عامر رضا فور سٹار جنرل بن گئے، کمانڈر نیشنل سٹریٹیجک کمانڈ تعینات

‎وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان فوج کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دینے اور انہیں کمانڈر نیشنل سٹریٹیجک کمانڈ تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جمعے کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے جنرل عامر رضا سے ملاقات کے دوران انہیں ترقی اور نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بیان کے مطابق جنرل عامر رضا اس وقت چیف آف جنرل سٹاف کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ لاہور کور کے کمانڈر، ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کے چیئرمین، جی ایچ کیو میں ڈائریکٹر جنرل ویپن اینڈ ایکوپمنٹ اور ایک انفنٹری ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ بھی رہ چکے ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک سینیئر حکومتی اہلکار نے انڈیپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ترقی کے بعد جنرل عامر رضا فوج میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے بعد دوسرے سینیئر ترین افسر بن گئے ہیں۔

اہلکار کے مطابق وہ اب رینک کی مناسبت سے ڈی جی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) سے بھی سینیئر ہو گئے ہیں، کیونکہ ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (ڈی جی آئی ایس آئی) کا عہدہ تھری سٹار لیفٹیننٹ جنرل کا ہوتا ہے۔

سینیئر حکومتی اہلکار نے مزید بتایا کہ جنرل عامر رضا اس سے قبل چیف آف جنرل سٹاف کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور 9 مئی 2023 کے واقعات کے بعد انہوں نے لاہور کور کی کمان بھی سنبھالی تھی۔

جنرل عامر رضا کا تعلق بھی اسی آرمی ٹریننگ ادارے سے ہے، جہاں سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تربیت حاصل کی تھی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حالیہ عرصے میں فوج کے متعدد افسران کی ملازمت میں بھی توسیع کی گئی ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *