پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کی تجویز پر پاکستان پیپلز پارٹی، حکومت اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنماؤں کے درمیان بیان بازی شدت اختیار کر گئی ہے۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بچانے کے لیے نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے اور اگر اس معاملے پر خون کا ایک قطرہ بھی بہا تو اس کی تمام تر ذمہ داری پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر عائد ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کی تشکیل کا فیصلہ سیاسی قیادت کے بجائے عوامی رائے سے ہونا چاہیے اور وزیراعظم کے پاس اس معاملے پر ریفرنڈم کرانے کا اختیار موجود ہے۔
مصطفیٰ کمال کے مطابق اگر سندھ حکومت نے واقعی کارکردگی دکھائی ہے تو اسے نئے صوبوں کے قیام کی بات سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں 10 صوبے بھی بن جائیں اور 10 وزرائے اعلیٰ ہوں تو اس پر بھی کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آئین میں نئے صوبوں کے قیام کا طریقہ موجود ہے اور آئینی ترامیم کوئی غیر معمولی بات نہیں۔ ان کے مطابق چھوٹے صوبے گورننس بہتر بنانے اور ملک کو بچانے کے لیے ضروری ہیں۔
انہوں نے سندھ میں وسائل کی تقسیم اور شہری علاقوں کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت پر تنقید کی۔
سعید غنی کا مصطفیٰ کمال کو جواب
دوسری جانب سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی نے مصطفیٰ کمال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نئے صوبوں کے معاملے پر اپنا مؤقف واضح انداز میں پیش کر چکے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ صوبوں کی آڑ میں ایک کھیل کھیلا جا رہا ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ نئے صوبے بنانے کا طریقہ آئین میں واضح طور پر درج ہے اور آئین کی من پسند تشریح نہیں کی جا سکتی۔
ان کے مطابق پیپلز پارٹی کو پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں نئے صوبوں کے قیام پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم سندھ سے نفرت کرنے کا کسی کو جواز حاصل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر سندھ میں نئے صوبوں کی بات کی جائے گی تو پیپلز پارٹی کو بھی اس معاملے پر اپنی رائے دینے کا حق ہے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ ایک طرف عام آدمی کی زندگی متاثر ہو رہی ہے اور دوسری جانب بعض حلقے نئے صوبوں کی بحث میں مصروف ہیں۔ بلاول بھٹو اس بات سے آگاہ ہیں کہ صوبوں کے معاملے کو کسی اور مقصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر معاملہ آئینی طریقے سے حل نہیں ہو سکتا تو اب ریفرنڈم کی باتیں کی جا رہی ہیں۔
طلال چوہدری کی بلاول بھٹو پر تنقید
اس سے قبل وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بھی بدھ کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جمہوریت صرف تقریریں کرنے اور آئین کے آرٹیکلز کی تشریح کرنے کا نام نہیں بلکہ اس میں کارکردگی اور گورننس بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نظریاتی طور پر آئین اور جمہوریت کے ہیرو بننے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن جب عملی کارکردگی کی بات آتی ہے تو صورت حال مختلف دکھائی دیتی ہے۔
طلال چوہدری نے کہا: ’کل بلاول بھٹو نے دھواں دھار تقریر کی۔ وہ آئین بنانے کے چیمپئن بنتے ہیں، لیکن عملی طور پر جمہوریت کے لیے ان کی کارکردگی صفر ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کئی مرتبہ حکومت میں رہ چکی ہے، لیکن اس کا تاثر ایسا دیا جاتا ہے جیسے اس کا حکومت سے کوئی تعلق ہی نہیں۔
’تین صوبوں میں آپ کی حکومت ہے، صدر پاکستان آپ کے والد ہیں اور 70 فیصد حکمرانی آپ کی ہے۔‘
وزیر مملکت نے کہا کہ آئین پر عمل درآمد کا مقصد عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے، جبکہ آئین میں ترامیم وقت اور حالات کے تقاضوں کے مطابق کی جاتی ہیں۔ بہتر گورننس اور عوام کے حالات بہتر بنانے کے لیے ماضی میں بھی آئینی تبدیلیاں ہوتی رہی ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کے بقول: ’پاکستان قائم و دائم رہے گا اور حالات کے مطابق آئینی عمل آگے بڑھتا رہے گا۔‘
بلاول بھٹو نے کیا کہا تھا؟
یاد رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے منگل کو کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کی تھی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ عوام کی خواہشات اور آئین و قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔
انہوں نے خبردار کیا تھا کہ زبردستی سندھ کی تقسیم سے معاشرے میں دشمنی اور خون خرابہ پھیل سکتا ہے اور کراچی کی سڑکوں پر بہنے والے خون کا جواب دینا ہوگا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ سندھ میں خون خرابہ نہیں دیکھنا چاہتے اور عوام کی تائید سے صوبہ بنانے کی حمایت کرتے ہیں۔
ریفرنڈم کی تجویز پر انہوں نے کہا تھا کہ معاملہ ریفرنڈم کا نہیں بلکہ نیت کا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں غیر جمہوری مقاصد کے لیے ریفرنڈم کرائے گئے ہیں، جبکہ نئے صوبوں کے قیام کا طریقہ آئین میں موجود ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ریفرنڈم کی تجویز دینا بھی ایسا ہے جیسے کوئی غیر آئینی راستہ تلاش کیا جا رہا ہو۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ بیک وقت حکومت کے مزے لینا اور اپوزیشن کرنا کھلا تضاد ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ نئے صوبوں اور گورننس میں بہتری کی بات کرنے سے عوام کو کیوں روکا جا رہا ہے اور فساد پیدا کرنے کے بجائے عوام کی مرضی کی بات کیوں نہیں کی جاتی؟
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن ایک ہی حکومت کا حصہ ہیں، اس لیے انہیں آپس میں بیٹھ کر بات کرنی چاہیے۔
انہوں نے سوال اٹھایا تھا کہ اگر ماضی میں ریفرنڈم کا غلط استعمال ہوا تو کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ ریفرنڈم کے ذریعے عوام کی مرضی جاننے کا حق ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا جائے؟
