میں ہمیشہ خود کو ایک اچھا آدمی سمجھتا تھا۔ میں نے کبھی جان بوجھ کر کسی خاتون یا کسی اقلیتی گروہ سے تعلق رکھنے والے شخص کو تکلیف پہنچانا نہیں چاہی۔ بلکہ اگر کچھ تھا تو میں ہمیشہ ان کی مشکلات اور جدوجہد کے لیے ہمدردی ہی رکھتا تھا۔
لیکن جب میں اپنی بالغ زندگی پر نظر ڈالتا ہوں تو مجھے دکھائی دیتا ہے کہ نقصان پہنچانے میں میرا بھی ایک کردار رہا ہے، خواہ اس کی وجہ میری بے فکری پر مبنی لاعلمی تھی یا پھر کسی ناخوش گوار صورت حال سے بچنے کے لیے خاموش رہنا۔
مثال کے طور پر ایک مرتبہ میرے ٹیکسی ڈرائیور نے مجھے بتایا کہ کس طرح تارکین وطن اس کے ملک کو تباہ کر رہے ہیں۔ پھر اس نے یہ بات دوبارہ کہی اور وضاحت کی کہ اس کی رائے میں اصل مسئلہ مسلمان ہیں۔ میں ایک دن میں 14 گھنٹے کے سفر کے اختتام پر تھا اور سپا جا رہا تھا، جہاں میری مساج کی بکنگ ہو چکی تھی اور ایک نرم و ملائم گاؤن میرا منتظر تھا۔ چنانچہ جب اس نے آئینے میں میری آنکھوں میں دیکھا تو میں نے زبردستی ہلکی سی مسکراہٹ دی اور گول مول انداز میں کہا: ’ہمم، ہاں، ٹھیک ہے۔‘
میں نے خود کو یہ کہہ کر تسلی دی کہ میں صورت حال کو کشیدہ ہونے سے بچا رہا ہوں۔ یہ بات تقریباً پانچ فیصد درست تھی۔ باقی سب میرے سپا کے سفر کی وجہ سے تھا۔ اس نے یہ تقریر سنانے کے لیے مجھے چنا تھا۔ ایک سفید فام شخص، امریکی لہجہ، ایئرپورٹ سے آ رہا ہے اور کسی مہنگی جگہ جا رہا ہے۔ اس دوپہر جتنے بھی مسافر اسے مل سکتے تھے، ان سب میں اس نے اندازہ لگا لیا تھا کہ میں اس کی بات سننے کے لیے سب سے محفوظ شخص ہوں۔ اس نے تین سیکنڈ میں مجھے بھانپ لیا اور فیصلہ کیا کہ میں اسے بے آرام محسوس نہیں کراؤں گا۔ وہ درست تھا۔
لیکن صرف چھ الفاظ کافی ہوتے: ’میں اسے اس طرح نہیں دیکھتا۔‘ اس کی بجائے میں نے کہا: ’ہاں۔‘
جلد یا بدیر کوئی دوسرا شخص اس ٹیکسی میں بیٹھا ہوگا۔ شاید حجاب پہنے کوئی خاتون۔ اسے اس شخص کا وہ روپ دیکھنے کو ملتا جسے اپنی باتیں جاری رکھنے میں میں پہلے ہی مدد دے چکا تھا، ایک ایسا روپ جس کی میں نے ایک طرح سے توثیق کر دی تھی۔
ایک اور موقع بھی تھا جب میں ایک اجلاس میں موجود تھا اور میری ایک خاتون ساتھی نے اعلان کیا کہ وہ والدین کے لیے دی جانے والی رخصت پر جا رہی ہیں۔ اجلاس کی صدارت کرنے والا شخص، جو پی ایچ ڈی کے طلبہ کے طویل زچگی رخصت لینے کو پسند نہیں کرتا تھا، کچھ نہیں بولا۔ ہر کوئی خاموش ہو گیا اور ڈائریکٹر نے اجلاس کے ایجنڈے کو آگے بڑھا دیا۔
اجلاس کے بعد میں نے تنہائی میں اپنی ساتھی کو مبارک باد دی۔ اس سے میرا احساس جرم تو کچھ کم ہو گیا، لیکن ادارے کے ماحول کے لیے درست رویہ قائم کرنے میں اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ میں وہاں سب کے سامنے انہیں مبارک باد دے سکتا تھا۔ اس کی مجھے کوئی بہت بڑی قیمت نہیں چکانا پڑتی اور باقی سب لوگ بھی اس میں شریک ہو جاتے۔ لیکن میں خاموش رہا کیونکہ ایسا کرنا سب سے آسان تھا۔
اب میری عمر 46 سال ہے اور صرف گذشتہ چند برسوں میں ہی میں نے خود کو تبدیل کرنا شروع کیا ہے۔ اپنی زندگی کے بیشتر حصے میں، جب مرد میرے سامنے جنس پرستانہ یا نسل پرستانہ لطیفے سناتے تھے تو میں خاموش رہتا تھا، بعض اوقات ان خواتین کے سامنے بھی جو واضح طور پر مشکل میں دکھائی دیتی تھیں۔ افسوس ناک حقیقت یہ ہے کہ اس قسم کی صورت حال اکثر پیش آتی ہے اور زیادہ تر مرد میری طرح ہوتے ہیں۔ ہم ان باتوں سے بالکل اتفاق نہیں کرتے اور نہ ہی ہمیں وہ پسند ہوتی ہیں، لیکن ہم یہ بات بلند آواز سے کہتے بھی نہیں۔ ہم صرف بے آرامی کے ساتھ ہنس کر بات ٹال دیتے ہیں یا موضوع بدل دیتے ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
لیکن یہ کافی نہیں۔ ہم ’می ٹو‘ تحریک میں اس کے نتائج دیکھ چکے ہیں اور حال ہی میں امریکہ میں کورنیل ریپ کیس میں بھی۔ مجھے اس بات پر حیرت نہیں کہ اس گروپ چیٹ میں اتنے زیادہ مرد موجود تھے جو خاموش رہ کر بنیادی طور پر جو کچھ ہوا اس میں شریک بن گئے۔ اس طرح کے واقعات پیش آنے کی وجہ ایک زہریلا ماحول ہے، جہاں مرد برے رویے کو کھل کر غلط قرار دینے کے عادی نہیں، خواہ وہ محض کوئی لطیفہ ہو یا اس سے کہیں بدتر کوئی بات۔
مجھے یاد ہے کہ ایک مرتبہ میں نے آواز ضرور اٹھائی تھی۔ میں 1990 کی دہائی میں ایک نوعمر لڑکا تھا، سفید فام اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے خاندان میں بڑا ہو رہا تھا۔ میری زندگی مراعات یافتہ تھی اور میں اپنے اردگرد موجود خوف ناک چیزوں سے بے خبر تھا۔ لیکن جب ایک استاد ہمیں ایڈز کے بحران کے بارے میں بتا رہا تھا اور اس نے ہم جنس پرستوں کے خلاف ایک توہین آمیز بات کہی تو مجھے یہ درست نہیں لگا۔ میں نے کہا: ’مجھے نہیں لگتا کہ ہم جنس پرست ہونے میں کوئی برائی ہے۔‘ اس کے بعد کئی برس تک مجھے اپنے ہم عمروں کی جانب سے تضحیک اور ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ بولنے کی میری سزا تھی، اس لیے اس کے بعد کئی برس تک میں نہیں بولا۔
اب میں اسے مختلف انداز میں دیکھتا ہوں۔ اگر کوئی قیمت چکانی ہی ہے تو یہ قیمت مجھے، ایک مراعات یافتہ سفید فام مرد کو، چکانی چاہیے، نہ کہ اس گروہ یا شخص کو جسے برا بھلا کہا جا رہا ہو یا جس کا مذاق اڑایا جا رہا ہو۔ ایسی قیمت چکانے پر مجھے فخر ہونا چاہیے۔
اب میں بالکل یہ ہی کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ میں نے اپنی غلطیوں کے تناظر میں زیادہ آواز اٹھانا شروع کر دی ہے تاکہ لوگوں کو یہ احساس دلانے میں مدد کر سکوں کہ دنیا میں ہر شخص کی یکساں شرکت کتنی اہمیت رکھتی ہے۔
میں اپنی کہانی اس لیے بیان کرتا ہوں تاکہ دوسرے مردوں اور لڑکوں کی مدد ہو سکے۔ میں اپنی گذشتہ غلطیوں کا احتساب کر رہا ہوں۔ مثلاً جب میں 20 سے 29 سال کی عمر کے درمیان تھا، اپنی اس موجودہ اہلیہ سے ملنے سے پہلے جن سے میری شادی کو اب 18 برس ہو چکے ہیں، میں حد سے زیادہ رومان پسند تھا۔ اگر مجھے کوئی لڑکی پسند آ جاتی تو میں معصوم سی نظروں سے اس کے پیچھے پیچھے گھومتا رہتا، اس بات سے مکمل بے خبر کہ میرے کچھ رویے اسے مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔
اب جب میں وہ وقت یاد کرتا ہوں جب میں نے انڈرگریجویٹ کلاس میں اپنی ایک ساتھی لڑکی کی سالگرہ کے لیے تھیٹر کے دو مہنگے ٹکٹ خریدے تھے تو مجھے تکلیف محسوس ہوتی ہے۔ میں جانتا تھا کہ اس میوزیکل کو دیکھنا اس کی زندگی بھر کی خواہش تھی اور میں نے اسے اپنے فائدے کے لیے استعمال کیا تاکہ اسے میرے ساتھ ڈیٹ پر جانے پر آمادہ کر سکوں۔ اس کے پیچھے کوئی بدنیتی نہیں تھی، لیکن یہ اس بات کی ایک مثال تھی کہ میں چیزوں کو لین دین کے نقطہ نظر سے دیکھ رہا تھا اور یہ نہیں سوچ رہا تھا کہ اس سے وہ لڑکی کیسا محسوس کر سکتی ہے۔
میں اپنی نئی کتاب ’دی بگ فکنگ بک آن ہاؤ ٹو بی اے ڈیسنٹ گائے‘ میں میں نے اپنی غلطیوں کے بارے میں بات کی ہے۔ یہ کتاب میں نے قیادت کے شعبے میں کام کرنے والی بریجٹ پرائس کے ساتھ مل کر لکھی ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ مرد یہ جانیں کہ وہ اکیلے نہیں، لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ اس بارے میں بھی زیادہ سوچنا شروع کریں کہ ان کا رویہ دوسروں کو کس طرح متاثر کرتا ہے، خاص طور پر موجودہ ماحول میں۔ اگر میں آن لائن ’مینوسفیئر‘ کے دور میں بڑا ہوا ہوتا تو اس نے یقینی طور پر مجھے متاثر کیا ہوتا۔ لیکن اب بھی اس کے اثرات ہمارے اندر سرایت کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا استعمال کرنے والا مرد ہونا اور اس سے متاثر نہ ہونا تقریباً ناممکن ہے۔ آپ کو چوکنا رہنا ہوگا تاکہ سمجھ سکیں کہ وہ آپ کے ساتھ کیا کر رہے ہیں اور آپ کو اس کے خلاف مزاحمت کرنا ہوگی۔
مسئلہ یہ ہے کہ زہریلی مردانگی مردوں کو پراعتماد جملے دیتی ہے، انہیں یہ بتاتی ہے کہ الزام کس کو دینا ہے، کیا کہنا ہے اور کسی بھی محفل پر کس طرح حاوی ہونا ہے۔ اسے طاقت بنا کر پیش کیا جاتا ہے اور یہ اس کے خلاف دیے جانے والے بیشتر دلائل سے زیادہ اثر انداز ہوتا ہے۔ ایک ایسے لڑکے کے لیے جو خود کو کمزور محسوس کرتا ہے اور نہیں جانتا کہ اس بارے میں کیا کہے، پہلے سے تیار شدہ الفاظ کسی تحفے کی طرح محسوس ہوتے ہیں۔
زیادہ تر مہذب مرد نیک نیتی سے کام کر رہے ہوتے ہیں اور ان کے ذہن میں ایک مبہم سا منصوبہ ہوتا ہے کہ اگر صورت حال کبھی واقعی بہت خراب ہوئی تو وہ کچھ کہیں گے۔ پھر صورت حال ٹیکسی کی پچھلی نشست پر، کسی گروپ چیٹ میں یا عین ہماری آنکھوں کے سامنے خراب ہو جاتی ہے اور ہم موقع پر ہی کوئی ردعمل دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ اکثر ہمارا ردعمل خاموشی ہوتا ہے۔ لیکن جب بھی کوئی مہذب مرد خاموش رہتا ہے تو کمرے میں سب سے اونچی آواز میں بولنے والا مرد اصول طے کر دیتا ہے۔
اسی لیے میں مردوں کو ایک نیا طریقہ اور نئے الفاظ دینا چاہتا ہوں، جن کے تین حصے ہیں۔ کیا: کچھ نہ کچھ کہیں، خواہ بہت معمولی بات ہی کیوں نہ ہو۔ کیسے: تجسس کے ساتھ اور کسی قسم کا فیصلہ سنائے بغیر، تاکہ دوسرے شخص کے پاس بھی اپنی بات اور وجود کی گنجائش باقی رہے۔ کب: وہیں، اسی کمرے میں، اس وقت جب آپ کی بات اب بھی اہمیت رکھتی ہو۔
میں جانتا ہوں کہ اگر میں کسی حاشیے پر موجود گروہ کی حمایت میں آواز نہیں اٹھاؤں گا تو اس کی محرومی مزید بڑھتی جائے گی۔ میں اب بھی ہر مرتبہ درست طریقے سے ایسا نہیں کر پاتا، لیکن میں جانتا ہوں کہ مجھے کوشش ضرور کرنی ہے۔ مثلاً جب میں اقوام متحدہ کے ایک ادارے میں تھا اور میں نے مختلف شناختوں اور محرومیوں کے باہمی تعلق یعنی ’انٹرسیکشنالٹی‘ سے متعلق پالیسی تجویز کرنے کا انتخاب کیا۔ ایک سیدھے جنسی رجحان رکھنے والے سفید فام شخص کی حیثیت سے مجھے خود سے پوچھنا پڑا: کیا میں لوگوں کے کسی گروہ کی جانب سے بول رہا ہوں، یا موجودہ ماحول میں میں ہی وہ واحد شخص ہوں جو اس گفتگو کا آغاز کر سکتا ہے؟
میں بہت سے ایسے لوگوں سے بات کر رہا تھا جو میری طرح دکھائی دیتے تھے اور مجھے لگا کہ یہ درست کام ہے، یعنی ایک اہم موضوع کو اظہار کے لیے پلیٹ فارم دینا۔ لیکن میں باقاعدگی سے ’آواز اٹھانے‘ اور ’کسی کی طرف سے بولنے‘ کے درمیان فرق کی کشمکش سے تواتر سے گزرتا ہوں۔
ایک بات جو میں جانتا ہوں وہ یہ ہے کہ اب میں خاموش نہیں رہ سکتا۔ واقعی ایک مہذب آدمی بننے اور آواز اٹھانے میں بہت گہری حساسیت اور کمزوری کا احساس شامل ہے۔ اس کے ساتھ خود کو گہرائی سے جاننے کا احساس پیدا ہوتا ہے اور آپ محسوس کرتے ہیں کہ آپ اپنی زندگی میں اب تک کے سب سے حقیقی روپ میں ہیں۔ لیکن آواز اٹھانے کی اہمیت یہ ہے کہ آپ جانتے ہیں کہ آپ کون ہیں، اور اب آپ ایک ایسے انسان ہیں جس پر خود آپ فخر کر سکتے ہیں۔
جب بات کرنا ضروری ہو تو کچھ کہنے کے پانچ طریقے
1۔ ضرورت پڑنے سے پہلے اپنا جملہ تیار رکھیں
وہ لمحہ چند سیکنڈ میں آ جاتا ہے، عام طور پر اس وقت جب آپ تھکے ہوئے ہوں، تعداد میں کم ہوں یا بے آرامی محسوس کر رہے ہوں۔ جب دل تیزی سے دھڑک رہا ہو تو کوئی بھی درست بات نہیں کہہ پاتا۔
مختلف صورت حال کے لیے دو یا تین جملے پہلے سے منتخب کر لیں، جن میں آغاز اس جملے سے ہو سکتا ہے: ’میں اسے اس طرح نہیں دیکھتا۔‘
انہیں چند مرتبہ بلند آواز سے کہیں تاکہ جب آپ کو ان کی ضرورت ہو تو وہ آپ کے ذہن میں موجود ہوں۔
2۔ بات چھوٹی رکھیں، لیکن اسے بلند آواز سے کہیں
خاموشی کو رضامندی سمجھا جاتا ہے۔ اس ڈرائیور نے میرے ’ہاں‘ کو رضامندی سمجھا۔ جب میں اس اجلاس میں تھا جہاں میری ساتھی نے والدین کی رخصت کے بارے میں بتایا تو انچارج شخص نے کمرے کی خاموشی کو رضامندی سمجھ لیا۔ ایک جملہ کافی ہے۔
اس میں الزام یا خود کو اخلاقی طور پر برتر سمجھتے ہوئے غصے کا اظہار شامل نہ کریں اور دوسروں کو اپنی بات سننے پر مجبور کیے بغیر اپنے موقف پر قائم رہیں۔
3۔ اپنا دفاع کرنے سے پہلے سوال کریں
جب کوئی آپ کو چیلنج کرتا ہے یا آپ کے کسی رویے کو غلط قرار دیتا ہے تو آپ کے سینے میں اٹھنے والی گرمی بھی ایک اطلاع ہے۔ عام طور پر اس کا مطلب ہوتا ہے کہ اس شخص نے آپ کے اندر کسی چیز کو چھیڑ دیا ہے۔ جواب میں تردید کرنے سے پہلے سوال کریں:
’کیا آپ اس بارے میں مزید بتا سکتے ہیں؟‘
’میں کیا نہیں سمجھ پا رہا؟‘
’اس سے آپ کو کیسا محسوس ہوا؟‘ دفاعی رویہ اختیار کرنے کے بجائے سمجھنے کی کوشش کریں۔
4۔ بات اسی کمرے میں کہیں
راہداری ’آچھے‘ شخص کے لیے ہے۔ کمرہ اس شخص کے لیے ہے جو حقیقی معنوں میں مہذب ہے۔ جب کسی شخص کو نظر انداز کیا جاتا ہے تو کمرے میں موجود لوگ تقریباً چار سیکنڈ کے اندر سب سے سینیئر شخص کے طرز عمل کی نقل کرنے لگتے ہیں۔ اس وقت کو استعمال کریں۔
’مبارک ہو! کتنی خوشی کی بات ہے!‘
یہ جملہ کمرے میں موجود لوگوں کو ایک دوسرا شخص فراہم کرتا ہے جس کے رویے کی وہ پیروی کر سکتے ہیں، اور ایسا کرتے ہوئے کسی کو اپنی عزت بھی نہیں گنوانا پڑتی۔
5۔ غور کریں کہ کون دیکھ رہا ہے
جب بھی آپ کسی بات کو نظر انداز کر دیتے ہیں تو کوئی دوسرا شخص یہ سیکھ رہا ہوتا ہے کہ مرد ایسا ہی کرتے ہیں۔ وہ کوئی دوست ہو سکتا ہے۔ کوئی ساتھی۔ یا کوئی ایسا نوعمر لڑکا جو بظاہر آپ کی بات بمشکل سن رہا ہو۔ وہ دیکھ رہا ہے، اور ’مینوسفیئر‘ کے پاس پہلے ہی اس کے لیے تیار شدہ الفاظ موجود ہیں۔ کرسمس کی تعطیلات آنے والی ہیں اور آپ کے کھانے کی میز پر کوئی نہ کوئی شخص کچھ ایسا ضرور کہے گا۔ میں نے اپنا جملہ تیار کر رکھا ہے۔ اسے اسی کمرے میں کہہ دینا وہ حصہ ہے جس پر میں اب بھی کام کر رہا ہوں۔
جیسا کہ رادھیکا سنگھانی کو بتایا گیا
ڈاکٹر انتھونی گیانومس ’ایس ٹی ایف یو پروڈکشنز‘ کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹیو افسر ہیں اور اوسلو کے کرسٹیانیا یونیورسٹی کالج میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ہیں۔ بریجٹ پرائس کے ساتھ انہوں نے ’دی بگ فکنگ بک آن ہاؤ ٹو بی اے ڈیسنٹ گائے‘ مشترکہ طور پر لکھی ہے، جو آج مردوں کے عالمی دن کے موقع پر شائع ہوئی ہے۔

