میانمار: فوج کے فضائی حملے میں 30 افراد جان سے گئے

عینی شاہدین کے مطابق ہفتے کو میانمار میں فوج کے تین فضائی حملوں میں کم از کم 30 افراد جان سے چلے گئے۔

یہ حملے عالمی عدالت کی جانب سے میانمار کو نسل کشی کا مرتکب قرار دیے جانے کے ایک ہفتے کے اندر ہوئے جب کہ بمباری میں جان سے جانے والوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں۔

شمال مشرقی علاقے مو بائے میں شادی کی تقریب پر اس حملے میں تقریباً 20 افراد جان سے گئے۔

عینی شاہد کی بنائی گئی ویڈیو میں خون میں لت پت متاثرین کو علاج کے لیے لے جاتے دیکھا گیا، تاہم اے ایف پی آزادانہ طور پر ویڈیو کی تصدیق نہیں کر سکی۔

ہفتے کو مغربی ریاست رخائن میں بھی دو دیگر بم حملوں میں متعدد افراد جان سے گئے۔

یہ تینوں حملے جمعرات کو وسطی میانمار میں ہونے والے ایک حملے کے بعد کیے گئے۔

جلاوطنی میں قائم خود ساختہ ’قومی اتحاد حکومت‘ این یو جی کے مطابق اس حملے میں 29 افراد جان سے گئے تھے۔

ان فضائی حملوں سے میانمار کی خونریز خانہ جنگی میں جان سے جانے والوں کی تعداد مزید بڑھ گئی ہے۔

حالات پر نظر رکھنے والے گروپ اے سی ایل ای ڈی کے مطابق 2021 کی فوجی بغاوت کے بعد سے ایک لاکھ سے زیادہ افراد جان سے جا چکے ہیں۔

اس بغاوت میں آنگ سان سوچی کی منتخب حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا تھا۔

مو بائے حملے کے ایک عینی شاہد نے بتایا کہ تنازعے کے باعث بے گھر ہونے والے دو افراد کی شادی کی تقریب پر بمباری سے پہلے اس نے ایک طیارے کو اوپر پرواز کرتے سنا تھا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فوج کا مو بائے شہر پر کنٹرول ہے، تاہم شان اور کرینی ریاستوں کی سرحدوں پر واقع شہر سے باہر کے علاقوں میں مخالف فورسز سرگرم ہیں، جہاں بڑی تعداد میں بے گھر افراد رہتے ہیں۔

موقعے پر پہنچنے والے عینی شاہد نے کہا ’مجھے 17 لاشیں ملیں اور بہت سے لوگ زخمی تھے۔ میں صدمے میں تھا اور مجھے سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ پہلے کس کو بچاؤں۔‘

نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرنے والے عینی شاہد نے مزید کہا ’میری بھانجی سمیت کچھ لوگ لاپتہ ہیں۔ میں اب تک اسے تلاش نہیں کر سکا۔‘

کیمپوں میں مقیم بے گھر افراد کی مدد کرنے والی ’نوے او یانگ چی فاؤنڈیشن‘ کے سربراہ نے 21 افراد کی موت کی تصدیق کی۔ ان میں پانچ بچے بھی شامل تھے جب کہ 40 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے۔

اپنا نام ظاہر نہ کرنے والے سربراہ نے بتایا کہ امدادی کارکنوں کے پہنچنے کے بعد دوسرا بم گرایا گیا۔

میانمار کی فوج سے ان تینوں حملوں کے بارے میں مؤقف لینے کے لیے رابطہ نہیں ہو سکا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *