پاکستان اتوار اور پیر کو اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی خواتین سے متعلق نویں وزارتی کانفرنس کی میزبانی کر رہا ہے۔
او آئی سی کے رکن ممالک کے وفود نے اسلام آباد پہنچنا شروع کر دیا ہے۔
وزارت قانون و انصاف کے مطابق پاکستان کے وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آنے والے وفود کا استقبال کیا۔
پارلیمانی سیکریٹریز صبا صادق اور فرح ناز اکبر نے بھی مندوبین کا خیرمقدم کیا۔
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے قانون، انصاف اور انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ کانفرنس کی صدارت کریں گے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ریڈیو پاکستان نے رپورٹ کیا کہ یہ وزارتی کانفرنس ہر تین سے چار سال بعد منعقد کی جاتی ہے، جس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرا خواتین کے حقوق سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیتے ہیں، قومی پالیسیوں کا تبادلہ کرتے ہیں اور نئے لائحہ عمل کی منظوری دیتے ہیں۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق ’اس کانفرنس کا مقصد او آئی سی کے رکن ممالک میں ایسا سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنا ہے جہاں خواتین اپنی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے سماجی و اقتصادی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔‘
Warm welcome to all delegates arriving for the 9th OIC Ministerial Conference on Women in Islamabad. We wish you productive discussions & a memorable stay in Islamabad. pic.twitter.com/LpkSKrhHrq
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) July 11, 2026
رپورٹ کے مطابق کانفرنس میں خواتین کی سیاسی اور پیشہ ورانہ شرکت میں اضافے اور انہیں معاشی وسائل اور مالیاتی نظام تک بہتر رسائی فراہم کرنے کے طریقوں پر بھی غور کیا جائے گا۔
دو روزہ کانفرنس میں او آئی سی کے 57 رکن ممالک سے تقریباً 190 مندوبین شرکت کریں گے، جن میں ممتاز خواتین، حکومتی نمائندے، او آئی سی کے مبصرین اور تنظیم کے عہدے دار شامل ہوں گے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کانفرنس میں ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل شعبے میں صنفی تفاوت کم کرنے اور ان شعبوں میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کے طریقہ کار پر بھی غور کیا جائے گا۔
اس سے قبل منعقد ہونے والی وزارتی کانفرنسوں میں خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے، صنفی بنیاد پر تشدد کے خاتمے اور تعلیم و صحت کی سہولیات تک ان کی بہتر رسائی جیسے موضوعات پر توجہ دی گئی تھی۔
خواتین سے متعلق او آئی سی کی گذشتہ وزارتی کانفرنس 2021 میں مصر کے شہر قاہرہ میں منعقد ہوئی تھی، جس میں خواتین کو بااختیار بنانے، ان کے تحفظ کے لیے قانونی و ادارہ جاتی فریم ورک کو مضبوط بنانے اور سماجی و اقتصادی سرگرمیوں میں ان کی مؤثر شرکت کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی تھی۔
