امریکہ: مغوی لڑکی ویڈیو گیم کے ذریعے 521 دن بعد کیسے بازیاب ہوئی؟

اطلاعات کے مطابق امریکی ریاست یوٹاہ میں اپنے گھر سے لاپتہ ہونے کے بعد 521 دن تک قید رہنے والی نوعمر لڑکی بالآخر آن لائن ویڈیو گیم ’اَمنگ اَس‘ (Among Us) کا استعمال کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی۔

29 مئی 2025 کو جب یہ لڑکی گارڈن سٹی سے لاپتہ ہوئی تو اس کی عمر 15 سال تھی، جس کے بعد ملک گیر سطح پر مختلف اداروں نے اس کی تلاش شروع کر دی۔ یہ تلاش تقریباً 18 ماہ بعد اس سال یکم نومبر کو اس وقت ختم ہوئی، جب اس نوعمر لڑکی کو بالآخر اوریگون کے شہر ہنٹنگٹن کے ایک گھر سے بازیاب کروا لیا گیا۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں۔

اس واقعے کے بعد 39 سالہ ایڈم ہنٹر ہارمل کو گرفتار کر کے ان پر ایک نابالغ کو مجرمانہ جنسی سرگرمیوں کے لیے دوسری ریاست لے جانے کا الزام عائد کیا گیا ہے، یہ ایک ایسا جرم ہے جس کے ثابت ہونے پر کم از کم 10 سال قید کی لازمی سزا ہے۔

ڈسٹرکٹ آف یوٹاہ کے امریکی اٹارنی آفس نے ایک بیان میں کہا کہ ایڈم ہنٹر ہارمل کی گذشتہ سال ابتدائی طور پر اس لڑکی سے سوشل میڈیا پر ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعد وہ اسے ریاستی سرحدیں پار کر کے اپنے گھر لے گئے، جہاں مبینہ طور پر انہوں نے لڑکی کو قید رکھا۔

فاکس 13 سالٹ لیک سٹی کی جانب سے نقل کی گئی ایک وفاقی مجرمانہ شکایت کے مطابق، استغاثہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی کو ایڈم ہنٹر ہارمل کے بستر پر دیوار کے ساتھ سونے پر مجبور کیا گیا اور انہوں نے اسے ریپ کا نشانہ بنایا۔

اس شکایت میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ ہارمل نے اس نوعمر لڑکی کو پلاس کی مدد سے اپنے دانتوں سے بریسز نکالنے پر مجبور کیا تاکہ اس کی شناخت مزید مشکل ہو سکے۔

امریکی اٹارنی آفس نے کہا: ’تفتیش کے دوران، ایف بی آئی کو معلوم ہوا کہ مبینہ طور پر اس نابالغ متاثرہ لڑکی کو ان گیمنگ پلیٹ فارمز پر ورغلایا گیا جو عام طور پر ناہلسٹک وائلنٹ ایکسٹریمسٹ (این وی ای) گروپس کے ارکان جنسی طور پر واضح اور اعضا کاٹنے کی تصاویر حاصل کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

 امریکی اٹارنی آفس کے مطابق: ’بعد ازاں ورغلانے کا یہ سلسلہ دیگر سوشل میڈیا ایپلی کیشنز پر منتقل ہو گیا۔

’جیسا کہ عدالتی دستاویزات میں الزام عائد کیا گیا ہے، ہارمل، نابالغ متاثرہ لڑکی کو فرار ہونے سے روکنے کے لیے اپنے تکیے کے نیچے چاقو رکھتے تھے۔‘

استغاثہ کا کہنا ہے کہ ملزم نے لڑکی کو ساتھ لے جانے کے بعد اس کا فون دریا میں پھینک دیا تھا لیکن بعد میں اسے بغیر ڈیٹا کے متبادل فون رکھنے کی اجازت دے دی۔

اس کا مطلب یہ تھا کہ وہ صرف وائی فائی کنکشن کے ذریعے آن لائن جا سکتی تھی، جسے اس نے گذشتہ ماہ خلائی جہاز بنانے والی جاسوسی گیم ’اَمنگ اَس‘ کھیلنے اور ایک اور پلیئر سے بات چیت کرنے کے لیے استعمال کیا۔

قیدی لڑکی نے گیم کھیلنے والے ایک اور نوعمر کھلاڑی کو بتایا کہ وہ کون ہے اور یہاں تک کہ اس نے اپنی گمشدگی کی خبریں بھی شیئر کیں، جس پر اس کھلاڑی کی والدہ نے ایف بی آئی سے رابطہ کیا، جس نے یکم نومبر کو لاپتہ لڑکی کے ساتھ ایک ویڈیو کال کی نگرانی کا بندوبست کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ کال کے دوران اس نے اپنی آپ بیتی سنائی، جس کے بعد اوریگون سٹیٹ پولیس اور وفاقی ایجنٹوں نے اسے بچانے کے لیے اسی دن بعد میں اس جگہ پر چھاپہ مارا اور طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اسے وہاں سے نکال لیا۔

کے جی ڈبلیو کے مطابق، بعد ازاں ہارمل کو اوریگون کے شہر اونٹاریو میں ایک ٹریفک سٹاپ کے دوران گرفتار کر کے مالہیور کاؤنٹی جیل منتقل کر دیا گیا۔

چار نومبر کو ایڈاہو کے شہر بوئیسی کی عدالت میں پیش ہونے پر اس نے صحت جرم کے حوالے سے کوئی موقف اختیار نہیں کیا لیکن اسے منگل کو حراست کی سماعت کے لیے دوبارہ پیش ہونا تھا۔

ملزم کی حراست کے بعد، اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانچ نے کہا کہ ’نابالغ کے جنسی استحصال میں ملوث کسی بھی شخص کا احتساب کیا جائے گا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا: ’آج کی گرفتاری ملزم کو کٹہرے میں لانے اور متاثرہ لڑکی اور اس کے اہل خانہ کی تکلیف کم کرنے کی جانب پہلا قدم ہے۔ یہ محکمہ انصاف ظالمانہ اور درندانہ رویے میں ملوث افراد کی تفتیش اور ان کے خلاف مقدمہ چلانے کا سلسلہ کبھی نہیں روکے گا۔‘


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *