پاکستان، سعودی عرب، ترکی اور مصر کا مشترکہ تعاون فریم ورک بنایا جائے: وزیر خارجہ

پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے آج ترکی، مصر اور سعودی عرب کے اعلیٰ سفارتکاروں سے ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر مشترکہ تعاون فریم ورک بنانے سے متعلق بات چیت کی ہے۔

منگل کو پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب، مصر اور ترکی کے مابین ایک مشترکہ تعاون فریم ورک تشکیل دیا جانا چاہیے، جس کا مقصد امن، خوشحالی اور اقتصادی ترقی کے مشترکہ اہداف کو حاصل کرنا ہو۔

وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ترکی، مصر اور سعودی عرب کے اعلی سفارتکاروں سے ملاقات میں چاروں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تینوں ممالک کے سینئر سفارتکار اس وقت پاکستان میں موجود ہیں جہاں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے درمیان سینئر حکام کے افتتاحی اجلاس کا انعقاد آج اسلام آباد میں ہوا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اسحاق ڈار نے ترکی کے نائب وزیر خارجہ موسیٰ کلاکلی کایا، مصر کے اسسٹنٹ وزیر خارجہ نزيه النجاري اور سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل شہزادہ ڈاکٹر عبداللہ بن خالد بن سعود الکبیر السعود سے ملاقات کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے چاروں برادر ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات اور اہم علاقائی و عالمی امور پر ہم آہنگی کو سراہا۔

دوسری جانب اس سے قبل پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکہ کے مابین رواں ہفتے امن مذاکرات کے دوسرے دور کی میزبانی کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں جس کی تصدیق سرکاری سطح پر نہیں کی گئی ہے۔

تاہم پاکستان کی جانب سے مذاکرات کے پہلے دور سے قبل اور ان کے دوران ترکی، سعودی عرب، مصر اور چین سے رابطے کی تفصیلات شئیر کی گئیں۔

جبکہ پاکستان وزارت خارجہ کے اعلیٰ عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا ہے کہ پاکستان ایران اور امریکہ کے ساتھ پس پردہ روابط جاری رکھے ہوئے ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *