پنجاب حکومت نے صوبے میں صدیوں پرانے ثالثی اور تصفیے کے نظام، یعنی پنچایت کو نئے قانونی ڈھانچے کے ساتھ بحال کرنے کی منظوری دے دی ہے جسے حکومت سستے انصاف کی فراہمی کا ذریعہ قرار دے رہی ہے، تاہم انسانی حقوق کے کارکن اور مبصرین اسے آئین سے متصادم اور کمزور طبقات کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے ماضی کی تلخ روایات کے لوٹ آنے کے خدشات ظاہر کر رہے ہیں۔
یونین کونسل اور گاؤں کی سطح پر بننے والی ان کمیٹیوں میں ریٹائرڈ ججوں، سرکاری افسران اور مقامی معززین کو شامل کر کے چھوٹے تنازعات باہمی رضامندی سے نمٹانے کا منصوبہ ہے۔
تاہم اس اقدام نے یہ بنیادی بحث چھیڑ دی ہے کہ آیا جدید عدالتی نظام کی موجودگی اور ماضی میں اعلیٰ عدلیہ کی جانب سے غیر قانونی قرار دیے جانے کے بعد یہ روایت واقعی عام شہری کو ریلیف دے سکے گی یا مقامی طاقتور طبقات کے ہاتھوں میں ایک نیا ہتھیار بن جائے گی۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
پنچایت سسٹم کیسے کام کرے گا؟
وزیرِ اعلیٰ پنجاب سیکریٹریٹ سے بدھ کو جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق یونین کونسل، موضع، علاقے اور گاؤں کی سطح پر پنچایت کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، جو فریقین کی باہمی رضامندی سے تنازعات حل کریں گی۔
ڈپٹی کمشنر کسی ایسے مستقل مقامی رہائشی کو پنچایت کا رکن مقرر کرے گا جو غیر جانب دار ہو اور عوام کا اعتماد رکھتا ہو، جبکہ ارکان کا انتخاب نیک نامی، غیر جانب داری اور دانش مندی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
ان کمیٹیوں میں نمبردار، اساتذہ، ریٹائرڈ جج، ریٹائرڈ آرمی افسران، ریٹائرڈ سول سرونٹس اور دیگر معززین شامل ہوں گے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ پنچایت کا نظام قانونی، عدالتی اور غیر جانب داری کی مقررہ حدود کے اندر کام کرنے کا پابند ہوگا۔ اس کے ساتھ عدالتی دائرہ اختیار اور ہر فرد کا عدالتی تحفظ حاصل کرنے کا حق بھی برقرار رکھا جائے گا، جبکہ خواتین، اقلیتوں، غریبوں اور پسماندہ طبقات کے لیے انصاف تک رسائی آسان بنائی جائے گی۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنچایت پروگرام کے لیے قواعد، پالیسی گائیڈ لائنز اور ضوابط پر مشتمل جامع منصوبہ طلب کر لیا ہے اور پنچایت کے اختیارات کے تعین کے لیے واضح قواعد و ضوابط مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
اس کے علاوہ، پنچایتی نظام کے خواتین یا کمزور طبقات کے خلاف ممکنہ استعمال کو روکنے کے لیے اس کے دائرہ اختیار سے متعلق ایک ’منفی فہرست‘ (نیگیٹو لسٹ) بھی جاری کی جائے گی۔
میڈیا کو جاری اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ تنازعات کو باہمی افہام و تفہیم، مکالمے اور معززین کی دانش مندی سے حل کیا جا سکتا ہے، اور اختلافات کی صورت میں عدالت کے بجائے پنچایت کو پہلا فورم ہونا چاہیے۔
ان کے مطابق متعارف کرائے جانے والے ’پنجاب پنچایت ایکٹ‘ کے تحت تنازعات کو قانونی دائرہ کار میں غیر رسمی طور پر حل کیا جا سکے گا، جس سے عوام کو اپنے فیصلے خود کرنے کا اختیار ملے گا اور عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم ہوگا۔
تاریخ کا پس منظر
برصغیر کے دیہات میں بزرگوں اور معززین کے ذریعے زمین، زرعی پانی، قرض اور خاندانی جھگڑوں کے تصفیے کی روایت صدیوں پرانی ہے۔ قیامِ پاکستان کے بعد بھی یہ سلسلہ غیر رسمی طور پر چلتا رہا۔
1959 میں ایوب خان کے دورِ حکومت میں مقامی حکومتوں کے مختلف نظام متعارف کرائے جاتے رہے جو اکثر تحلیل ہو جاتے تھے، جبکہ پنجاب میں 1990 کی دہائی تک اس نظام کو برقرار رکھنے کی محدود کوششیں بھی کامیاب نہ ہو سکیں۔
وقت کے ساتھ عدالتوں نے اس کے غیر قانونی پہلوؤں کو غیر آئینی قرار دیا اور مقامی حکومتوں کے ڈھانچوں نے اسے کمزور کر دیا، تاہم یہ نظام مکمل طور پر ختم نہیں ہوا تھا۔
خدشات اور حمایت: دو متضاد زاویے
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین اسد اقبال بٹ نے اس اقدام پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعی ذہانت جیسی ٹیکنالوجی کے دور میں صدیوں پرانا پنچایت سسٹم بحال کرنا آئین سے متصادم ہے۔
ان کے بقول ماضی میں یہ نظام سماجی خرابیوں اور انسانی حقوق کی پامالی کا باعث بنا، جس میں مقامی زمینداروں، وڈیروں یا طاقتور خاندانوں کا اثر رہا، خواتین کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر تھی اور ذات، برادری یا سیاسی گروہ بندی کی بنیاد پر غیر منصفانہ فیصلے ہوئے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ کاروکاری، وانی، سوارہ اور جبری شادی جیسے غیر انسانی فیصلے اسی نظام کے تحت ہوتے رہے، اور فیصلوں کے خلاف اپیل کا باقاعدہ راستہ نہ ہونے سے یہ عدالتوں کا متوازی نظام بن کر مظلوم کو مزید بے بس کر دیتا ہے۔
اس کے برعکس، سماجی ترقی کے ادارے ’استحکامِ شرکتی ترقی‘ کے ریجنل سربراہ شاہنواز خان کا ماننا ہے کہ مناسب چیک اینڈ بیلنس اور نگرانی کے ساتھ یہ نظام مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
ان کے مطابق بڑھتی آبادی کے باعث عدالتوں اور تھانوں پر دباؤ ہے، ایسے میں گھریلو یا معمولی لین دین کے تنازعات مقامی سطح پر حل ہو جائیں تو سہولت مل سکتی ہے، بشرطیکہ یونین کونسل کی سطح پر منتخب عوامی نمائندوں پر مشتمل کمیٹیاں بنائی جائیں، بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنایا جائے اور مضبوط حکومتی نگرانی کے ذریعے کسی بھی جانبداری یا زیادتی کا راستہ روکا جائے۔
