کراچی میں بارش کا پانی محفوظ کرنے کے لیے پاکستان کا پہلا سپنج پارک قائم

کراچی کے علاقے گلبرگ میں ایک ایسا پارک قائم کیا گیا ہے جہاں بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچانے اور اسے زمین میں جذب کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔

شہر میں پانی کی قلت کے باعث جہاں شہریوں کو روزمرہ ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، وہیں بارشوں کے دوران شہر کی سڑکوں پر جمع ہونے والا پانی نکاسی آب کے راستے سمندر میں چلا جاتا ہے۔

فیڈرل بی ایریا کے گلبرگ ٹاؤن میں واقع جمالی پارک کو پاکستان کا پہلا سپنج پارک قرار دیا جا رہا ہے۔ یہاں بارش کے پانی کو جمع کرنے، فلٹر کرنے اور قدرتی طریقے سے زمین میں جذب کرنے کے لیے خصوصی نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

پارک کے عقب میں رہائش پذیر سید توقیر حسین اس منصوبے کو علاقے کے لیے ایک اچھی پیش رفت قرار دیتے ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے سید توقیر حسین نے کہا کہ ’ڈبلیو ڈبلیو ایف کا سب سے زیادہ شکریہ کہ انہوں نے علاقے میں بہت اچھا کام کیا۔ گلبرگ ٹاؤن اور یو سی کا بھی شکریہ کہ ان کے تعاون سے یہ پارک بنایا گیا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے پارک بالکل ختم ہو چکا تھا اور پانی نہ ملنے کی وجہ سے وہاں لگے پودے بھی سوکھ جاتے تھے۔

’اس پارک میں لگے پودوں کو بھی سہولت رہے گی اور انہیں پانی ملے گا۔ میری اپیل ہے کہ علاقے میں مزید ترقیاتی کام کیے جائیں اور اس طرح کے مزید پارک بنائے جائیں، اس سے زمین کو بہت فائدہ ہوگا۔‘

سپنج پارک کیسے کام کرتا ہے؟

اس منصوبے کے بنیادی تصور کی وضاحت کرتے ہوئے ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کی منیجر واٹر سٹیورڈشپ اینڈ ریپلینشمنٹ پورٹ فولیو برائے سندھ و بلوچستان مہک سکندر نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم اسے پاکستان کا پہلا سپنج پارک قرار دے رہے ہیں۔ جس طرح ایک سپنج پانی کو اپنے اندر جذب کر لیتا ہے، اسی تصور کے تحت اس پارک کو بنایا گیا ہے۔‘

ان کے مطابق اس منصوبے کو بلیو گرین سپیس بھی کہا جاتا ہے، جس میں گرین سے مراد پارک کی ہریالی اور بلیو سے مراد پانی ہے۔

مہک سکندر نے بتایا: ’کراچی کی آب و ہوا اور ماحولیاتی ضروریات کو دیکھتے ہوئے ہم نے سوچا کہ کیوں نہ ایک ایسا ماڈل اور تجرباتی مقام بنایا جائے جو پالیسی کے مختلف نکات کو عملی طور پر نافذ کرنے میں مدد دے سکے۔‘

انہوں نے کہا کہ یہ پارک تین بنیادی مقاصد پورے کر رہا ہے، جن میں پاکستان کے پہلے اسپنج پارک کا تصور، بلیو گرین اسپیس کا فروغ اور بارش کے پانی کو قدرتی طریقے سے زمین میں جذب کرنا شامل ہیں۔

مہک سکندر کے مطابق کراچی میں پانی کی فراہمی پہلے ہی ناکافی ہے، جبکہ زیرِ زمین پانی کے مسلسل اخراج کے باعث سمندری پانی کے زمین کے اندر داخل ہونے اور زیرِ زمین پانی میں نمکیات کی مقدار بڑھنے جیسے مسائل بھی سامنے آ رہے ہیں۔

’یہ پارک بارش کے پانی کو قدرتی طریقے سے زمین میں جذب کرے گا۔ اس سے زیرِ زمین پانی کے ذخائر کو دوبارہ بھرنے میں مدد ملے گی اور اردگرد رہنے والی آبادی کو بھی فائدہ پہنچ سکتا ہے۔‘

ایک وقت میں ایک لاکھ گیلن پانی جمع کرنے کی گنجائش

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے فریش واٹر پروگرام کے کوآرڈینیٹر سید علی لاروش زیدی نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں بڑھتی ہوئی آبادی اور شہری پھیلاؤ کے باعث زیرِ زمین پانی نکالنے کا رجحان بہت زیادہ بڑھ گیا ہے، جس کے نتیجے میں پانی کی سطح مسلسل نیچے جا رہی ہے۔

ان کے مطابق: ’گلبرگ ٹاؤن کے رہائشیوں نے ہمیں بتایا ہے کہ یہاں زیرِ زمین پانی کی سطح 400 سے 500 فٹ تک نیچے جا چکی ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ جمالی پارک میں پانی کو زمین میں جذب کرنے کے لیے خصوصی انفِلٹریشن ٹرنچز بنائی گئی ہیں، جن کی مجموعی گنجائش ایک وقت میں ایک لاکھ گیلن پانی جمع کرنے کی ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سید علی لاروش زیدی نے وضاحت کی: ’بارش کے دوران اردگرد کے علاقے سے آنے والا پانی ان ٹرنچز میں جمع ہوگا۔ مثال کے طور پر اگر کسی بارش کے دوران اطراف سے 50 ہزار گیلن پانی آتا ہے تو یہ ٹرنچز اسے سنبھال سکتی ہیں، جبکہ ان کی مجموعی گنجائش ایک وقت میں ایک لاکھ گیلن ہے۔‘

اس نظام کے ذریعے بارش کا پانی جمع ہونے کے بعد بتدریج زمین میں جذب ہو سکے گا، جس سے زیرِ زمین پانی کے ذخائر کو دوبارہ بھرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

مسجد کے وضو کا پانی بھی استعمال ہوگا

اس منصوبے کی ایک اور خصوصیت قریبی مسجد کے وضو خانے سے خارج ہونے والے پانی کو دوبارہ قابلِ استعمال بنانا ہے۔

اس پانی کو مختلف مراحل سے گزار کر فلٹر کیا جائے گا اور بعد ازاں پارک کے پودوں اور درختوں کی آبپاشی کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔

فلٹریشن کے نظام میں بجری، ریت، سلیکا، ایکٹیویٹڈ کاربن، بائیوچار اور زیولائٹ جیسے مواد کی تہیں شامل ہیں، جن کا مقصد پانی میں موجود مٹی، باریک ذرات اور بعض آلودگیوں کی مقدار کم کرنا ہے۔

اس طرح پارک کی آبپاشی کے لیے تازہ پانی کی ضرورت کم کرنے کی بھی کوشش کی گئی ہے۔

مقامی درخت اور شہری گرمی میں کمی

سپنج پارک میں پانی محفوظ کرنے کے علاوہ کراچی کے مقامی درخت بھی لگائے گئے ہیں، جن سے مستقبل میں شہری ماحول کو بہتر بنانے اور کاربن جذب کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

سید علی لاروش زیدی کے مطابق: ’جب یہ درخت بڑے ہوں گے تو کاربن جذب کرنے میں مدد دیں گے۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے اور خاص طور پر کراچی میں ہر سال ہیٹ ویوز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایسے منصوبے شہری علاقوں میں ہیٹ آئی لینڈ ایفیکٹ کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔‘

ڈبلیو ڈبلیو ایف کے مطابق جمالی پارک میں بارش کے پانی کے انتظام کے ساتھ مقامی حیاتیاتی تنوع، تتلیوں اور دیگر جانداروں کے لیے بھی جگہ مختص کی گئی ہے، جبکہ شہریوں کو فطرت اور ماحول کے بارے میں آگاہی دینے کے لیے کمیونٹی لرننگ ایریا بھی بنایا گیا ہے۔

کراچی کے دیگر علاقوں میں بھی ایسے پارک بن سکتے ہیں؟

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان نے اپنی ویب سائٹ پر ’بلڈنگ واٹر سینسٹیو سوسائٹیز‘ کے نام سے 2025 سے 2029 تک کا ایک پروگرام متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد کراچی اور لاہور سمیت شہری علاقوں میں پانی کے پائیدار استعمال، قدرتی وسائل کے تحفظ اور ماحولیاتی بہتری کے لیے اقدامات کرنا ہے۔

جمالی پارک اسی نوعیت کے قدرتی حل کی ایک عملی مثال ہے، جہاں ایک روایتی پارک کو بارش کا پانی جذب کرنے اور محفوظ رکھنے والے مقام میں تبدیل کیا گیا ہے۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف، جی ایس کے اور گلبرگ ٹاؤن کے اشتراک سے تیار کیا گیا یہ منصوبہ مستقبل میں شہر کے دیگر علاقوں میں بھی اپنایا جا سکتا ہے، تاہم اس کی افادیت کا اندازہ بارشوں کے دوران پانی کے ذخیرے، زمین میں اس کے جذب ہونے کے عمل اور زیرِ زمین پانی کی سطح پر مرتب ہونے والے اثرات سے لگایا جا سکے گا۔

کراچی جیسے شہر میں، جہاں پانی کی قلت، شہری سیلاب اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت جیسے مسائل موجود ہیں، جمالی پارک کا یہ تجربہ اس سوال کا ایک ممکنہ جواب پیش کرتا ہے کہ بارش کے پانی کو صرف نکاسیٔ آب کا مسئلہ سمجھنے کے بجائے اسے مستقبل کے لیے ایک قدرتی ذخیرے میں کیسے تبدیل کیا جا سکتا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *