فرانس میں پرتشدد مظاہروں کے بعد کن کن شہروں میں کرفیو نافذ کیا گیا ہے؟

فرانسیسی حکام نے پرتشدد مظاہروں کے بعد پیر کی رات پیرس، لیون، لِیل، نیس اور دیگر شہروں میں منگل کی صبح تک جزوی کرفیو نافذ کر دیا ہے۔

یہ اقدامات اختتام ہفتہ پر ہونے والے احتجاج کے بعد کیے گئے، جو پولیس کے ساتھ جھڑپوں، سرکاری عمارتوں میں توڑ پھوڑ اور آتش زنی، جبکہ متعدد دکانوں میں بڑے پیمانے پر لوٹ مار میں تبدیل ہوگئے تھے۔

کرفیو کا نفاذ کہاں کہاں ہو گا؟

پیرس

پیرس کے بعض علاقوں میں کرفیو پیر کی رات 11 بجے سے منگل صبح 6 بجے تک نافذ رہے گا۔

یہ پابندی دارالحکومت کے دو ان علاقوں پر لاگو ہوگی جہاں ہفتے کے آخر میں لوٹ مار کے واقعات پیش آئے تھے، یعنی مشرقی وسطی پیرس کا ریپبلک سکوائر اور شہر کے وسط میں واقع شاتلیہ لی ہالز کا تجارتی علاقہ۔

اس کے علاوہ ان دونوں علاقوں میں پیر کی شام 8 بجے سے عوامی اجتماعات پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

لیون

فرانس کے تیسرے بڑے شہر لیون کے مرکزی علاقے میں بھی کرفیو نافذ کیا گیا ہے، جہاں ہفتے کے احتجاج کے دوران سیاحتی دفتر کو نذرِ آتش کردیا گیا تھا۔

اس علاقے میں پیر کی رات 9 بجے سے منگل صبح 6 بجے تک نقل و حرکت پر پابندی رہے گی۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

لیون کے بعض حصوں میں شام 6 بجے سے عوامی اجتماعات پر بھی پابندی نافذ کردی گئی ہے۔

نیس

فرینچ رویرا کے سب سے بڑے شہر نیس میں شہر کے مرکز میں رات 9 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا، تاہم یہ پابندی صرف بغیر سرپرست کے موجود کم عمر افراد پر لاگو ہوگی۔

لیل اور شمالی فرانس کے شہر

فرانس کے چوتھے بڑے شہری علاقے لِیل اور شمالی فرانس کے شہروں ڈوئے، واتینی اور ڈیناں میں مخصوص علاقوں میں بغیر سرپرست کے موجود کم عمر افراد کے لیے پیر کی شام 8 بجے سے منگل صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔

دیگر علاقے

لو مان کے شمالی مضافات میں واقع کولینز نامی گاؤں میں 16 سال سے کم عمر بغیر سرپرست بچوں کے لیے پیر، منگل اور بدھ کی رات 11 بجے سے اگلے روز صبح 6 بجے تک بعض علاقوں میں پابندی نافذ رہے گی۔

ادھر فرانس کے کیریبین جزائر پر مشتمل گواڈیلوپ میں بھی حالیہ پرتشدد احتجاج کے بعد پوائنٹ آ پیتر اور لے ابیمز کے مرکزی شہروں میں کم عمر افراد کے لیے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *