دہلی: ہسپتال میں چھت کا پنکھا گرنے سے بستر پر لیٹے مریض کی موت

انڈیا کے ایک بڑے سرکاری ہسپتال میں اہل خانہ اور صحت کے حکام کے مطابق متعدد بیماریوں کے باعث زیرِ علاج ایک مریض ہفتے کی رات اس وقت جان کی بازی ہار گیا جب چھت کا پنکھا اس پر آ گرا۔

 42  سالہ محمد اکبر کو ہائی بلڈ پریشر، میننجو اینسیفلائٹس اور ایسپیریشن نمونیا کے باعث گرو تیغ بہادر ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں داخل کیا گیا تھا۔

مقامی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق، داخلے کے چند گھنٹوں بعد ہی ایک چھت کا پنکھا ان پر آ گرا، جس کے بعد وہ دم توڑ گئے۔

اہلِ خانہ کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں ایک پرانا اور خستہ حال پنکھا دکھایا گیا ہے جس کی تاریں الگ ہو چکی تھیں، جبکہ پنکھا مریض کے دائیں گھٹنے کے قریب پڑا نظر آیا اور اہلِ خانہ اس کا ہاتھ تھامے ہوئے تھے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہسپتال کا عملہ مریض کو علاج فراہم کر رہا تھا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ہسپتال کے ایک ملازم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اخبار کو بتایا  کہ ’علاج کے دوران پنکھا براہِ راست مریض کے بستر پر آ گرا۔ مریض کی دیکھ بھال کرنے والا نرسنگ افسر بھی اس حادثے میں زخمی ہوا۔‘

رپورٹ کے مطابق مریض واقعے کے تین گھنٹے سے بھی کم وقت بعد، رات تقریباً 12 بج کر 16 منٹ پر انتقال کر گیا۔

مریض کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ میں موت کی وجہ ہائی بلڈ پریشر، میننجو اینسیفلائٹس اور ایسپیریشن نمونیا درج کی گئی ہے۔

تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ پنکھا گرنے سے لگنے والی چوٹوں کا ذکر ڈیتھ سرٹیفکیٹ میں کیا گیا ہے یا نہیں۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق، مریض کے اہلِ خانہ نے علاج کے معیار اور حادثے کے حالات کے خلاف احتجاج بھی کیا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *