عالمی رہنما بدھ (11 نومبر) کو ترکی میں کوپ 31 کے موقعے پر خطاب کریں گے لیکن عالمی حدت میں اضافے کے باوجود اس سال اقوام متحدہ کی سالانہ ماحولیاتی کانفرنس سے کچھ اہم نام غائب ہیں۔
دو ہفتے پر محیط یہ کانفرنس اس ہفتے کے شروع میں بحیرہ روم کے تفریحی شہر انطالیہ میں شروع ہوئی، جس میں یورپ میں ہیٹ ویوز، نیپال میں جان لیوا سیلاب اور انڈونیشیا میں جنگلات کی بڑی آگ کے ایک سال بعد حکومتوں پر ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے دباؤ ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں۔
بدھ اور جمعرات کو ہونے والے ’اعلیٰ سطح سیشن‘ کے دوران درجنوں رہنما خطاب کریں گے، جن میں ترک صدر رجب طیب اردوغان ، برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا اور ایران کے مسعود پزشکیان شامل ہیں۔
تاہم مبصرین نے کچھ بڑے ناموں کی عدم موجودگی کی طرف اشارہ کیا ہے اور برطانوی وزیراعظم اینڈی برنم جی سیون ممالک کے واحد رہنما ہیں، جن کا اس سمٹ سے خطاب شیڈول ہے۔
اگرچہ یورپی یونین کی سربراہ ارسلا وان ڈیر لیین انطالیہ آ رہی ہیں، لیکن فرانسیسی صدر ایمانوئل میکروں، جرمن چانسلر فریڈرک مرز اور اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی اس تقریب میں شریک نہیں ہو رہے۔
کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی اور ان کی جاپانی ہم منصب سنائے تکائچی بھی تازہ ترین فہرست سے غائب ہیں۔
تھنک ٹینک ای تھری جی میں ماحولیاتی سفارت کاری کی ماہر کوسیما کیسل نے اے ایف پی کو بتایا: ’یہ افسوس ناک ہے کہ یورپ کے کچھ بڑے رہنما نہیں آ رہے۔ ہمیں ضرورت ہے کہ اس کوپ میں یورپ بھرپور طریقے سے شریک ہو۔‘
یورپی یونین کے اعلیٰ ماحولیاتی اہلکار ووپکے ہوئکسٹرا نے کہا کہ یہ غیر حاضریاں ’مکمل طور پر غیر معمولی‘ نہیں ہیں کیوں کہ رہنماؤں کے پاس سمٹ میں شرکت نہ کر پانے کی ’عملی‘ وجوہات ہو سکتی ہیں۔
تاہم انہوں نے برسلز میں صحافیوں کو یہ بھی بتایا کہ اس ماحولیاتی کانفرنس سے ’توقعات لازمی طور پر زیادہ نہیں ہیں۔‘
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ وہ اس تقریب کو جنگ میں ماحولیاتی تباہی پر تہران کا موقف بیان کرنے کے موقع کے طور پر استعمال کریں گے۔
ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق، ترکی روانہ ہونے سے قبل انہوں نے کہا کہ ’اس کانفرنس میں ہم ماحولیات کو تباہ کرنے میں امریکہ اور اسرائیل کے اقدامات کے بارے میں بات کریں گے۔‘
فرانسیسی حکومت نے کہا کہ ایمونوئل میکروں غیر حاضر ہوں گے کیوں کہ 11 نومبر پہلی عالمی جنگ کا یوم جنگ بندی ہے اور صدر جمعرات کو آئرلینڈ میں یورپی یونین کے ایک سمٹ میں شرکت کریں گے۔
کلائمیٹ ایکشن نیٹ ورک یورپ کی ڈائریکٹر کیارا مارٹینیلی کا کہنا تھا کہ ’اگر اعلیٰ رہنما اس بات پر اثر انداز ہونا چاہتے ہیں کہ عالمی (توانائی کی) منتقلی کس طرف جا رہی ہے، تو یہاں شرکت کرنا شروعات کے لیے ایک بہترین قدم ہے۔‘
مارٹینیلی نے کہا کہ ’مجھے ڈر ہے کہ ارسلا وان ڈیر لیین سٹیج پر اکیلی ہوں گی جبکہ یورپی یونین کی سب سے بڑی معیشتوں کے رہنما غائب ہوں گے۔‘
’ہمارے پاس لولا ہیں‘
یہ بات حیران کن نہیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جنہوں نے امریکہ کو پیرس معاہدے سے نکالا تھا اور 2024 میں اپنے دوبارہ انتخاب کے بعد سے ماحولیاتی مذاکرات میں اہلکار نہیں بھیجے، اس سمٹ میں شریک نہیں ہو رہے۔
چینی صدر شی جن پنگ، جو شاذ و نادر ہی کوپ اجلاسوں میں شرکت کرتے ہیں، کی نمائندگی نائب صدر ہان ژینگ کریں گے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
امریکہ اور چین دنیا کی سب سے بڑی معیشتیں اور کرہ ارض کو گرم کرنے والے اخراج کے سب سے بڑے ذمہ دار ہیں، جس کی وجہ سے ماحولیاتی مذاکرات میں ان کی موجودگی اس عمل کے لیے انتہائی اہم ہے۔
کیسل نے کہا: ’لیکن ہمارے پاس لولا ہیں۔‘
ماحولیاتی مہم جوؤں نے اس وقت سکھ کا سانس لیا جب جنگلات کے کٹاؤ کی شرح کو کم کرنے کے حامی لولا نے گذشتہ ماہ برازیل کے صدارتی انتخابات میں دائیں بازو کے حریف فلاویو بولسونارو کو شکست دی۔
کوپ 31 کا میزبان ترکی ٹرانسپورٹ، عمارتوں اور صنعتوں کو بجلی پر منتقل کرنے کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ایک رضاکارانہ اقدام کی قیادت کر رہا ہے، جس کا ہدف 2035 تک عالمی توانائی کی کھپت میں بجلی کے حصے کو 35 فیصد تک بڑھانا ہے۔
یورپی یونین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ بجلی کی یہ منتقلی ’صاف‘ ہونی چاہیے، جو ترک تجویز میں تیل، گیس اور کوئلے کے کردار پر بحث چھیڑ سکتی ہے۔
2023 میں پہلی بار روایتی ایندھن (جو ماحولیاتی تبدیلی کی بنیادی وجہ ہے) سے دور ہٹنے پر اتفاق کرنے کے بعد سے، ممالک سالانہ کوپ کانفرنسوں میں اس ہدف کو آگے بڑھانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
