برطانوی اخبار ڈیلی میل نے رپورٹ کیا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ کروڑ پتی کاروباری شخصیت کیمرون او ریلی سے شادی کرنے جا رہی ہیں۔
گذشتہ روز ڈیلی میل میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق 52 سالہ جمائما اور 62 سالہ کیمرون ایک سال سے ڈیٹ کر رہے ہیں اور ان کی منگنی ہو چکی ہے۔
وہ دستاویزی فلموں کے حوالے سے جانی جاتی ہیں اور ان کی ڈاکومینٹریز ’دی کیس اگینسٹ عدنان سید‘ اور ’وٹس لوو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ‘ ہیں۔
اس کے علاوہ وہ سیاسی معاملات میں بھی کافی متحرک رہی ہیں اور ان دنوں راول پنڈی کی اڈیالجہ جیل میں بند عمران خان کی رہائی کے لیے مسلسل مہم چلاتی رہی ہیں۔
جمائما کی عمران خان سے شادی 1995 میں ہوئی تھی جو تقریباً ایک دہائی تک چلی۔ ان کے دو بیٹے بھی ہیں۔
کیمرون او ریلی کون ہیں؟
کیمرون او ریلی آئرش آسٹریلوی کاروباری شخصیت ہیں اور سابق بین الاقوامی رگبی سٹار اور میڈیا کی معروف شخصیت سر انتھونی او ریلی کے بیٹے ہیں۔
وہ چار بچوں کے باپ ہیں اور مانا جاتا ہے کہ ان کی جمائما سے ملاقات کسی ڈاکومینٹری شوٹ کے دوران ہوئی جہاں وہ بطور ایگزیکٹیو پروڈیوسر موجود تھے۔
ڈیلی میل کے مطابق دونوں شخصیات کے قریبی دوستوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنا زیادہ تر وقت سوئٹزرلینڈ اور ویسٹ لندن کے اپنے گھر میں گزارتے ہیں جہاں ’وہ بہت خوش‘ ہیں۔
کیمرون او ریلی ایک سرمایہ کار ہیں، جو خاص طور پر میڈیا اور توانائی کی ٹیکنالوجی میں اپنے کام کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وہ 1964 میں ڈبلن میں پیدا ہوئے اور ایک نمایاں کاروباری خاندان سے تعلق رکھتے ہیںان کے والد ٹونی او ریلی ایک معروف آئرش میڈیا صنعت کار ہیں، جبکہ ان کی والدہ آسٹریلوی تھیں۔
اسی وجہ سے ان کے پاس آئرش اور آسٹریلوی دونوں شہریتیں ہیں۔
اپنے کیریئر کے دوران کیمرون مختلف بڑی صنعتوں سے وابستہ رہے ہیں۔
انہوں نے ابتدا میں گولڈمین سیکس میں سرمایہ کاری بینکاری میں کام کیا، پھر میڈیا کے شعبے میں آئے جہاں وہ آسٹریلیا کے بڑے اخباری گروپس میں سے ایک اے پی این نیوز اینڈ میڈیا کے چیف ایگزیکٹو بنے۔
بعد ازاں انہوں نے نجی ایکویٹی اور انفراسٹرکچر سرمایہ کاری کی طرف رخ کیا۔ 2003 میں انہوں نے بیارڈ کیپیٹل قائم کی، جس کی توجہ توانائی اور پانی کی ٹیکنالوجی پر مرکوز تھی۔
اسی فرم کے ذریعے انہوں نے لینڈس جائر کو ترقی دی، جو سمارٹ میٹرنگ کا ایک بڑا عالمی کاروبار تھا، جسے 2011 میں تقریباً 2.3 ارب ڈالر میں توشیبا کو فروخت کر دیا گیا۔
حال ہی میں، ان کا نام جمائما کے ساتھ مبینہ تعلق کے باعث خبروں میں بھی آیا۔
