کیا صوبے کی تقسیم شورش کو کم کرسکتی ہے؟

اس وقت پاکستان میں نئے صوبوں کی بازگشت زور و شور سے جاری ہے۔ صوبوں کی تقسیم کا ایک واضح آئینی طریقہ کار موجود ہے۔ اس کے مطابق ہر صوبے کی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے بل پاس کروانے کے بعد اسے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا اور وہاں سے بھی دو تہائی اکثریت سے منظوری ضروری ہے۔ اس وقت آثار کچھ ایسے ہیں کہ تقسیم کے معاملے میں بھی شروعات شاید بلوچستان سے کی جائے۔

بلوچستان میں مطلوبہ اہداف کے حصول کے لیے کس جماعت کے پاس کتنی عددی قوت ہے۔

اس مقصد کے لیے سب سے پہلے تقسیم کا مجوزہ بل بلوچستان اسمبلی میں پیش کیا جائے۔ موجودہ صوبائی اسمبلی مخصوص نشستوں سمیت کل 65 ارکان پر مشتمل ہے۔ اس وقت حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کی ہے جبکہ دیگر جماعتوں میں مسلم لیگ ن اور بلوچستان عوامی پارٹی اس کا حصہ ہیں۔

عددی اعتبار سے اس وقت سب سے زیادہ نشستیں مسلم لیگ ن کے پاس ہیں، جس کے 18 ممبران ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے 17، جمعیت علمائے اسلام کے 12، باپ پارٹی کے پانچ، نیشنل پارٹی کے چار اور اے این پی کے تین ارکین ہیں۔ جماعت اسلامی، بی این پی عوامی، بی این پی، حق دو تحریک اور آزاد ممبران بھی ایک ایک نشست کے ساتھ موجود ہیں۔

صوبوں کی تقسیم کے حوالے سے موجودہ ملکی سیاسی صورت حال پر ایک نظر دوڑائی جائے تو پیپلز پارٹی اس تقسیم کے مکمل خلاف ہے جبکہ مسلم لیگ میں بھی دو رائے موجود ہیں۔ اگر ان کے موقف میں تبدیلی نہ آئی تو بلوچستان میں اس بل کا دو تہائی اکثریت سے پاس ہونا مشکل ہے۔

موجودہ اسمبلی کی دو تہائی اکثریت 43 اراکین بنتی ہے جبکہ اسے ناکام بنانے کے لیے 22 ووٹ درکار ہوں گے۔ دو تہائی اکثریت کسی ایک جماعت کے پاس نہیں ہے۔ جس طرح اس کا شور و غوغا ہے، مشکل ہے کہ ایسا بل شفاف طریقے سے منظور ہو جائے۔ اس کے لیے سخت پولیٹیکل انجینیئرنگ کی ضرورت ہوگی، جس طرح صادق سنجرانی کے لیے میر حاصل خان بزنجو (مرحوم) کے خلاف کی گئی تھی۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس وقت فیصلہ کن اعداد جمعیت علمائے اسلام اور نیشنل پارٹی کے پاس ہیں۔ 12 نشستوں کے ساتھ اپوزیشن لیڈر کا عہدہ جمعیت کے پاس ہے جبکہ نیشنل پارٹی بھی اس وقت ایک ہی پیج پر ہے اور مشترکہ اپوزیشن کا حصہ سمجھی جاتی ہے۔

اس تمام صورت حال میں جمعیت اور نیشنل پارٹی مل کر ایک اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ اس سے انہیں سیاسی فائدہ بھی بہت ہوگا۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اس وقت کوئی بھی جماعت اس کے حق میں نہیں ہے اور نہ ہی اسے عوامی سپورٹ حاصل ہے۔

12 نشستیں جمعیت اور چار نیشنل پارٹی کے پاس ہیں۔ اگر یہ مہم چلائیں اور لابنگ کریں تو وہ اے این پی کے تینوں ممبران اور اسد اللہ بلوچ کو اپنے ساتھ لا سکتی ہیں۔ کچھ حد تک شاید یہ امکان بھی ہو کہ مولانا ہدایت الرحمٰن بھی ان کا ساتھ دیں۔ اگر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نے اس کی مخالفت کی تو امید ہے کہ ان دونوں جماعتوں کے چند ایک ممبران، جو اپنی جماعتوں کے پیرا شوٹرز میں سے نہیں ہیں، ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

اس وقت اسمبلی میں موجود سب سے سینیئر سیاست دان اور پارلیمنٹیرین ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ پر بہت ساری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ اس صورت حال میں کیا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

شورش زدہ بلوچستان کو ممکنہ طور پر مزید تین صوبوں میں تقسیم کرنے سے وہاں دو دہائیوں سے جاری شورش کی شدت کو کم کرنے میں کس قدر فائدہ ہوگا؟ ممکنہ طور پر اگر مکران کو ایک الگ صوبے کا درجہ دیا گیا تو اس کی سٹرٹیجک اور سیاسی اہمیت بلوچستان کے تنازعے کے تناظر میں مزید توجہ کا مرکز بنے گی۔

بلوچستان کو مینیج نہ کرنے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں، مگر سب سے بڑی وجہ جو اس وقت درپیش ہے، وہ اس کا جغرافیائی محلِ وقوع ہے۔ سرکاری سطح پر بیانیہ اپنایا جا رہا ہے کہ بلوچستان اپنے رقبے اور وسائل کی کمی کی وجہ سے ترقی نہیں کر پا رہا ہے۔

وسائل کم ہیں، آبادی بکھری ہوئی ہے۔ بلاشبہ نئے صوبوں کے قیام کا مقصد بہتر طرزِ حکمرانی، ترقی اور محرومیوں کا ازالہ قرار دیا جا رہا ہے، لیکن ایسے وقت میں جب دنیا کی نظریں معدنی وسائل سے مالا مال ممالک پر مرکوز ہیں، یہ سوال اٹھنا بھی غیر ضروری نہیں کہ کہیں نئے صوبوں کے قیام کی بحث کا اصل محرک معدنی وسائل تو نہیں۔ یہاں کے لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کے لیے حکومت کے پاس کوئی پالیسی ہے یا صرف ان کے ساحل و وسائل پر نظریں ہیں؟

ایک تو عرصہ دراز سے پشتون جنوبی پختونخوا کا مطالبہ کرتے آ رہے ہیں، جب کہ اب جب وقت آ یا ہے تو وہ خاموش ہیں۔ چونکہ بلوچستان جغرافیائی لحاظ سے وسیع و عریض ہے اور وہاں کی آبادی اتنی بکھری ہوئی ہے کہ پھر یہ ہی مسئلہ ہوگا کہ وسائل دور دراز علاقے تک کیسے پہنچائے جائیں۔ سکیورٹی کے تناظر میں دیکھا جائے تو یہ مسئلہ مزید بڑھے گا، کم نہیں ہوگا۔

جغرافیائی لحاظ سے دیکھا جائے تو اس وقت دو ایسے ممکنہ صوبے ہوں گے جو سیاسی و سٹریٹیجک حوالے سے اہمیت کے علاوہ ساحل کے حوالے سے بھی اہمیت کے حامل ہیں۔ وہ ڈویژن ایک دوسرے سے کافی فاصلے پر ہیں، مگر دونوں ڈویژن اس وقت بلوچستان کی اہمیت کو دنیا کے سامنے بڑھاتے ہیں۔

مکران اور رخشان ڈویژن کی اہمیت

مکران چونکہ ماضی سے بلوچستان کے ایک اہم ڈویژن کے طور پر جانا جاتا ہے اور وہاں کا سیاسی منظرنامہ روزِ اول سے مختلف رہا ہے۔ قبائلی و سرداری نظام کا نہ ہونا، ترقی پسند اور نظریاتی سیاسی ماحول اس ریجن کی پہچان ہے۔

مکران اس وقت بلوچستان میں جاری ایمرجنسی کو ایندھن فراہم کرنے والا ریجن سمجھا جاتا ہے۔ چونکہ حال ہی میں مکران کے ضلع کیچ (تربت) کو اضلاع میں تقسیم کر کے ضلع تمپ بنایا گیا، اس کے بعد اب مکران کے موجودہ انتظامی ڈھانچے کے مطابق چار اضلاع ہیں، جن میں تربت (کیچ) صدر مقام ہے، جبکہ گوادر، پنجگور اور تمپ شامل ہیں۔

گوادر کیوں اہم ہے؟

حالیہ دنوں میں کوسٹل ایریا کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ کراچی سمیت گوادر، جو ساحلی بیلٹ ہیں، انہیں وفاق کے زیرِ تسلط لایا جائے گا۔ اس سے پہلے بھی یہ بحث شروع ہوئی تھی۔ اس وقت گوادر اس لیے اہمیت کا حامل ہے کہ سی پیک اور گہرے سمندر کی وجہ سے دنیا میں اس کی بہت اہمیت ہے۔ اگر مکران کو ممکنہ طور پر ایک الگ صوبہ بنایا گیا تو اس کی موجودہ حدود تو یہی ہیں، جن میں گوادر بھی شامل ہے، مگر صوبے کے لیے شاید مکران کے یہ چاروں اضلاع مطلوبہ معیار پر پورا نہ اتریں۔

اس کے لیے آواران اور رخشان کا کچھ حصہ یا لسبیلہ شامل کرنا پڑے گا۔ اگر یہ طے ہوا اور پیپلز پارٹی مان گئی تو امکان یہی ہے کہ کراچی کو الگ صوبہ بنانے میں بلوچستان کے کچھ قریبی علاقے بھی سندھ میں شامل کیے جا سکتے ہیں۔ ممکنہ طور پر لسبیلہ ایک ایسا علاقہ ہو سکتا ہے۔

کسی بھی سکیم یا سیاسی تبدیلی پر عمل درآمد کے لیے، اگر وہاں کے عوام کی منشا شامل نہ ہو، تو کسی بھی پالیسی پر عمل درآمد کرنا اتنا آسان نہیں۔ بلوچستان میں یہ اتنا آسان نہیں جتنا  ’کیلکولیٹ‘ کیا جا رہا ہے۔

اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ دنیا میں بہت سی ایسی تحریکیں تھیں جو بعد میں مذاکرات، سیاسی شراکت داری اور خودمختاری جیسے مطالبات منوا کر ختم کردی گئیں۔

بلوچستان کی جاری شورش اور انڈونیشیا کی (اچے) کی تحریک کا تقابلی جائزہ لیں تو دونوں خطوں میں سیاسی محرومی، قدرتی وسائل پر قومی شناخت، علیحدگی، سیاسی نمائندگی اور مرکز کے ساتھ عدم اعتماد جیسے عوامل مشترک دکھائی دیتے ہیں، تاہم (اچے) میں 1976 میں حسن دی طرو کی سربراہی میں شروع ہونے والی (فری اچے موومنٹ) کا بنیادی مطالبہ انڈونیشیا سے مکمل آزادی تھا، جسے 2005 کے امن معاہدے کے ذریعے خصوصی خودمختاری، سیاسی شمولیت اور وسائل میں حصہ داری کے نظام میں تبدیل کیا گیا۔

اس کے برعکس بلوچستان میں شورش کے محرکات، سیاسی مطالبات اور تاریخی پس منظر اپنی الگ پیچیدگیاں رکھتے ہیں، اس لیے (اچے) کی مثال یہ ضرور ظاہر کرتی ہے کہ سیاسی مذاکرات، اختیارات کی منتقلی، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور مقامی نمائندگی شورش کی شدت کم کرنے میں کردار ادا کر سکتے ہیں، لیکن محض انتظامی تقسیم یا نئے صوبوں کا قیام، جب تک ان کے ساتھ حقیقی سیاسی و معاشی اختیارات اور اعتماد سازی شامل نہ ہو، شورش کے خاتمے کی ضمانت نہیں بن سکتا۔

نوٹ: یہ تحریر مصنف کی ذاتی آرا پر مبنی ہے، جس سے انڈپینڈنٹ اردو کا متفق ہونا ضروری نہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *