کراچی: سابق امریکی قونصل جنرل کی رہائش گاہ پر بلند رہائشی عمارتیں بنانے کا منصوبہ

کراچی کے علاقے سول لائنز میں واقع سابق امریکی قونصل جنرل کی رہائش گاہ ڈینی گروپ نے خرید لی ہے، جہاں کمپنی بین الاقوامی اداروں کے اشتراک سے بلند رہائشی عمارتیں تعمیر کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

ڈینی گروپ کے سربراہ عبدالرؤف نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے جائیداد کی خریداری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’کمپنی نے متعلقہ جائیداد خرید لی ہے۔ کافی وقت پہلے خریداری سے متعلق معاملات طے پا گئے تھے لیکن اس پر عمل درآمد حال ہی میں ہوا ہے۔ اب جائیداد ہمارے نام پر منتقل ہو گئی ہے اور اس کا قبضہ بھی ہمارے حوالے کر دیا گیا ہے۔‘

ان کے مطابق اس مقام پر بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ مل کر ایک جوائنٹ وینچر منصوبہ ہوگا، جس کے تحت بلند رہائشی عمارتیں تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے۔

عبدالرؤف ڈینی نے بتایا کہ یہ معاہدہ امریکی محکمہ خارجہ (سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ) کے ساتھ ہوا ہے، تاہم رقم کی منتقلی سے متعلق تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے خفیہ ہیں اور وہ اس بارے میں نہیں بتا سکتے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ یہ جائیداد کتنی رقم میں خریدی گئی اور ادائیگی کس طریقے سے کی گئی تو انہوں نے اس بارے میں تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کیا۔

تاریخی عمارت برقرار رکھنے کا فیصلہ

ڈینی گروپ کے ڈائریکٹر لیگل گل حمید سموں نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ معاہدہ رواں برس 16 ستمبر کو ہوا تھا۔

گل حمید کے بقول: ’اس جائیداد پر پہلے سے موجود عمارت تاریخی ورثے (ہیریٹیج) میں شامل ہے، اس لیے اسے اپنی موجودہ حالت میں برقرار رکھا جائے گا، جبکہ پلاٹ کے خالی حصے پر نئی تعمیرات کی جائیں گی۔‘

گل حمید سموں کے مطابق خالی پلاٹ پر تعمیرات کے لیے مختلف متعلقہ محکموں سے لیز بھی حاصل کر لی گئی ہے، جبکہ جائیداد کی ملکیت بھی کمپنی کے نام منتقل ہو چکی ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے بتایا کہ معاہدے کے موقع پر یو ایس کونسلیٹ میں ایک تقریب بھی منعقد ہوئی تھی۔ اس وقت جائیداد کا قبضہ ڈینی گروپ کے پاس ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ میں کیا بتایا گیا؟

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق سابق امریکی قونصل جنرل کی یہ رہائش گاہ کراچی کے علاقے سول لائنز میں واقع ہے اور تقریباً ڈھائی لاکھ مربع فٹ رقبے پر مشتمل ہے۔

رپورٹ میں معاملے سے واقف افراد کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ڈینی گروپ نے یہ جائیداد امریکی حکومت سے تقریباً 25 ملین ڈالر میں خریدی ہے۔

اس جائیداد کی فروخت کے بعد اب اس مقام پر بلند رہائشی عمارتوں کی تعمیر کا منصوبہ سامنے آیا ہے، تاہم تاریخی عمارت کو برقرار رکھنے اور اس کے تحفظ سے متعلق معاملات بھی اس منصوبے میں اہمیت رکھتے ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *