پروفیسر عجلت پاکستان کی ایک نامور جامعہ میں درس و تدریس سے وابستہ ہیں۔ موصوف مصروف تخلص کرتے ہیں حالانکہ شعر نہیں کہتے۔ اس کی انہیں فرصت ہی نہیں ملتی۔ تخلص البتہ ایسا ہے کہ شعر کے بغیر بھی خوب چلتا ہے۔
ہر پروفیسر کی طرح ان کا بھی ایک دفتر ہے۔ دفتر کے دروازے پر ان کے نام کی تختی لگی ہوئی ہے۔ اس تختی کے عین نیچے ایک موٹا سا تالا بھی لگا ہوا ہے۔ تختی کہتی ہے کہ پروفیسر صاحب یہاں بیٹھتے ہیں۔ تالا کہتا ہے کہ نہیں بیٹھتے۔ ہم نے ان دونوں میں ہمیشہ تالے کو سچا پایا ہے۔
بعض طلبہ نے چار سال اسی دروازے کے سامنے گزار دیے، حتیٰ کہ ان کے رخصت ہونے کا وقت آ گیا، تاہم پروفیسر صاحب انہیں کبھی دفتر کی طرف آتے ہوئے دکھائی نہیں دیے۔
ڈپارٹمنٹ میں مشہور ہے کہ پروفیسر عجلت سے ملنا ہو تو ان کے دفتر مت جائیں۔ ڈپارٹمنٹ کی راہداری میں کھڑے ہو جائیں۔ تھوڑی دیر میں یہ خود وہاں سے گزریں گے۔ کبھی یہاں سے آتے ہوئے، کبھی وہاں کو جاتے ہوئے۔ بغل میں لیپ ٹاپ ہوگا، ہاتھ میں موبائل فون، ماتھے پر پسینہ اور چہرے پر ایسی فکر جیسے پوری قوم کا بوجھ ان ہی کے کندھوں پر ہو۔ آپ سلام کریں گے اور یہ جواب دیتے دیتے راہداری کے اگلے موڑ پر پہنچ چکے ہوں گے۔
کبھی دو پل کو رک جائیں اور آپ پوچھ لیں کہ جناب کدھر چلے تو کہیں گے میٹنگ میں جا رہے ہیں۔ کس کی میٹنگ ہے، کس سے ہے، کس لیے ہے، یہ پوچھنے کی مہلت آج تک کسی کو نہیں ملی۔
ایک بار اتفاق سے ہم بھی اس میٹنگ میں جا نکلے جس کے لیے یہ بھاگا کرتے ہیں۔ میٹنگ دس بجے تھی۔ یہ پونے گیارہ بجے ہانپتے ہوئے داخل ہوئے اور فرمایا کہ معاف کیجیے، ایک اور میٹنگ میں تھا۔
پھر درخواست کی کہ بات ذرا شروع سے دہرا دی جائے۔ بات شروع سے دہرائی گئی۔ جو معاملہ آدھ گھنٹا پہلے طے ہو چکا تھا، اس پر انہوں نے ایک نکتہ اٹھایا اور ایسا اٹھایا کہ معاملہ دوبارہ کھل گیا اور میٹنگ کے اختتام تک بند نہ ہو سکا۔
دورانِ بحث ان کا فون بجنے لگا۔ فون کان سے لگائے کمرے سے باہر نکل گئے اور پھر چائے کے وقفے تک واپس نہیں آئے۔ یہ ہر وقت جتنی عجلت میں دکھائی دیتے ہیں، لیکچر اتنے ہی اطمینان اور عقیدت سے دیتے ہیں۔
پندرہ منٹ انہیں کلاس تک پہنچنے میں لگتے ہیں۔ دس منٹ یہ بچوں کو آنے کے لیے دیتے ہیں۔ پھر حمد و ثنا ہوتی ہے۔ اس کے بعد قومی ترانہ پڑھا جاتا ہے۔ قریباً آدھ گھنٹا اس میں صرف ہو جاتا ہے۔ پھر پچھلے لیکچر کی یادیں تازہ کی جاتی ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ابھی پچھلی یادیں تازہ ہی کی جا رہی ہوتی ہیں کہ بریک کی گھنٹی بج جاتی ہے۔ بریک کے بعد طلبہ کو لوٹنے میں دس منٹ لگتے ہیں اور انہیں پندرہ۔ سب کے بیٹھنے کے بعد سانس ٹھیک ہونے کا انتظار کیا جاتا ہے۔
پھر لیپ ٹاپ کو پروجیکٹر کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ کبھی آئی ٹی والوں کو بلایا جاتا ہے، کبھی خود تاروں اور بٹنوں سے دو دو ہاتھ کیے جاتے ہیں۔ تب کہیں جا کر سکرین پر لیکچر کی جھلک نظر آتی ہے۔
اس کے بعد تازہ لیکچر شروع ہوتا ہے۔ بسم اللہ کے بعد بولنا شروع کرتے ہیں اور بلا تعطل پورے بیس منٹ بولتے جاتے ہیں۔ پھر سانس لینے کے لیے رکتے ہیں۔ اتنے میں کہیں سے کوئی چٹکلہ چھوڑ دیتا ہے۔ موڈ کے مطابق اس کا جواب دیتے ہیں یا ڈانٹ پلاتے ہیں۔ دونوں صورتوں میں الگ الگ وقت لگتا ہے۔
وہاں سے فارغ ہو کر لیکچر کا خیال آتا ہے تو حاضری کا نعرہ لگ جاتا ہے۔ یہ حاضری لگاتے ہیں۔ اس کے بعد باجماعت دعا کرواتے ہیں کہ اس محفل میں جو گناہ سرزد ہوا ہو، معاف ہو۔ اس کے بعد یہ رخصت لیتے ہیں اور بھاگتے ہوئے نکل جاتے ہیں کہ میٹنگ ہے۔
طلبہ ان سے بہت خوش ہیں۔ یہ کبھی طلبہ کو زیادہ کام نہیں دیتے۔ دینا ہو تو کم سے کم دیتے ہیں، ورنہ اکثر انہیں ’نیکی کرو اور ثواب کماؤ‘ پر لگا دیتے ہیں۔ ان کا پیپر شروع ہوتے ہی ختم ہو جاتا ہے۔
سب طلبہ اچھے نمبروں سے پاس ہو جاتے ہیں، اسی لیے ہر سال بہترین استاد کا ایوارڈ بھی ان ہی کو مل جاتا ہے۔ پورا ہال پروفیسر عجلت کے نعروں سے گونج رہا ہوتا ہے۔ یہ شرماتے لجاتے ہوئے ایوارڈ لیتے ہیں اور آناً فاناً ہال سے نکل جاتے ہیں کہ میٹنگ میں پہنچنا ہوتا ہے۔
پروفیسر عجلت کی شان دیکھتے ہوئے ہم نے آج کا بلاگ ان ہی کے نام کرنے کا سوچا۔ ایسی عظیم شخصیت کا چرچا ہر جگہ ہونا چاہیے۔ ان کا فیض ایک جامعہ اور اس کے طلبہ تک محدود رکھنا اس قوم اور اس کے نوجوانوں کے ساتھ زیادتی ہے۔
سوچا تھا کہ یہ تحریر چھپنے سے پہلے انہیں دکھا دیں۔ راہداری میں جا کھڑے ہوئے۔ یہ حسبِ معمول گزرے۔ ہم نے کاغذ آگے بڑھایا۔ انہوں نے بھاگتے بھاگتے فرمایا، ابھی ایک میٹنگ میں جا رہا ہوں۔ آپ نے لکھا ہے تو ٹھیک ہی لکھا ہوگا۔
میرے بارے میں تو سب باتیں کرتے ہیں۔ دو چار چینل والے بھی انٹرویو مانگ رہے ہیں پر وقت ہی نہیں ملتا۔ آپ اسے چھپوائیں بلکہ مزید لکھنا ہو تو انٹرویو کا وقت لے لیں۔ دو ماہ بعد صبح دس بجے۔ اس سے پہلے بہت مصروف ہوں۔
تو ساتھیو، پروفیسر عجلت کے بارے میں فی الحال اتنا ہی۔ ان کا تفصیلی انٹرویو دو ماہ بعد اشاعت کے لیے بھیجا جائے گا۔
نوٹ: اس بلاگ کی تیاری میں کسی پروفیسر کو نقصان نہیں پہنچا۔


