چین کا شین ژو 24 خلائی مشن بدھ کی صبح کامیابی سے خلا میں روانہ ہو گیا ہے جس کے تین رکنی عملے میں شامل پاکستانی شہری ذیشان علی تیانگونگ خلائی سٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بن گئے ہیں۔
خلائی جہاز کو لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کے ذریعے پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر شمال مغربی چین کے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ کیا گیا۔
اس موقع پر پاکستان کے وفاقی وزیر احسن اقبال بھی وہاں موجود تھے جنہوں نے پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے ذیشان علی کے خلا میں جانے پر خوشی کا اظہار کیا۔
40 سالہ پائلٹ ذیشان علی مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔ وہ مشن میں پے لوڈ سپیشلسٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے اور سائنسی تجربات کے لیے خلائی اسٹیشن پر 5 سے 10 روز قیام کریں گے۔
Space Mission live from China. Proud of our astronaut Muhammad Zeeshan Ali and the entire Suparco team. Federal Minister Ahsan Iqbal sb @betterpakistan and Pakistan’s Ambassador in China present on launch site waving the Pakistani flag https://t.co/sruxaFLGI8
— Attaullah Tarar (@TararAttaullah) November 24, 2026
ان کے ہمراہ چینی مشن کمانڈر تانگ ہونگبو اور فلائٹ انجینئر وو یی بھی موجود ہیں۔
لانچنگ کے چند منٹ بعد سرکاری ٹی وی سی سی ٹی وی کی براہ راست نشریات میں تینوں خلا بازوں کو ایک دستی کتاب کا مطالعہ کرتے دیکھا گیا۔ نشریاتی ادارے کے مطابق عملے کے تمام ارکان کی حالت تسلی بخش ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
چین تیانگونگ خلائی سٹیشن کو بین الاقوامی تعاون کے مرکز کے طور پر فروغ دے رہا ہے، جبکہ ناسا کی قیادت میں قائم انٹرنیشنل سپیس سٹیشن کی 2030 تک ممکنہ ریٹائرمنٹ متوقع ہے۔
خلائی مشن کی تیاری کے لیے ذیشان علی نے بیجنگ میں سات ماہ تک تربیت حاصل کی، جس کے دوران انہوں نے چینی زبان کی خصوصی کلاسز میں شرکت کی، چینی گانے سیکھے اور شاعری پڑھی۔ انہوں نے خطاطی کی مشق بھی کی اور ٹیبل ٹینس کھیلی۔
ذیشان علی نے منگل کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں اپنے لیے خلا میں نہیں جا رہا، میرے کندھوں پر پاکستان کا نام ہے۔‘
چین اور پاکستان کے درمیان خلائی تعاون کا آغاز 1990 کی دہائی کے اوائل میں ہوا تھا۔ چین پاکستان کے متعدد سیٹلائٹس خلا میں بھیج چکا ہے، جبکہ پاکستان کا تیار کردہ ایک روور بھی 2028 کے لگ بھگ چین کے قمری مشن کے ذریعے چاند پر بھیجے جانے کا منصوبہ ہے۔
