میں رابعہ احسن اور حنا جاوید کو محض اخبارات کی خبروں یا ٹیلی ویژن کی سکرینوں پر دیکھنے والی خواتین کے طور پر نہیں جانتی تھی۔
میری ان سے واقفیت پیشہ ورانہ زندگی کے ان راستوں سے تھی جہاں ہم خواتین پارلیمنٹ کی راہداریوں سے لے کر ٹی وی سٹوڈیوز تک اپنے کام، اپنی شناخت، اپنی محنت اور اپنے خوابوں کے ساتھ موجود ہوتی ہیں۔ ہم ایک دوسرے کو اس دنیا کا حصہ سمجھتی ہیں جہاں عورت اپنی قابلیت سے پہچانی جاتی ہے، جہاں اس کی رائے کی اہمیت ہوتی ہے اور جہاں اسے اپنے وجود کے لیے کسی کی اجازت درکار نہیں ہوتی۔
ایک نجی ٹیلی ویژن چینل سے وابستہ رابعہ احسن ٹی وی اینکر اور پروگرام میزبان تھیں، جو نومبر 2026 میں راولپنڈی میں اپنے گھر میں گولی لگنے سے جان کھو بیٹھیں، لیکن جب ان کی موت کی خبر سامنے آئی تو مجھے یوں محسوس ہوا جیسے ہمارے پیشہ ورانہ حلقے کی ایک اور خاتون نہیں، ہمارے اجتماعی تحفظ کا ایک اور یقین مر گیا ہو۔
45 سالہ حنا جاوید کو بھی 20 اگست کو راولپنڈی میں ان کے گھر میں قتل کر دیا گیا تھا۔ ان کا واقعہ ابھی ذہن سے محو نہیں ہوا تھا کہ رابعہ کی موت نے ایک ایسا سوال پیدا کر دیا، جس کا جواب دینا ہمارے معاشرے کے لیے آسان نہیں ہوگا۔ یہ دونوں خواتین ہمارے ہی اردگرد کی دنیا سے تعلق رکھتی تھیں۔
پڑھی لکھی، پیشہ ور، اپنی شناخت رکھنے والی خواتین۔ وہ عورتیں جو گھروں سے نکلتی تھیں، کام کرتی تھیں، لوگوں سے ملتی تھیں، اپنی ذمہ داریاں نبھاتی تھیں اور اپنی زندگی کے فیصلوں میں ایک باوقار مقام رکھتی تھیں۔ مگر المیہ دیکھیے کہ ان کی زندگی کا سب سے بڑا خطرہ کسی اجنبی گلی، کسی سنسان سڑک یا کسی نامعلوم حملہ آور سے نہیں بلکہ مبینہ طور پر ان کے اپنے گھروں سے جڑا ہوا سامنے آیا۔
یہ سوچ کر روح کانپ جاتی ہے کہ جن گھروں میں عورتیں دن بھر کی تھکن اتارنے، سکون حاصل کرنے اور اپنے آپ کو محفوظ محسوس کرنے کے لیے واپس آتی ہیں، وہی گھر ان کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
جس شخص کے ساتھ زندگی گزارنے کا عہد کیا جاتا ہے، جسے اپنا ہم سفر کہا جاتا ہے، اگر اسی رشتے کے اندر عورت کی زندگی غیر محفوظ ہو جائے تو پھر تحفظ کی تعریف کیا رہ جاتی ہے؟
رابعہ کے قتل کے معاملے میں ان کے شوہر کو پولیس نے گرفتار کیا ہے اور ابتدائی طور پر حادثاتی فائرنگ کا مؤقف بھی سامنے آیا۔ تفتیش ابھی جاری ہے اور کسی حتمی نتیجے تک پہنچنے کے لیے فرانزک شواہد اور عدالتی عمل کا انتظار ضروری ہے۔
حنا جاوید کے قتل میں بھی اہل خانہ نے اپنے تحفظات ظاہر کیے، متعدد افراد کے کردار پر سوالات اٹھائے گئے اور تفتیش کے مختلف پہلوؤں کا ازسرنو جائزہ لینے کی ضرورت پیش آئی۔
یہ مقدمات اپنے قانونی اور واقعاتی اعتبار سے الگ ہیں، لیکن ان کے درمیان ایک مشترکہ سماجی سوال ضرور موجود ہے: عورت آخر کہاں محفوظ ہے؟
میں سوچتی ہوں کہ آج اگر پارلیمنٹ کی راہداریوں میں کام کرنے والی، ٹی وی سٹوڈیوز میں بیٹھ کر قومی معاملات پر گفتگو کرنے والی، اپنے پیشے میں شناخت رکھنے والی خواتین بھی اپنے گھروں میں محفوظ نہیں تو عام عورت کا کیا حال ہوگا؟
وہ خاتون جو معاشی طور پر خودمختار نہیں، جس کے پاس اپنا گھر نہیں، جسے قانونی معاونت میسر نہیں، جو اپنے بچوں اور خاندان کے دباؤ میں خاموش رہنے پر مجبور ہے، وہ کس دروازے پر دستک دے گی؟
یہاں سب سے خوفناک بات یہ ہے کہ عورت کے اندر عدم تحفظ کا احساس اب صرف باہر نکلتے ہوئے نہیں، گھر واپس آتے ہوئے بھی پیدا ہونے لگا ہے۔
کیا بیوی کو اپنے شوہر کے غصے سے خوفزدہ ہونا چاہیے؟ کیا اسے اپنے اختلافِ رائے کے اظہار سے پہلے یہ سوچنا چاہیے کہ کہیں اس کی بات کسی کی انا کو زخمی نہ کر دے؟ کیا اسے اپنے گھر میں بھی اپنی آواز دھیمی، اپنے فیصلے محدود اور اپنی شخصیت چھوٹی کر کے رکھنی چاہیے تاکہ اس کی زندگی محفوظ رہے؟
اگر جواب ہاں ہے تو پھر ہم کس تہذیب، کس خاندانی نظام اور کس معاشرتی ترقی کے دعوے کر رہے ہیں؟
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ہمارے ہاں مردانہ برتری کی تربیت کا آغاز بہت معصومانہ انداز میں ہوتا ہے۔ بیٹا ضد کرے تو لاڈ، غصہ کرے تو طبیعت، بیوی پر آواز بلند کرے تو گھریلو معاملہ اور عورت کو دبائے تو مرد کا اختیار۔
لیکن بیٹی اپنی مرضی کا لباس پہن لے، اپنی رائے دے دے یا کسی ناجائز مطالبے کو ماننے سے انکار کر دے تو پورا خاندان غیرت کے نام پر عدالت لگا لیتا ہے۔
ہم نے مرد کو یہ تو سکھایا کہ گھر کا سربراہ کون ہے، لیکن یہ نہیں سکھایا کہ گھر میں رہنے والے دوسرے انسانوں کے حقوق کیا ہیں۔
آخر مرد کی ضد کا ذمہ دار کون ہے؟ وہ ماں باپ جو بچپن سے بیٹے کی ہر غلطی پر پردہ ڈالتے ہیں؟ وہ تعلیمی ادارے جو ڈگریاں دیتے ہیں مگر کردار سازی نہیں کرتے؟ وہ معاشرتی روایات جو عورت کی خاموشی کو اچھا کردار اور مرد کے غصے کو فطری حق سمجھتی ہیں؟ وہ مذہبی تشریحات جنہیں بعض لوگ اپنی خواہشات کے مطابق استعمال کرتے ہیں؟ یا وہ ریاست جو تشدد کی ابتدائی شکایات کو اکثر گھر کا اندرونی معاملہ سمجھ کر نظرانداز کرتی ہے؟
ذمہ داری ان سب کی ہے، مگر سب سے بڑی ذمہ داری اس شخص کی ہے جو اپنے عمل کا انتخاب کرتا ہے۔ کسی کی تربیت، انا، ذہنی کیفیت یا خاندانی ماحول قتل کا جواز نہیں بن سکتا۔ مردانگی کسی انسان پر اختیار جتانے کا نام نہیں، اپنے اختیار کو ذمہ داری سے استعمال کرنے کا نام ہے۔
اور ریاست؟ وہ کہاں ہے؟ خواتین کے تحفظ کے قوانین کس دن کام آئیں گے؟ پولیس کو گھریلو تشدد کی شکایات پر کس قدر سنجیدگی سے کارروائی کرنی چاہیے؟
کیا کسی عورت کو اپنی کہانی بتانے کے لیے پہلے قتل ہونا ضروری ہے تاکہ اس کے مقدمے پر اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنے، فرانزک رپورٹوں کا جائزہ لیا جائے اور حکام حرکت میں آئیں؟
حنا جاوید کے مقدمے میں تفتیش کے مختلف مراحل اور ممکنہ کوتاہیوں کا دوبارہ جائزہ لیا جانا اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ انصاف صرف بیانات میں نہیں بلکہ عملی نتائج میں دکھائی دے۔ رابعہ کے معاملے میں بھی کسی رعایت یا دباؤ کے بغیر حقائق سامنے آنے چاہییں۔
مجھے اس وقت ان دونوں خواتین کے خاندانوں کا دکھ بھی محسوس ہوتا ہے اور ان تمام پیشہ ور خواتین کی بے چینی بھی جو روزانہ اپنے گھروں سے نکلتی ہیں اور شام کو واپس لوٹتی ہیں۔
یہ کیسا تضاد ہے کہ ہم عورت کو معاشی طور پر مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں لیکن اس کی شخصی آزادی برداشت نہیں کرتے۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ گھر بھی سنبھالے، ملازمت بھی کرے، خاندان کی عزت بھی بنے، ہر مشکل میں ساتھ بھی دے، مگر اس کے اپنے حقوق اور خواہشات کی باری آئے تو اسے صبر اور قربانی کا سبق پڑھا دیا جائے۔
مجھے رابعہ اور حنا کے لیے صرف افسوس نہیں، ایک گہرا ذاتی دکھ ہے، کیونکہ وہ میرے لیے محض دو نام نہیں۔ وہ اس پیشہ ورانہ دنیا کی خواتین تھیں، جس میں ہم ایک دوسرے کو دیکھتے، پہچانتے اور اپنی جدوجہد کے ذریعے جگہ بناتے ہیں۔
ان کی موت ہمیں یہ احساس دلاتی ہے کہ عورت کی تعلیم، اس کا عہدہ، اس کی شہرت اور اس کی معاشی خودمختاری بھی اسے تشدد سے مکمل تحفظ نہیں دے سکتی، جب تک معاشرہ مرد کو عورت کی برابری اور انسانی حرمت کا احترام کرنا نہیں سکھاتا۔
میں یہ نہیں چاہتی کہ ہماری بیٹیاں مردوں سے خوفزدہ ہو کر زندگی گزاریں۔ میں یہ بھی نہیں چاہتی کہ شادی، محبت اور خاندان جیسے خوب صورت رشتے شک اور خوف کی علامت بن جائیں۔ لیکن میں یہ ضرور چاہتی ہوں کہ عورت کو یہ یقین ہو کہ اگر اس کے ساتھ زیادتی ہو تو قانون اس کے ساتھ کھڑا ہوگا، اگر وہ خطرے کی شکایت کرے تو اس کی آواز سنی جائے گی، اور اگر اس کی جان لی جائے تو اس کا قاتل کسی رشتے، اثرورسوخ یا سماجی دباؤ کی آڑ میں بچ نہیں سکے گا۔
رابعہ اور حنا کے قتل ہمیں ایک ایسے مقام پر لے آئے ہیں جہاں خاموش رہنا بھی ایک سماجی جرم محسوس ہوتا ہے۔ ہمیں اپنے بیٹوں کی تربیت پر نظرثانی کرنی ہوگی، اپنی روایات کا احتساب کرنا ہوگا اور ریاستی اداروں سے جواب طلب کرنا ہوگا۔
کیونکہ عورت کو اب صرف سڑکوں پر تحفظ نہیں چاہیے۔ اسے اپنے کمرے، اپنے گھر، اپنے رشتے اور اپنی ازدواجی زندگی میں بھی تحفظ چاہیے۔
رابعہ اور حنا کی یاد میں سب سے بڑا خراجِ عقیدت یہ ہی ہوگا کہ ان کے مقدمات انصاف تک پہنچیں اور کسی دوسری عورت کو اپنے ہی گھر میں زندگی کے حق کے لیے خوفزدہ نہ ہونا پڑے۔
نوٹ: یہ تحریر کالم نگار کی ذاتی آرا پر مبنی ہے، جس سے انڈپینڈنٹ اردو کے لیے متفق ہونا ضروری نہیں۔
