پی پی پی اور حکومت کی ’پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس اور ممکنہ قانون سازی پر بات چیت‘

پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ہفتے کو قومی اسمبلی کے سپیکر اور وفاقی وزرا کے ہمراہ اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس اور ممکنہ قانون سازی کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

پی پی پی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اسحاق ڈار کے ہمراہ قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی موجود تھے جبکہ پیپلپزپارٹی کی جانب سے بلاول کے ساتھ سینیٹر شیری رحمان اور رکن قومی اسمبلی نوید قمر بھی موجود تھے۔

بلاول نے اسحاق ڈار سے اپوزیشن لیڈر مولانا فضل الرحمٰن کی اسلام آباد میں رہائش گاہ پر چھاپے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ کیے گئے سلوک کا ذاتی طور پر نوٹس لینے کی درخواست بھی کی۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

یہ ملاقات ایک ایسے وقت پر ہوئی ہے جب ملک میں نئے صوبوں کے قیام اور اس معاملے پر ریفرنڈم کرانے کی تجویز پر بحث جاری ہے اور پی پی پی اس تجویز کی مخالفت کر رہی ہے۔

اس بحث کا آغاز رواں سال جولائی میں اس وقت ہوا تھا جب وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملک میں نئی انتظامی اکائیوں کے قیام کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں حکمرانی کا موجودہ ’نظام‘ ناکام ہو چکا ہے اور اسے ازسرنو ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔

اس سے قبل 21 نومبر کو اسحاق ڈار اور ایاز صادق نے ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بلاول نے گذشتہ دنوں کراچی پریس کلب میں ’میٹ دی پریس‘ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پر متعدد معاملات میں تنقید کی تھی۔

بلاول نے نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ سندھ کو تقسیم کرنے کی کوشش خونریزی کا سبب بن سکتی ہے۔

انہوں نے اتحادی حکومت کو متعدد دیگر معاملات پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا، جن میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ برتاؤ، پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی قید اور 27ویں آئینی ترمیم شامل ہیں۔

بعد ازاں بلاول نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دھمکی نہیں دے رہے بلکہ خطرے سے آگاہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے یہ شکوہ بھی کیا کہ حکومت اہم معاملات پر پیپلز پارٹی سے مشاورت نہیں کر رہی۔

بلاول کے ان بیانات پر حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کے وزرا خواجہ آصف اور طلال چوہدری نے سخت ردعمل دیا تھا جبکہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے عدالتوں سے اس معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

بعد ازاں صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی، جس کے بعد جاری بیان میں سیاسی معاملات پر بات چیت اور عوامی سطح پر بیانات دیتے ہوئے تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا گیا۔

صدر زرداری نے آج لاہور میں وزیر داخلہ محسن نقوی کی رہائش گاہ کا بھی دورہ کیا، جہاں دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی صورت حال اور امن و امان کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

دوسری جانب بلاول نے مولانا فضل الرحمٰن سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سیل کیے جانے کے معاملے پر ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

گفتگو کے دوران بلاول نے مولانا فضل الرحمٰن کی خیریت دریافت کی، جس پر جے یو آئی (ف) کی جانب سے انہیں رہائش گاہ سیل کیے جانے کے واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مولانا فضل الرحمٰن نے بلاول کو بتایا کہ ان کے بیٹے کو گرفتار کیا گیا جبکہ خواتین کو گھر سے زبردستی باہر نکالنے کے ساتھ ہراساں بھی کیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کے ساتھ مبینہ کارروائیوں کی مذمت کی۔

اسلام آباد کی کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے آج اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمٰن کے زیر استعمال گھر کی ملکیت کی منتقلی منسوخ کرتے ہوئے اسے سیل کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

جے یو آئی کے ترجمان نے دعویٰ کیا تھا اس دوران فضل الرحمٰن کے بیٹے اسجد محمود کو بھی حراست میں لیا گیا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *