

مزید برآں، سٹال ہولڈرز کو متعلقہ بازار کے ایس او پیز میں مقرر کردہ حدود کے اندر ہی سامان رکھنے کی اجازت ہوگی، جبکہ تمام گزرگاہوں، ہنگامی راستوں اور رسائی کے مقامات کو مکمل طور پر کھلا رکھنا ہوگا تاکہ کسی ہنگامی صورت حال میں فائر فائٹنگ عملے اور آلات کی نقل و حرکت میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

نوٹس میں الاٹ شدہ سٹال کسی دوسرے شخص کو کرائے پر دینے، غیر مجاز طور پر منتقل کرنے یا اس کا قبضہ کسی اور کے حوالے کرنے پر بھی سختی سے پابندی عائد کی گئی ہے۔

خبردار کیا گیا ہے کہ ایسی کسی بھی خلاف ورزی پر متعلقہ بازار کے ایس او پیز اور الاٹمنٹ کی شرائط کے تحت کارروائی کی جائے گی، جس میں ضرورت پڑنے پر سٹال کی الاٹمنٹ منسوخ کرنا بھی شامل ہے۔

ان تمام ہدایات پر فوری عمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے اور سٹال ہولڈرز کو ان پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے 22 نومبر 2026 تک کی حتمی مہلت دی گئی ہے، جو نوٹس کے اجرا کے 10 دن کے اندر بنتی ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *