مکہ اتحاد: سٹریٹجک وژن سے اجتماعی دفاع تک

مکہ اتحاد کی سٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کا جمعے کو اسلام آباد میں ہونے والا اجلاس خطے کی سلامتی کے لیے ایک اہم اور نازک وقت پر منعقد ہوا۔ 

ایران تنازع حل طلب ہے، سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کی جارحیت جاری ہے اور خلیج اور بحیرہ احمر دونوں میں بحری سلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔ 

ایسے حالات میں مؤثر اجتماعی دفاع کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ اسلام آباد کا اجلاس مکہ معاہدے کو کاغذی دستاویز سے عملی اقدام میں تبدیل کرنے کی جانب ایک فیصلہ کن قدم ہے۔ 

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

اس کے ذریعے ان قانونی، ادارہ جاتی اور عسکری انتظامات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے جو ایک تاریخی سٹریٹجک عزم کو عملی تعاون میں بدلنے کے لیے ضروری ہیں۔

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سات اگست کو مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے جانے کے بعد ابھی چار ماہ سے بھی کم عرصہ گزرا ہے۔ 

اس کے بعد تینوں ممالک نے 31 اگست کو استنبول میں کمیٹی کا افتتاحی اجلاس منعقد کیا، پانچ اکتوبر کو ریاض میں ہنگامی مشاورت کی اور اب اسلام آباد میں اپنا دوسرا باقاعدہ اجلاس منعقد کیا ہے۔ 

پیش رفت کی یہ رفتار ہمارے خطے کو درپیش چیلنجز کی سنگینی اور ان سے مشترکہ طور پر نمٹنے کے لیے تینوں ممالک کی قیادت کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دور اندیش سٹریٹجک سوچ خصوصی طور پر قابل تحسین ہے۔ ایران تنازعے کے دوران انہوں نے غیر معمولی سٹریٹجک صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور مملکت کی خودمختاری اور قومی مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے اسے کسی وسیع تر جنگ میں گھسیٹے جانے سے بچایا ہے۔ 

گذشتہ سال ستمبر میں پاکستان کے ساتھ سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ کرنے اور اس کے بعد مکہ معاہدے کے ذریعے ترکی کو اس میں شامل کرنے کے ان کے فیصلے نے سعودی عرب کو اپنی سلامتی مضبوط بنانے کے لیے ایک دیرپا فریم ورک فراہم کیا ہے جبکہ علاقائی امن کے لیے اس کے عزم کو بھی برقرار رکھا ہے۔

عملی سطح پر وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے اس وژن کو حقیقت کا روپ دینے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ 

پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور اپنے ترک ہم منصبوں کے ساتھ ان کے مسلسل رابطوں نے عسکری ہم آہنگی اور اتحاد کی ادارہ جاتی تشکیل کو آگے بڑھانے میں مدد دی ہے۔ 

مکہ میں معاہدے پر دستخط کے موقعے پر شہزادہ خالد نے اس شراکت داری کو ’دفاعی صلاحیت، رابطہ کاری اور انضمام‘ کو مضبوط بنانے کا ذریعہ قرار دیا تھا۔ اسلام آباد کا اجلاس ظاہر کرتا ہے کہ ان مقاصد کو بتدریج کس طرح عملی انتظامات میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

اسی طرح وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا سفارتی کردار بھی انتہائی اہم رہا ہے۔ سعودی عرب، پاکستان، ترکی اور مصر پر مشتمل چار ملکی سفارتی عمل کے ذریعے انہوں نے ایران تنازعے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے حل تلاش کرنے کی علاقائی کوششوں کو جاری رکھنے میں مدد دی ہے۔ 

یہ متوازی عسکری اور سفارتی کوششیں سعودی خارجہ پالیسی کے بنیادی کردار کی عکاسی کرتی ہیں، یعنی قومی خودمختاری کے دفاع میں ثابت قدمی اور پُرامن حل کی تلاش میں مستقل مزاجی۔

جیسا کہ میں نے رواں ماہ کے اوائل میں استنبول میں ٹی آر ٹی ورلڈ فورم سے خطاب کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ہمارے خطے کو ایسے سکیورٹی نظام کی ضرورت ہے جس کی بنیاد تین ایک دوسرے کو تقویت دینے والے ستونوں پر ہو: سفارت کاری، دفاع اور دفاعی بازدار قوت۔ 

سفارت کاری تنازعات کے حل کا راستہ فراہم کرتی ہے، دفاع خودمختاری کا تحفظ کرتا ہے اور دفاعی بازدار قوت جارحیت کی حوصلہ شکنی کرتی ہے۔ 

مکہ معاہدہ علاقائی سلامتی کے لیے ایک عملی فریم ورک میں ان تینوں عناصر کو یکجا کرتا ہے۔

اسلام آباد کے اجلاس نے کئی اہم پہلوؤں سے اس فریم ورک کو آگے بڑھایا ہے۔ 

جمعے کو ترکی کی جانب سے توثیق کا عمل مکمل ہونے کے بعد اس معاہدے کو تینوں ممالک میں داخلی قانونی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔ 

ریاض میں مستقل سیکریٹریٹ کا قیام، جس کی سربراہی پاکستان کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کر رہے ہیں، بھی نمایاں طور پر آگے بڑھا ہے۔ 

مشترکہ فوجی کمان کے انتظامات اور عملی رابطہ کاری کے دیگر طریقہ کار پر بھی کام جاری ہے۔
یہ ادارہ جاتی پیش رفت تینوں ممالک کو کسی بحران کے پیدا ہونے پر محض مشاورت پر انحصار کرنے کی بجائے پہلے سے مشترکہ تیاری کرنے کے قابل بنائے گی۔

تاہم فوری طور پر سلامتی کا سب سے بڑا چیلنج اب بھی یمن سے سامنے آ رہا ہے۔ سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کی مسلسل جارحیت تینوں ممالک کے درمیان دفاعی رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت کو اجاگر کرتی ہے۔ 

بحیرہ احمر میں بحری سلامتی کو لاحق خطرات اس چیلنج کو وسیع تر سٹریٹجک اہمیت دیتے ہیں۔
ایسے وقت میں جب آبنائے ہرمز سے جہاز رانی پہلے ہی شدید دباؤ کا شکار ہے، بحیرہ احمر میں عدم تحفظ کے علاقائی معیشتوں، عالمی توانائی کی فراہمی اور بین الاقوامی تجارت پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

اسی لیے مکہ معاہدے کی اجتماعی دفاعی شقوں کے تحت مملکت کی سلامتی میں مدد کے لیے کوششیں تیز کرنے کا اسلام آباد میں کیا گیا عزم خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ 

پاکستان دوطرفہ دفاعی معاہدے کے تحت عسکری معاونت فراہم کر کے پہلے ہی اپنی یکجہتی کا مظاہرہ کر چکا ہے، جبکہ ترکی نے بھی دفاعی معاونت فراہم کی ہے۔ 

سہ فریقی فریم ورک اس نوعیت کے تعاون کو وسعت دینے کے لیے زیادہ مضبوط ادارہ جاتی بنیاد فراہم کرتا ہے، جو مملکت کی سلامتی کی ضروریات اور تینوں ممالک کے قومی قوانین کے مطابق ہو۔

سعودی عرب کو اپنے عوام، علاقے اور اہم بنیادی ڈھانچے کے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔

اس کے ساتھ ہی مملکت کا طویل مدتی مقصد ایک پُرامن، متحد اور مستحکم یمن ہے، جہاں جائز ریاستی اقتدار قائم ہو۔ یمن کے عوام کئی برسوں سے جاری تنازعات، انسانی مصائب اور معاشی مشکلات سے نجات کے مستحق ہیں۔ 

پائیدار سیاسی تصفیہ ناگزیر ہے، تاہم جب تک مسلح گروہ پڑوسی ممالک کو دھمکیاں دیتے اور خود یمن کی خودمختاری کو نقصان پہنچاتے رہیں گے، اس تصفیے کے امکانات محدود رہیں گے۔

ایران کے وسیع تر تنازعے نے مسلح پراکسی گروہوں اور غیر متناسب جنگی حکمت عملی پر مبنی علاقائی پالیسی کی حدود کو بے نقاب کر دیا ہے۔

 تاہم یہ نیٹ ورکس اب بھی خاصا نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس کا مظاہرہ حوثی مسلسل کر رہے ہیں۔ 

مکہ معاہدہ علاقائی سلامتی کا ایک بنیادی طور پر مختلف ماڈل پیش کرتا ہے، جس کی بنیاد خودمختار ریاستوں، جائز حکومتوں، پیشہ ور مسلح افواج اور امن و معاشی ترقی میں مشترکہ مفادات پر ہے۔

اس کا مطلب یہ نہیں کہ مستقبل کے علاقائی سکیورٹی نظام میں ایران کو شامل نہ کیا جائے۔ سعودی عرب اپنے پڑوسیوں کے ساتھ پُرامن تعلقات کے لیے بدستور پُرعزم ہے۔

تاہم ایسے تعلقات کی بنیاد باہمی احترام، عدم مداخلت اور جارحیت سے دست برداری پر ہونی چاہیے۔

ایران تنازعے کے پائیدار حل میں علاقائی ممالک کے وسیع تر سکیورٹی خدشات کو بھی دور کرنا ہو گا، جن میں میزائلوں سے لاحق خطرات اور جائز ریاستی اختیار سے باہر کام کرنے والے مسلح گروہوں کی حمایت شامل ہے۔

مکہ معاہدہ مملکت کی روایتی سٹریٹجک شراکت داریوں کی قیمت پر بھی طے نہیں پایا۔ خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کو خلیجی سلامتی کا مرکزی ستون برقرار رہنا چاہیے جبکہ امریکہ کے ساتھ سعودی عرب کے دیرینہ سٹریٹجک تعلقات بھی انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
 
علاقائی دفاعی تعاون ان تعلقات کا متبادل نہیں بلکہ انہیں تقویت دیتا ہے کیونکہ اس کے ذریعے خطے کے ممالک اپنی سلامتی کی زیادہ ذمہ داری خود اٹھانے کے قابل ہوتے ہیں۔

فوری بحران سے آگے دیکھا جائے تو مکہ معاہدے کا شاید سب سے زیادہ امید افزا پہلو دفاعی صنعت میں طویل مدتی انضمام کی اس کی صلاحیت ہے۔
 سعودی عرب کی بڑھتی ہوئی دفاعی صلاحیتیں اور سرمایہ کاری کی گنجائش، ترکی کی جدید دفاعی صنعت اور پاکستان کا وسیع عسکری و عملی تجربہ مشترکہ پیداوار، تکنیکی ترقی، تحقیق اور تربیت کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ 

ایسا تعاون دفاعی صنعتوں کو مقامی سطح پر فروغ دینے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے، جو سعودی وژن 2030 کا ایک اہم مقصد ہے۔

بالآخر ہمارے ممالک کی سلامتی کو ان کے معاشی عزائم سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ 

سعودی عرب میں جاری غیر معمولی تبدیلی کے عمل کے لیے علاقائی استحکام، تجارتی راستوں کا تحفظ اور سرمایہ کاروں کا اعتماد ضروری ہے۔ 

پاکستان اور ترکی بھی معاشی ترقی اور تکنیکی پیش رفت کے حوالے سے اسی نوعیت کے عزائم رکھتے ہیں۔ اجتماعی سلامتی ان مقاصد کی تکمیل کے لیے ضروری استحکام فراہم کر سکتی ہے۔

پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر کی حیثیت سے تقریباً ایک دہائی خدمات انجام دینے کے دوران میں نے اس باہمی اعتماد کی گہرائی کا مشاہدہ کیا ہے جو ہمارے دفاعی تعلقات کی بنیاد ہے۔ 

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ترکی کی شمولیت اور تینوں ممالک کی جانب سے اپنے تعاون کو جس تیزی سے ادارہ جاتی شکل دی جا رہی ہے، اس سے مجھے اس شراکت داری کے مستقبل کے بارے میں خاصا اعتماد حاصل ہوا ہے۔

مکہ نے عزم کی بنیاد رکھی۔ استنبول اور ریاض نے اس کی ادارہ جاتی بنیادیں استوار کیں۔ اسلام آباد نے اسے عملی شکل کے مزید قریب پہنچا دیا ہے۔

 اب آگے کا کام اسی عزم، دانش مندی اور اتحاد کے ساتھ اس رفتار کو برقرار رکھنا ہے جس نے اب تک اس عمل کی رہنمائی کی ہے۔

اسلام آباد سے سامنے آنے والا پیغام ہمارے عوام کے لیے اطمینان اور جارحیت کے خلاف مشترکہ عزم کا پیغام ہے۔ سعودی عرب، پاکستان اور ترکی کسی ملک کے ساتھ تصادم نہیں چاہتے لیکن وہ اپنی خودمختاری اور سلامتی کا مشترکہ دفاع کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

سفارت کاری، دفاع اور دفاعی بازدار قوت کی رہنمائی میں یہ شراکت داری علاقائی استحکام کا ایک دیرپا ستون بن سکتی ہے۔ 

اس کی سب سے بڑی کامیابی ان جنگوں میں نہیں ہوگی جو یہ ممالک لڑ سکیں گے بلکہ ان جنگوں میں ہوگی جنہیں یہ روکنے میں کامیاب ہوں گے اور اس امن و خوشحالی میں ہوگی جس کے تحفظ میں یہ شراکت داری مدد دے گی۔

ڈاکٹر علی عوض العسیری ریاض میں انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ایرانی سٹڈیز کے نائب چیئرمین اور پاکستان و لبنان میں سعودی عرب کے سابق سفیر ہیں۔

ڈاکٹر علی عوض العسیری نے 2001 سے 2009 تک پاکستان اور 2009 سے 2016 تک لبنان میں سعودی عرب کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

وہ ریاض میں راسانہ (انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ایرانی اسٹڈیز) کے بورڈ ممبر بھی ہیں۔ 
انہوں نے بیروت عرب یونیورسٹی سے معاشیات میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی اور ’دہشت گردی کا مقابلہ: دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سعودی عرب کا کردار‘ کے عنوان سے ایک کتاب بھی تصنیف کی ہے، جو آکسفورڈ سے شائع ہوئی۔

 

 


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *