سعودی عرب کی وزارت صحت نے ’حج اِن ہیلتھ‘ کے عنوان سے رواں سال حج کے لیے اردو سمیت آٹھ زبانوں میں ہیلتھ گائیڈ جاری کی ہے جس کا مقصد دنیا بھر سے آنے والے عازمین میں احتیاطی شعور اجاگر کرنا اور ان کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔
یہ گائیڈ عازمین کو حج سے قبل کی تیاری سے لے کر دوران حج رہنمائی تک ہر مرحلے پر طبی رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
گائیڈ میں گرمی سے نڈھال ہونے اور ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ، رش والے مقامات پر سانس کی بیماریوں سے حفاظت، اور خوراک کے ذریعے پھیلنے والی بیماریوں سے بچنے کے لیے فوڈ سیفٹی کے اقدامات شامل ہیں۔
گائیڈ میں ابتدائی طبی امداد کی ہدایات اور ہنگامی صورت حال میں طبی سہولت تک پہنچنے سے پہلے فوری ردعمل کے طریقے بھی شامل ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس کے ساتھ ساتھ زیادہ خطرے سے دوچار افراد کے لیے خصوصی رہنمائی دی گئی ہے تاکہ ممکنہ پیچیدگیوں کو کم کیا جا سکے اور مناسک کی ادائیگی کے دوران ان کی صحت مستحکم رہے۔
یہ گائیڈ عربی، انگریزی، فرانسیسی، اردو، فارسی، انڈونیشین، ترکی اور ملائی زبانوں میں دستیاب ہے تاکہ مختلف خطوں اور زبانوں سے تعلق رکھنے والے عازمین تک صحت سے متعلق پیغامات مؤثر انداز میں پہنچ سکیں۔
یہ اقدام سعودی وژن 2030 کے تحت ہیلتھ سیکٹر ٹرانسفارمیشن پروگرام کا حصہ ہے۔
سعودی وزارت صحت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ آگاہی کے مواد کو مسلسل بہتر بناتی رہے گی تاکہ عازمین حج محفوظ اور صحت مند ماحول میں اپنے مناسک ادا کر سکیں۔
