خواتین کے خلاف تشدد: جرم گھر کے اندر ہو تو خاموشی کیوں؟

ایک دوست سے پچھلے دنوں رابطہ ہوا۔ ماہم (فرضی نام) میری قریبی دوست بھی نہیں، میری اس سے ذاتی ملاقات بھی نہیں لیکن پھر بھی کچھ نہ کچھ ہے جو ہمیں جوڑے رکھتا ہے۔ اور وہ ہے ‘ویمن ہوڈ’ جی ہاں وہ بھی حقوق انسانی کو برابری کی بنیادوں پہ پرکھتی ہے اور میں بھی۔

یوں ہی بات چیت میں 25 نومبر کا دن بھی آیا کہ جسے عالمی سطح پہ عورتوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ ابھی ہم فون پہ بات کر رہے تھے کہ ٹی وی اینکر ‘رابعہ احسن’ کے قتل کی خبر ٹی وی سے نشر ہونے لگی اور میں نے ماہم کو اس ہولناک خبر سے آگاہ کیا۔

اقوام متحدہ کے مطابق خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد دنیا بھر میں سب سے زیادہ پھیلی ہوئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں سے ایک ہے، جو اپنی زندگی میں ہر تین میں سے ایک عورت کو متاثر کرتا ہے۔ تاہم، بے شمار متاثرین کے لیے انصاف اب بھی ناقابل رسائی ہے۔ بہت سے لوگ تشدد کی رپورٹنگ، تحفظ اور مدد حاصل کرنے، یا مجرموں کو جوابدہ ٹھہرانے میں رکاوٹوں کا سامنا کرتے ہیں۔

چند دن بعد ماہم نے واٹس ایپ پر مجھ سے کہا کہ اگر میں عورتوں پہ تشدد کے حوالے سے اس کی کہانی بھی کہیں لکھوں تو میں نے پوچھا: ‘تشدد’ کس نوعیت کا؟ کہنے لگی ‘جسمانی، ذہنی اور جذباتی تشدد‘ کا ایک قصہ جو آج بھی میری زندگی کے ساتھ ہے اور میں صنف مخالف پہ مکمل بھروسا کرنے سے قاصر ہوں۔‘

مجھے لگا ماہم کو بولنے دوں، اس کے اندر کا غبار بیٹھنا ضروری ہے۔ اس کی کہانی کئی نوجوان لڑکیوں کی ہو سکتی ہے خصوصاً جن کو جوائنٹ فیملی میں رہنے کا اتفاق ہوا ہو۔ جہاں چھوٹے بڑے ہر عمر کے بڑے بھائی نما کزن بھی ہوں۔

ماہم نے اپنی کہانی مجھے لکھ بھیجی جس کے مطابق وہ بھی ایسے ہی ایک جوائنٹ فیملی سسٹم میں پلی بڑھی۔ مزاج کے اعتبار سے ‘ٹام بوائے’ ہونے کے باعث گھر والوں کی نکتہ چینی کا بھی سامنا رہا۔

بڑے کزن بھائی نے سائیکل سکھانے کے بہانے اس کے جسم کو ایسے ٹٹولا کہ شاید اب بھی بات کرتے ہوئے تھرا گئی۔ اپنوں ہی سے بھرے پرے گھر میں اس کے ساتھ یہ جسمانی جذباتی اور ذہنی تشدد متعدد بار ہوا۔ ایک نہیں گھر میں موجود کئی کزن ‘بھائیوں’ نے ظلم کیا۔

ماہم کے بقول ‘مجھے لگا اس میں میری ہی خطا ہو، میں دوپٹہ نہیں اوڑھتی اور لڑکوں کے ساتھ کھیلتی ہوں۔ والدین کو بتانے کا مطلب ڈانٹ سننا پڑے گی اور مجھے ہی قصور وار ٹھہرا دیں گے۔ میں نے ہمیشہ اس تکلیف کو چھپایا، خود پہ جھیلا اور سوچا کہ سبھی مرد ایسے ہی ہوں گے، ان پہ بھروسا نہیں کیا جا سکتا۔ میرے کزن ‘بھائی’ میرے جسم سے اپنی مردانگی کو سینچتے رہے اور میں آج تک ان واقعات کے بھیانک خوابوں کے ساتھ جی رہی ہوں۔ میری شادی ہو چکی ہے شوہر اور بچے بھی ہیں لیکن شاید شوہر کے ساتھ میرا رشتہ اس طرح نہیں پنپ سکا جو قدرتی طور پہ ہونا چاہیے۔ مجھے آج بھی بات کرنے، قربت کا اظہار کرنے اور بھروسا کرنے میں وقت لگ جاتا ہے۔‘

ماہم بیرون ملک مقیم ہیں اور ایک ادارے کے ساتھ ‘گھریلو تشدد‘ سے متعلق کونسلنگ کرتی ہیں۔

ماہم کا ماننا ہے کہ عورتوں پہ تشدد اس کی پہچان سے قبل ہی کئی شکلوں میں جاری ہوتا ہے لیکن ہم اسے نام نہیں دے پاتے۔ ماہم کے بقول ‘میرا قصور ہی کیا تھا، اپنے بھائیوں کی طرح سائیکل چلانے کا بس ایک خواب، جسے گھر کے مردوں کی گھناؤنی مردانہ جبلت نے راکھ کر دیا۔ میں کھلی فضا میں سانس لینا چاہتی تھی، اپنی اڑان بھرنا چاہتی تھی لیکن جو کچھ میرے ساتھ ہوتا رہا، میں کونوں میں بیٹھ کر سسکتی رہی، روتی رہی، خود کو قصور وار سمجھتی رہی کبھی والدین کو نہ بتا سکی۔‘

ماہم کی روداد جان کر پہلے تو رات بھر نیند نہیں آئی پھر سوچا چند صاحب رائے مرد و زن سے پوچھوں سماج میں ‘گڑبڑ’ ہے کہاں۔۔۔

سینیئر صحافی اور ٹی وی اینکر عامر متین نے اس ‘گڑبڑ’ کو یوں ڈفائن کیا ‘عورتوں کے خلاف تشدد کا خاتمہ تو نہیں ہو سکتا لیکن کمی ہو سکتی ہے۔ اس کی تشخیص تب ہی ہو گی جب سماجی ڈھانچے کو مساوی اصولوں پہ ترتیب دیا جائے۔ سکولوں، مذہبی اداروں سبھی کی مدد اور شعوری کوشش سے اس کو کم کیا جا سکتا ہے۔ سماج میں قائم کردہ صنفی علیحدگی کا سہرا ضیا الحق دور کو جاتا ہے، جب ریاست نے عورتوں مردوں کے درمیان سماجی علیحدگی کی بنیاد ڈالی اور اس نے بھی پدر شاہانہ سوچ کو تقویت بخشی۔ یہ سب ارتقائی عمل سے نہیں ہوا۔ باقاعدہ قوانین بنانے کی ضرورت ہے۔ اگر مزید تنزلی سے روکنا ہے۔’

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کیا قوانین کا سخت کیا جانا ہی اس مسئلے کا حل ہو سکتا ہے؟ انسانی حقوق کی کارکن شاعر اور مصنفہ عالیہ مرزا کا ماننا ہے کہ ‘عورتوں کے خلاف ان پر تشدد واقعات میں کمی لانے کے لیے سخت تر قوانین بنانے اور ان پر باقاعدہ عمل کیے جانے کی ضرورت ہے۔ سماج میں عدم برداشت نے بڑی جگہ گھیر رکھی ہے۔ مساوی بنیادوں پہ عورت کو اس کا مقام نہیں مل پا رہا۔ مردانہ انا عورت کی ترقی برداشت نہیں کر پاتی۔ اور یوں ہم آئے دن ایسے واقعات سنتے ہیں کہ پڑھی لکھی برسر روز گار خواتین تشدد کی نظر ہو گئیں اور ہولناک طریقوں سے مار دیا جاتا ہے۔‘

ہم شروع سے ‘بیٹیوں’ کی تربیت پہ زور دیتے ہیں، کیسے اٹھو بیٹھو، کس سے ملو کس سے نہ ملو، کسی نے کوئی بد اخلاقی کی تو برداشت کر لو، بیٹی کو ہم جھکنا سکھاتے ہیں اور بیٹوں کے لیے ‘مرغی ٹانگ’ سنبھال کے رکھنے سے لے کر ان کے بےجا لاڈ اور غلطیوں کی پردہ پوشی کا رواج عام ہے۔ یہ مزاج پدر شاہی کی مختلف کڑیوں کو جنم دیتا ہے۔

جینڈر اور سماجی ڈویلپمنٹ ماہر ریحانہ شیخ مانتی ہیں کہ ‘تشدد جرم ہے۔ موجودہ حالات میں اب گھریلو تشدد نجی معاملہ نہیں ہے، اس ضمن میں قوانین پہ عمل درآمد ضروری ہے۔ تشدد سے متعلق قانون میں کئی کمزوریاں ہیں لیکن اس کے نفاذ کی ضرورت ہے۔ ہمارے معاشرے میں گھریلو تشدد کو جیسے منظوری یا قبولیت حاصل ہے۔ لیکن جب اس کے خلاف قوانین موجود ہوں گے تو اس کی روک تھام ممکن ہو گی۔’

تشدد کے خلاف قوانین بھی ہوں اور ‘مک مکا’ والی ذہنیت کو بھی نہ پروان چڑھنے دیا جائے، مجرم کو کٹہرے میں لانا اور سزا وار قرار دینا ضروری ہے۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ ہم دیکھ سکتے ہیں کہ قندیل بلوچ کا قتل، نور مقدم کا قتل ہو ، سارہ انعام کا کیس ہو، حنا جاوید کا پر تشدد قتل یا اب رابعہ احسن کیس، زیادہ تر میں گھر والے خود ہی منصف بننے کی کوشش کرتے ملیں گے، لیکن یہ آپسی معافی تلافیاں اس تشدد کے رجحان کو قوی تر بنا سکتی ہیں۔ اس سے گریز کرنے کی قانونی کوشش کرنا ہو گی۔

مصنف اور تجزیہ کار ڈاکٹر ناظر محمود مانتے ہیں کہ ‘حالیہ رابعہ احسن کی موت میں جس طرح مقتولہ کی ماں اور بہن نے منصف بن کے اس قتل کو معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے تو یہ بھی ماننا پڑے گا کہ خواتین بھی اس پدر شاہی کی ایک شاخ کے طور پہ سماج میں اپنی گہری جڑیں رکھتی ہیں۔‘

اگر گھریلو سطح پہ والدین، باپ، بھائی، شوہر، بیٹے مساوی حقوق کی پاسداری کے اصولوں کو سامنے رکھ کے رشتوں کو پہچاننا اور نبھانا سیکھ جائیں تو شاید سماجی صنفی قدروں کو پامال ہونے سے بچایا جا سکے۔ اور کوئی دوسری ‘ماہم’ اپنے ہی گھر کے کونوں میں چھپ کے نہ روئے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *