قانون موجود ہیں، پالیسیاں بن رہی ہیں اور ادارے قائم کیے جا رہے ہیں، لیکن کیا تشدد کا سامنا کرنے والی ایک عام عورت کو واقعی تحفظ، انصاف اور باعزت زندگی گزارنے کا موقع میسر ہے؟
میں پشاور میں ایک میٹنگ کے لیے جا رہی تھی کہ راستے میں ایک جاننے والی خاتون کا فون آیا۔ وہ شدید کرب میں چیخ رہی تھیں: ’بس، اب مجھ سے مزید برداشت نہیں ہوتا۔ میں یہ تشدد مزید برداشت نہیں کر سکتی۔‘
یہ خاتون) جن کا نام شناخت محفوظ رکھنے کی خاطر شازیہ رکھا ہے) ایک استاد ہیں جن کے شوہر بھی استاد ہیں اور دونوں کے پانچ بچے ہیں۔ شازیہ بتا رہی تھیں کہ وہ گذشتہ پندرہ برس سے مسلسل جسمانی تشدد کا سامنا کر رہی ہیں۔ ان کے بقول مار کھاتے وقت انہیں اکثر محسوس ہوتا تھا کہ شاید وہ اس بار زندہ نہیں بچ پائیں گی۔
وہ کہہ رہی تھیں کہ دن رات بچوں اور شوہر کی خدمت کرنے کے باوجود انہیں روزانہ مار پیٹ اور گالیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کے والدین اور بھائی سب صورت حال سے واقف ہیں، لیکن ان کا جواب ہمیشہ ایک ہی رہا ہے: صبر کرو۔ شازیہ کا سوال تھا کہ ’آخر کب تک؟ میں کہاں جاؤں؟ کس سے انصاف مانگوں؟
ان کی کال کے فوراً بعد ان کی والدہ اور بھائیوں کے فون آنے لگے۔ ان کا کہنا تھا کہ شازیہ جذباتی ہیں، یہ ان کا گھریلو معاملہ ہے اور وہ خود اسے حل کر لیں گے۔ مجھے کہا گیا کہ میں اس معاملے سے دور رہوں۔
یہ واقعہ محض ایک خاندان کی کہانی نہیں۔ یہ اس سوچ کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت ہمارے معاشرے میں گھریلو تشدد کو آج بھی ایک نجی اور خاندانی معاملہ سمجھا جاتا ہے ناکہ ایک سنگین سماجی مسئلہ اور عورت کے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی۔
ہمارے ہاں بہت سی خواتین کی تربیت ہی ان اقدار کے تحت ہوتی ہے کہ شوہر کی مار پیٹ برداشت کرنا، خاموش رہنا اور ہر حال میں گھر بچانا ان کی ذمہ داری ہے۔ انہیں کہا جاتا ہے کہ تم پہلی عورت تو نہیں ہو جو مار کھا رہی ہو۔ یہ تو ہوتا آیا ہے۔ بچوں کی خاطر صبر کرو۔ یہ ہی سوچ صرف خاندانوں تک محدود نہیں رہتی بلکہ معاشرتی رویوں اور بعض اوقات اداروں کے طرز عمل میں بھی نظر آتی ہے۔
نتیجتاً بہت سی خواتین تشدد کے خلاف آواز اٹھانے سے پہلے ہی ہار مان لیتی ہیں، کیونکہ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ آواز اٹھانے کی صورت میں شاید نہ خاندان ان کے ساتھ کھڑا ہوگا، نہ معاشرہ اور نہ ہی انہیں بروقت ادارہ جاتی تحفظ میسر آئے گا۔
اعدادوشمار کے پیچھے چھپی خاموشی
ایشین ڈویلپمنٹ بینک (ADB) کی نیشنل جینڈر بیسڈ وائلنس سٹڈی، پاکستان 2026، اس خاموشی اور ادارہ جاتی کمزوریوں کی ایک اہم تصویر پیش کرتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان ڈیموگرافک اینڈ ہیلتھ سروے 2017–18 میں تشدد کا سامنا کرنے والی 66 فیصد سے زیادہ خواتین نے بتایا کہ انہوں نے اس تشدد کے بارے میں کسی کو نہیں بتایا، حتیٰ کہ اپنے خاندان یا دوستوں کو بھی نہیں۔
یہ اعدادوشمار صرف تشدد کی موجودگی نہیں بلکہ اس کے گرد قائم خوف، سماجی دباؤ اور خاموشی کو بھی ظاہر کرتے ہیں۔ یہ بھی یاد رکھنا ضروری ہے کہ یہ اعدادوشمار 2017–18 کے سروے سے لیے گئے ہیں۔ انہیں آج کی صورتِ حال کا مکمل پیمانہ نہیں سمجھا جا سکتا۔ خود اے ڈی بی کی رپورٹ بھی ایک نئے، جامع اور باقاعدہ قومی سروے کی ضرورت پر زور دیتی ہے۔
رپورٹ کا ایک اور تشویش ناک انکشاف یہ ہے کہ پاکستان میں صنفی تشدد کے مقدمات میں مجموعی شرح استغاثہ ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ تشدد کی اطلاع دینے اور انصاف کے حصول کے درمیان ایک بہت بڑا خلا موجود ہے۔ اس کم شرح کے پیچھے متاثرہ خواتین اور ان کے خاندانوں کو دھمکیاں، صلح کے لیے دباؤ، مالی انحصار، طویل عدالتی کارروائیاں، شواہد کے حصول میں ناکامیاں اور اداروں پر اعتماد کی کمی جیسے عوامل کارفرما ہیں۔
انصاف تک رسائی؟
پاکستان میں خواتین کے تحفظ اور صنفی تشدد کے خاتمے کے لیے حالیہ برسوں میں متعدد قوانین، پالیسیاں اور ادارہ جاتی نظام متعارف کرائے گئے ہیں۔ گھریلو تشدد، کام کی جگہ پر ہراسانی اور جنسی تشدد کے خلاف قانون سازی ہوئی ہے۔ اینٹی ریپ ایکٹ 2021 کے تحت متاثرہ خواتین کی شناخت کے تحفظ اور سرکاری ہسپتالوں میں اینٹی ریپ کرائسز سیلز کے قیام جیسے اقدامات بھی شامل ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
لیکن اصل سوال یہ ہے کہ کیا ان قوانین اور اداروں تک ایک عام عورت کی رسائی ہے؟ کیا ایک خیبر پختونخوا کے دور افتادہ ضلع یا ضم شدہ علاقے میں رہنے والی عورت کو معلوم ہے کہ تشدد کی صورت میں اسے کہاں جانا ہے؟ کیا وہاں تربیت یافتہ عملہ، محفوظ پناہ گاہ، قانونی معاونت، طبی سہولت اور نفسیاتی مدد دستیاب ہے؟ اور سب سے بڑھ کر، کیا وہ اس بات پر اعتماد کر سکتی ہے کہ شکایت کرنے کے بعد اسے مزید خطرات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا؟
خیبر پختونخوا کے تناظر میں یہ سوالات اور بھی اہم ہو جاتے ہیں، جہاں دور دراز علاقوں میں خدمات تک رسائی، آمدورفت، معاشی انحصار، سماجی دباؤ اور اداروں کی محدود استعداد خواتین کے لیے انصاف کے راستے مزید مشکل بنا دیتے ہیں۔
طبی و قانونی افسران کی خالی آسامیاں: انصاف کے راستے میں ایک بڑی رکاوٹ
اے ڈی بی کی رپورٹ میں خیبر پختونخوا کے حوالے سے ایک نہایت تشویش ناک بات سامنے آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صوبے میں میڈیکل لیگل آفیسرز (MLOs) کی 199 منظور شدہ آسامیاں ہیں لیکن سب خالی ہیں۔ رپورٹ اس عہدے کو نفسیاتی طور پر مشکل، پیشہ ورانہ خطرات سے بھرپور اور محدود کیریئر امکانات کا حامل قرار دیتی ہے۔ اس کام سے وابستہ افسران کو ملزمان کے خاندانوں کی جانب سے دھمکیوں اور نفسیاتی معاونت کی عدم دستیابی جیسے مسائل کا بھی سامنا ہوتا ہے۔
میڈیکل لیگل آفیسر کا کردار خاص طور پر جنسی تشدد اور جسمانی تشدد کے مقدمات میں اہم ہوتا ہے۔ یہ افسر طبی معائنہ کرتا ہے، زخموں اور دیگر شواہد کو دستاویزی شکل دیتا ہے اور قانونی کارروائی کے لیے میڈیکل رپورٹ تیار کرتا ہے۔ اگر یہ عمل بروقت اور درست طریقے سے نہ ہو تو متاثرہ خاتون کے لیے انصاف کا حصول مزید مشکل ہو سکتا ہے۔
یہاں یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ 199 خالی آسامیوں کا عدد اے ڈی بی کی رپورٹ میں درج ہے۔اس کی موجودہ صورت حال کی تصدیق خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت سے ہونی چاہیے۔ تاہم اگر یہ صورت حال درست ہے تو یہ محض عملے کی کمی نہیں بلکہ انصاف کے پورے نظام کے لیے ایک سنگین خطرے کی نشاندہی کرتی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ ان آسامیوں کی ضلعی سطح پرتفصیلی صورت حال، خواتین میڈیکل لیگل افسران کی دستیابی اور خدمات کے معیار کی تفصیلات سامنے لائے۔
تحفظ صرف پناہ گاہ تک نہیں
رپورٹ ایک اور اہم خلا کی نشاندہی بھی کرتی ہے: تشدد سے متاثرہ خواتین کو دارالامان یا کسی محفوظ مقام تک پہنچا دینا ہی کافی نہیں۔ وہاں سے نکلنے کے بعد ان کی زندگی کیسے گزرے گی؟ انہیں محفوظ رہائش، روزگار، بچوں کی تعلیم، قانونی مدد اور نفسیاتی بحالی کے لیے کیا سہولت میسر ہوگی؟
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں دارالامان سے نکلنے والی خواتین کے لیے منظم بحالی، روزگار کی معاونت، محفوظ رہائش کے حوالے سے رہنمائی اور نفسیاتی فالو اَپ عموماً موجود نہیں۔ اس کا نتیجہ یہ نکل سکتا ہے کہ ایک خاتون، جس نے بڑی مشکل سے تشدد کے ماحول سے نکلنے کا فیصلہ کیا، معاشی اور سماجی مجبوریوں کے باعث دوبارہ اسی غیر محفوظ ماحول میں واپس جانے پر مجبور ہو جائے۔
شازیہ جیسی خواتین کے لیے سوال صرف یہ نہیں کہ وہ تشدد سے کیسے نکلیں؛ سوال یہ بھی ہے کہ نکلنے کے بعد ان کے پاس محفوظ زندگی گزارنے کے لیے کیا راستہ موجود ہے؟
قانون سازی سے آگے
صنفی تشدد کا خاتمہ صرف قوانین بنانے، سیمینار منعقد کرنے یا آگاہی مہمات چلانے سے ممکن نہیں۔ اس کے لیے خاندان، معاشرے، ریاست اور اداروں کے رویوں میں بنیادی تبدیلی درکار ہے۔
سب سے پہلے گھریلو تشدد کو نجی معاملہ سمجھنے کی سوچ کو چیلنج کرنا ہوگا۔ خاندانوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ گھر بچانے کے نام پر کسی عورت کو مسلسل تشدد برداشت کرنے پر مجبور کرنا مسئلے کا حل نہیں۔ تشدد کرنے والے فرد کو جواب دہ بنانا ضروری ہے، نہ کہ متاثرہ خاتون کو خاموش رہنے کا مشورہ دینا۔
اس کے ساتھ ساتھ پولیس، ہسپتالوں، عدلیہ، سوشل ویلفیئر اداروں اور دارالامان کے درمیان مؤثر رابطہ اور مربوط نظام قائم کرنا ہوگا۔ متاثرہ خواتین کو ایک ادارے سے دوسرے ادارے کے چکر لگانے اور بار بار اپنی کہانی سنانے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے۔
خیبر پختونخوا کے دور افتادہ اور ضم شدہ اضلاع میں تربیت یافتہ خواتین میڈیکل لیگل افسران کی تعیناتی، پولیس اور طبی عملے کی تربیت، قانونی معاونت، محفوظ پناہ گاہوں اور معاشی بحالی کے پروگراموں کو ترجیح دینا ہوگی۔ اسی طرح مردوں اور لڑکوں کو بھی صنفی مساوات اور تشدد کے خاتمے کی کوششوں میں شامل کرنا ضروری ہے کیونکہ رویوں کی تبدیلی کے بغیر پائیدار نتائج ممکن نہیں۔
حکومتی اداروں کو یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ شکایت درج کرانے والی خاتون کی شناخت اور معلومات محفوظ رہیں، اس کی رضامندی کے بغیر کوئی قدم نہ اٹھایا جائے اور شکایت کے بعد اسے انتقامی کارروائی یا مزید تشدد سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات موجود ہوں۔
شازیہ کے فون پر مجھے بار بار اس کا ایک سوال یاد آتا رہا کہ میں کہاں جاؤں؟ کس سے انصاف مانگوں؟ یہ سوال صرف شازیہ کا نہیں۔ یہ ان ہزاروں خواتین کا سوال ہے جو تشدد سہتی ہیں، خاموش رہتی ہیں، مدد مانگنے سے ڈرتی ہیں یا مدد مانگنے کے باوجود تنہا چھوڑ دی جاتی ہیں۔
کسی معاشرے میں خواتین کے تحفظ کا اصل پیمانہ یہ نہیں کہ وہاں کتنے قوانین بنائے گئے، کتنی پالیسیاں منظور ہوئیں یا کتنے ادارے قائم کیے گئے۔ اصل پیمانہ یہ ہے کہ جب ایک عورت اپنے گھر میں تشدد کا شکار ہو اور مدد کے لیے آواز اٹھائے تو کیا ریاست، معاشرہ اور اس کے اپنے لوگ اس کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں؟
جب تک ایک عورت کو یہ یقین نہیں ہوگا کہ اس کی آواز سنی جائے گی، اسے تحفظ ملے گا اور تشدد کرنے والے کو جواب دہ بنایا جائے گا، تب تک قوانین اور اداروں کے باوجود انصاف کا سفر ادھورا رہے گا۔
مصنفہ کا تعلق ضلع دیر زیریں سے ہے۔ وہ ایک سماجی کارکن ہیں جو اپنے خاندان کی پہلی خاتون ہیں جنہوں نے یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی۔ یہ تحریر ان کی ذاتی رائے پر مبنی ہے، جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔


