آسام میں انڈین فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ، 5 اہلکار جان سے گئے

انڈین فضائیہ کا ایک اے این-32  طیارہ ہفتے کو آسام کے ضلع جورہاٹ میں لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار 5 اہلکار جان سے گئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فضائیہ کے ایک اہلکار نے جنہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کی، کہا کہ معاون پائلٹ اس حادثے میں زندہ بچ گیا ہے۔

انڈین فضائیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک بیان میں حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے جان سے جانے والے اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب 43 سکواڈرن سے تعلق رکھنے والا کارگو (سامان بردار) طیارہ جورہاٹ کے علاقے روڑیاہ میں واقع فضائیہ کے ایئربیس پر لینڈنگ کر رہا تھا۔

انڈین فضائیہ کے ترجمان کے مطابق حادثے کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔

فضائیہ کے مطابق، فرائض کی ادائیگی کے دوران ’سکواڈرن لیڈر پرشانت سنگھ، فلائٹ لیفٹیننٹ شبھم کمار، سارجنٹ جتیندر شرما، اگنی ویر وایو کھیمارام کماوت اور اگنی ویر وایو دانش عالم‘ نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

واقعے کے فوراً بعد انڈین فضائیہ کے اعلیٰ حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پورے ایئر فورس سٹیشن کو سیل کر دیا گیا ہے اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نیوز چینل این ڈی ٹی وی نے حادثے کے مقام کی تصاویر نشر کیں، جن میں سیاہ دھوئیں کا گھنا بادل اور طیارے کے ٹکڑے نظر آ رہے ہیں۔

فضائیہ کے مطابق روسی ساختہ انٹونوف این-32 طیارہ معمول کی پرواز پر تھا جب لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔

این-32 ایک دو انجن والا ٹربو پروپ طیارہ ہے، جو خاص طور پر بلند پہاڑی علاقوں اور سخت موسمی حالات میں بہتر کارکردگی کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

انڈین فضائیہ کے پاس اس طرز کے لگ بھگ 100 طیارے موجود ہیں، جو ملک کے دور دراز پہاڑی علاقوں میں فوجی سامان اور شہری امداد پہنچانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔

اس طیارے کا آخری بڑا حادثہ 2019 میں ریاست اروناچل پردیش میں چین کی سرحد کے قریب پیش آیا تھا، جس میں 13 افراد ہلاک جان سے گئے تھے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *