امریکہ کی ایران کے ’شیڈو بینکنگ نیٹ ورک‘ پر نئی پابندیاں

امریکہ نے پیر کو ایران کے دو درجن سے زائد کرنسی ایکسچینج ہاؤسز، مبینہ فرنٹ کمپنیوں اور افراد پر پابندیاں عائد کی ہیں، جن کے بارے میں واشنگٹن کا دعویٰ ہے کہ وہ ایران کے ’شیڈو بینکنگ‘ نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔

اگست سے ایران کی معیشت کو امریکہ کی نئی پابندیوں کی ایک بڑی لہر کا سامنا ہے، جن کا مقصد واشنگٹن کی جانب سے ملک کے خلاف فوجی حملوں کے اثرات کو مزید بڑھانا ہے۔

ایرانی حکومتی ادارے اور بین الاقوامی پابندیوں سے بچنے کی کوشش کرنے والی کمپنیاں اپنے مالی لین دین کے لیے پیچیدہ نیٹ ورکس استعمال کرتی ہیں۔ واشنگٹن نے اس نظام کو ’شیڈو بینکنگ نیٹ ورک‘ کا نام دیا ہے۔

امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے پیر کو جاری کی گئی نئی تحقیق میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ جنوری 2025 سے رواں سال اگست تک ایران کے مبینہ ’شیڈو بینکنگ‘ نیٹ ورک سے منسلک سرگرمیوں کا حجم 14.7 ارب ڈالر رہا۔

محکمہ خزانہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’ایران کے ممکنہ شیڈو بینکنگ نیٹ ورکس براعظموں میں ایک دوسرے سے منسلک ہیں، جن کا نمایاں مرکز متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، ہانگ کانگ اور سنگاپور ہیں۔ یہ نیٹ ورکس تیل، جہاز رانی، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی خریداری اور دیگر شعبوں کے ذریعے کام کرتے ہیں۔‘

ایک الگ بیان میں امریکی محکمہ خزانہ نے کہا کہ نئی پابندیوں کا ہدف ’وہ مالیاتی ڈھانچہ ہے جو ایران کی باقی ماندہ بیرونی تجارت کے ایک بڑے حصے کو سہارا دیتا ہے۔ ان پابندیوں کے ذریعے ان ایکسچینج ہاؤسز، فرنٹ کمپنیوں اور سہولت کاروں کی سرگرمیوں میں خلل ڈالا جا رہا ہے، جو عالمی مالیاتی نظام کے ذریعے اربوں ڈالر منتقل کرتے ہیں۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان کے مطابق ایران کا ’شیڈو بینکنگ‘ نظام مرکزی بینک کی نگرانی میں کام کرتا ہے اور اس میں ایران میں قائم درجنوں غیر ملکی کرنسی کے ایکسچینج ہاؤسز اور نام نہاد ’رہبر‘ کمپنیاں شامل ہیں۔ یہ کمپنیاں بینکنگ سے منسلک ادارے ہیں جو اپنے صارفین کے لیے پابندیوں سے بچنے کے انتظامات کرتی ہیں۔

پیر کو پابندیوں کا نشانہ بننے والی کمپنیوں میں کم از کم آٹھ دبئی، ایک ترکی اور ایک ہانگ کانگ میں قائم ہے۔

امریکہ کا الزام ہے کہ دبئی میں قائم یہ کمپنیاں ایرانی ایکسچینج ہاؤسز کی جانب سے ’ہزاروں مالیاتی لین دین‘ میں ملوث رہی ہیں، جن کے ذریعے لاکھوں ڈالر منتقل کیے گئے۔

امریکہ اور اسرائیل نے فروری کے اواخر میں ایران پر حملے شروع کیے تھے، جس کے بعد خطہ تشدد کی لپیٹ میں آ گیا۔ تہران کی جوابی کارروائیوں میں واشنگٹن کے علاقائی اتحادیوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ توانائی کی ترسیل کے ایک اہم بحری راستے کو بھی بند کر دیا گیا۔

اگرچہ اس کے بعد سے لڑائی کی شدت میں کمی آئی ہے، تاہم آبنائے ہرمز اب بھی متنازع ہے اور تیل و قدرتی گیس کی قیمتیں بدستور انتہائی بلند سطح پر ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *