امریکہ نے قبضے میں لیا گیا ایرانی جہاز عملے سمیت پاکستان کے حوالے کر دیا: رپورٹ

امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان نے اتوار کو میڈیا کو بتایا کہ امریکی ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کرنے پر قبضے میں لیا جانے والا ایرانی جہاز عملے سمیت پاکستان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

اے بی سی نیوز سے بات کرتے ہوئے امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز نے کہا ’آج امریکی افواج نے ایم/وی توسکا کے 22 عملے کے ارکان کو پاکستان منتقل کرنے کا عمل مکمل کر لیا تاکہ انہیں ایران واپس بھیجا جا سکے۔‘

انہوں نے مزید کہا ’چھ دیگر مسافروں کو گذشتہ ہفتے ہی وطن واپسی کے لیے خطے کے ایک ملک منتقل کر دیا گیا تھا۔‘

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ چھ افراد عملے کے بعض ارکان کے اہل خانہ تھے۔

اس ایرانی جہاز کو امریکہ کے مطابق گذشتہ ماہ امریکی بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی کوشش کرتے ہوئے روکا اور قبضے میں لیا گیا تھا۔

تاہم اس پیش رفت پر تاحال پاکستان یا ایران کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

ادھر پاکستان کی وزارت خارجہ نے پیر کو بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحٰق ڈار نے گذشتہ شب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلی فون پر خطے کی صورت حال اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔

بیان کے مطابق عراقچی نے فریقین کے درمیان پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ مصالحتی کوششوں کو سراہا۔

بیان میں کہا گیا کہ اسحٰق ڈار نے ’تعمیری سفارتی روابط کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کو دہراتے ہوئے زور دیا کہ مسائل کے پرامن حل اور خطے سمیت عالمی سطح پر دیرپا امن و استحکام کے لیے بات چیت اور سفارت کاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہیں۔‘

28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر حملوں کا سلسلہ شروع کیا، جس کے جواب میں خطے میں امریکی فوجی اڈوں اور اسرائیلی اہداف پر حملے کیے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آٹھ اپریل کو امریکہ اور ایران میں جنگ بندی کے بعد امریکی اور ایرانی وفود کا اسلام آباد میں براہ راست امن مذاکرات کا دور ہو، جس میں پیش رفت نہ ہو سکی۔

دونوں ممالک کے درمیان ڈیڈلاک برقرار اور بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ ان کے نمائندوں کی ایران سے ’بہت اچھی بات چیت‘ جاری ہے۔

ایران نے اتوار کو کہا کہ اسے پاکستان کے ذریعے امریکہ کی امن مذاکرات کے لیے اپنی تازہ پیشکش پر جواب موصول ہوا ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق واشنگٹن نے ایران کی 14 نکاتی تجویز پر اپنا جواب پاکستان کے ذریعے پہنچایا، جس کا تہران میں جائزہ لیا جا رہا ہے۔

تاہم اس پیش رفت کی فوری طور پر امریکہ یا پاکستان کی جانب سے تصدیق نہیں ہو سکی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *