خیبر پختونخوا میں نیا انتظامی ڈھانچہ عسکریت پسندی پر کیسے قابو پائے گا؟

خیبر پختونخوا میں عسکریت پسندی پر قابو پانے کے لیے ماضی میں فوجی آپریشنز اور مذاکرات سمیت مختلف حکمت عملیاں اختیار کی گئیں، لیکن صوبے کے کئی علاقوں میں امن و امان کی صورت حال بدستور ایک چیلنج ہے۔

اب وفاقی حکومت نے صوبے کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر کے ایک نیا انتظامی ڈھانچہ قائم کیا ہے، جس میں مقامی عمائدین کو شامل کرتے ہوئے جرگوں، ترقیاتی منصوبوں اور سکیورٹی اقدامات کے ذریعے حالات بہتر بنانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

حکومت اسے امن کی جانب ایک نئی کوشش قرار دے رہی ہے، تاہم سوال یہ ہے کہ کیا انتظامی تبدیلی اور مقامی عمائدین کا کردار عسکریت پسندی کے بنیادی اسباب ختم کرنے کے لیے کافی ہوگا؟

اس بات کا جائزہ لینے سے پہلے دیکھتے ہیں کہ صوبے میں عسکریت پسندی کی کیا صورت حال ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ اگست 2021 کی بات ہے جب افغانستان میں طالبان نے چند ہی دنوں میں کابل پر قبضہ کر کے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا اور عبوری حکومت کا اعلان کیا۔

اس وقت تک پاکستان، بالخصوص خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورت حال بڑی حد تک بہتر ہو چکی تھی اور عسکریت پسندی کے واقعات میں کمی دیکھی گئی تھی۔

تاہم افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا، خاص طور پر قبائلی اضلاع میں عسکریت پسندی نے دوبارہ سر اٹھایا اور پولیس و سکیورٹی فورسز پر حملوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، جن میں جانی و مالی نقصان بھی اٹھانا پڑا۔

عسکریت پسندی پر تحقیق کرنے والے ادارے ’پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پیس سٹڈیز‘ کی 2024 کی رپورٹ کے مطابق افغان طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد 2019 اور 2020 کے مقابلے میں 2021 سے 2023 کے دوران پاکستان میں عسکریت پسندی کے واقعات میں 64 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

اس عرصے میں عسکریت پسندی میں سب سے زیادہ اضافہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں ریکارڈ کیا گیا۔ اس پر قابو پانے کے لیے پولیس اور سکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز بھی کیے، تاہم عسکریت پسندی پر قابو پانا ممکن نہ ہو سکا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خیبر پختونخوا حکومت نے 2022 میں افغان طالبان کی ثالثی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ بھی شروع کیا، لیکن یہ کوششیں بے سود ثابت ہوئیں۔

گورنر راج اور ایمرجنسی کا نفاذ

خیبر پختونخوا میں قائم پی ٹی آئی حکومت اور وفاقی حکومت کے درمیان سیاسی اختلافات میں شدت آنے کے بعد وفاقی حکومت نے صوبے میں بڑھتی ہوئی عسکریت پسندی کو جواز بناتے ہوئے اکتوبر 2026 میں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کر دی۔

اس کے ساتھ ہی صوبے کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی کے تحت ایک نیا انتظامی ڈھانچہ قائم کیا گیا، جس کے لیے الگ کونسل بھی تشکیل دی گئی۔

اس کونسل کو ’ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈیولپمنٹ کونسل‘ کا نام دیا گیا ہے، جس میں ان 12 اضلاع کے 48 عمائدین اور مشران کو شامل کیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت کا مؤقف ہے کہ اس نئے انتظامی ڈھانچے کے ذریعے مقامی عمائدین کو ساتھ ملا کر عسکریت پسندی پر قابو پانے اور امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

کونسل امن و امان کیسے بہتر کرے گی؟

ملک خان مرجان کا تعلق شمالی وزیرستان سے ہے اور وہ ان 12 اضلاع کے لیے قائم کونسل کے وائس چیئرمین ہیں۔ ان کے مطابق کونسل امن و امان کے مسائل جرگوں کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرے گی۔

ملک خان مرجان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ کونسل کے ارکان تمام اضلاع میں جرگے کریں گے اور جو ناراض ہیں، ان لوگوں کو راہِ راست پر لائیں گے۔

تاہم خان مرجان نے ٹی ٹی پی کا نام لیے بغیر بتایا کہ ’ناراض لوگوں کو جرگوں کے ذریعے راہِ راست پر لائیں گے اور مجھے یقین ہے کہ اس میں ہمیں کوئی مشکل نہیں ہوگی۔‘

ان کا مزید کہنا تھا: ’ان کو (ناراض لوگوں) کو راہ راست پر لائیں گے اور ان کی ذمہ داری بھی لیں گے۔ ہم نے جب بھی ایسا قدم اٹھایا ہے تو قوم کے لوگوں نے ہمیشہ ساتھ دیا ہے۔‘

افغان طالبان سے بات چیت کے حوالے سے خان مرجان نے بتایا کہ ’ہمارے اپنے گھر میں آگ لگی ہے، پہلے اس مسئلے کو حل کریں گے اور اس کے بعد ہم دنیا کی کسی بھی جگہ مسائل کے حل پر بات کر سکتے ہیں۔‘

وفاقی حکومت کا نیا منصوبہ کیا ہے؟

وفاقی حکومت اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اپنے بیانات میں متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ چھ مہینوں میں صوبے کی حالت بدل دی جائے گی، جس میں امن و امان کی بہتری کو ترجیح حاصل ہے۔

ماضی میں کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات بھی کیے گئے اور متعدد فوجی آپریشنز بھی ہوئے، لیکن اب سوال یہ ہے کہ وفاقی حکومت کے پاس ایسا کون سا نیا منصوبہ ہے جس سے صوبے میں عسکریت پسندی میں کمی لائی جا سکے؟

اس حوالے سے ان 12 اضلاع کے لیے وزیر اعظم کے مشیر برائے اطلاعات محمود جان بابر نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ان علاقوں کے لوگوں کو ’زندگی اور ترقی‘ دی جائے گی۔

محمود جان بابر کے مطابق: ’ترقیاتی منصوبے بھی ان اضلاع میں شروع ہوگئے ہیں اور وزیر اعظم سمیت پاکستان فوج کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام شروع ہو چکا ہے۔ پہلے ہم ان اضلاع کے عوام کو ترقی اور زندگی دیں گے جو ہمیشہ نظر انداز کیے گئے ہیں۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’وہاں کے لوگوں کو بتائیں گے کہ ملک کی بربادی میں حصہ ڈالنے والوں کو وہ علاقہ چھوڑنے کا کہیں، تاکہ علاقے میں مزید ترقی اور امن ممکن بنایا جا سکے۔‘

محمود جان بابر نے کہا: ’وہ گھرانے جن کے اپنے لوگ عسکریت پسندی میں شامل ہیں، ان سے بھی کہا جائے گا کہ وہ اپنے خاندان کے افراد کو کہیں کہ علاقہ چھوڑ دیں تاکہ وہاں کے عوام کو بہتر زندگی جینے کا موقع فراہم کیا جائے، لہٰذا پہلے عوام کے ذریعے عسکریت پسندوں کو علاقہ چھوڑنے کا کہا جائے گا۔‘

انہوں نے مزید بتایا: ’اس کے بعد اگر یہ لوگ (عسکریت پسند) علاقہ نہیں چھوڑیں گے تو ہمارے پاس آخری گولی اور آخری اینٹی بایئوٹک جس سے اس بیماری کا علاج ہے، وہ طاقت کا استعمال ہے اور سکیورٹی فورسز اور پولیس اس میں اپنا کردار ادا کریں گے۔‘

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ مذاکرات کی پیشکش نہیں ہوگی بلکہ علاقے کے عوام خود اپنی طرف سے عسکریت پسندوں کو علاقہ چھوڑنے کا کہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر عسکریت پسند حکومت کے سامنے سرینڈر کرتے ہیں تو ان کے لیے بھی حکومت کوئی راستہ نکالے گی اور یہ موقع موجود ہوگا۔

نئے انتظامی ڈھانچے سے متعلق تجزیہ کاروں کی رائے

بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ وفاقی حکومت کے اس نئے منصوبے سے خیبر پختونخوا میں حالات بہتر ہو سکتے ہیں، تاہم بعض کے مطابق عسکریت پسندی کے بنیادی اسباب دور کیے بغیر اس مسئلے کا خاتمہ ممکن نہیں۔

ڈاکٹر یوسف علی سکیورٹی امور کے ماہر ہیں اور خیبر پختونخوا میں عسکریت پسندی اور میڈیا کے کردار پر پی ایچ ڈی کا مقالہ لکھ چکے ہیں۔

انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ گورنر راج سے پہلے جنوبی اضلاع میں پولیس نے مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر امن کمیٹیاں قائم کی تھیں، تاہم ان کمیٹیوں اور پاکستان فوج کے درمیان رابطے اور ہم آہنگی کا فقدان تھا۔

ڈاکٹر یوسف کے مطابق: ’امن کمیٹیاں خود کارروائیاں کرتی تھیں اور سکیورٹی فورسز کو آنے نہیں دیتی تھیں لیکن اب گورنر راج لگنے کے بعد وہ کمیٹیاں ختم ہوجائیں گی اور سکیورٹی فورسز کو جہاں کارروائی کرنے کی ضرورت ہوں گی تو کوئی رکاوٹ نہیں ہوں گی۔‘

اسی طرح ڈاکٹر یوسف علی نے بتایا کہ ’میری اطلاعات کے مطابق وزیرستان سے عسکریت پسندوں نے انخلا شروع کیا ہے اور بظاہر یہی لگ رہا ہے کہ جب بھی فوجی آپریشن شروع ہوتا ہے تو عسکریت پسندوں کے بڑے کمانڈرز انخلا کرتے ہیں۔‘

انہوں نے اعلیٰ سکیورٹی حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ حکام ان اضلاع کا مکمل ڈیٹا جمع کر رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کہاں ترقیاتی منصوبوں کی ضرورت ہے اور کن شعبوں میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ ان کے مطابق نئے انتظامی ڈھانچے کے تحت عوام کو عملی طور پر کچھ نہ کچھ دکھایا جائے گا۔

تاہم یوسف علی سمجھتے ہیں کہ وفاقی حکومت کا یہ منصوبہ کہ علاقے کے لوگ عسکریت پسندوں کو وہاں سے جانے کا کہیں، مسئلے کا مستقل حل نہیں ہے۔

ان کے مطابق: ’وفاقی حکومت کا یہ منصوبہ کہ علاقے کے لوگ عسکریت پسندوں کو جانے کا کہہ دیں، مسئلے کا حل نہیں ہے کیونکہ وہ اگر وہاں سے نکل بھی جائیں تو قریبی کسی دوسرے ضلعے میں چلے جائیں گے، اس سے مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔‘

ان کا کہنا تھا: ’امن و امان کے مسئلے کے حل کے لیے ایک مربوط پالیسی کی ضرورت ہے، جس میں عوام کو بھی اعتماد میں لیا جائے اور اس مسئلے کو بھی حل کیا جائے۔‘

یوسف علی نے مزید بتایا کہ ’بنیادی وجوہات جیسے وہاں ترقی کی کمی، تعلیم کی کمی اور روزگار کی کمی جیسے مسائل پر توجہ مرکوز کرنا ہوگا، تب ہی یہ عسکریت پسندی کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔‘


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *