پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار سکولز کے دوسرے سیزن کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی سطح پر سکول کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار سکولز کے دوسرے سیزن کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ اسامہ شارون اور سابق قومی کپتان و پی سی بی کے مینٹور مصباح الحق نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ پہلے سیزن کی کامیابی کے بعد دوسرے سیزن کا دائرہ کار نمایاں طور پر بڑھا دیا گیا ہے۔ جہاں پہلے سیزن میں ملک کے 39 اضلاع کے سکولوں نے شرکت کی تھی، وہیں اب دوسرے سیزن میں 100 اضلاع کے سکول اس پروگرام کا حصہ بنیں گے۔

پی سی بی عہدیداران کے مطابق ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار سکولز 2026-27 میں ملک بھر سے تقریبا 1200 سکول شریک ہوں گے، جس کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور قومی سطح تک رسائی کا بہترین موقع ملے گا۔

پروگرام کے تحت سکولوں کے ٹریننگ کیمپ 10 اگست سے شروع کیے جائیں گے، جبکہ قومی سکول کرکٹ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز 15 ستمبر سے ہوگا۔

ٹورنامنٹ چار مختلف مراحل پر مشتمل ہوگا، جن میں ضلعی، ڈویژنل، صوبائی اور قومی سطح کے مقابلے شامل ہوں گے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ہر مرحلے میں کامیاب ٹیمیں اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ سکول کرکٹ کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے ٹورنامنٹ میں شریک تمام سکولوں کو مالی معاونت (فنڈنگ) اور تکنیکی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ کھلاڑیوں کو بہتر ماحول اور معیاری تربیت میسر آسکے۔

اس موقع پر اسامہ شارون اور مصباح الحق نے اس امید کا اظہار کیا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا دوسرا سیزن ملک کے دور دراز علاقوں سے باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور مستقبل میں پاکستان کرکٹ کو مضبوط بنیادیں فراہم کرے گا۔

پہلے سیزن کے لیے ابتدا میں 2,900 سے زائد اسکولوں نے رجسٹریشن میں دلچسپی ظاہر کی۔ باقاعدہ جانچ پڑتال کے بعد ملک بھر کے 39 اضلاع سے 405 سکولوں کی ٹیموں کو فیز ون کے ٹورنامنٹ کے لیے منتخب کیا گیا۔ 

پی سی بی کے 60 سے زائد پروفیشنل کوچز کی نگرانی میں سکولوں میں ٹرائلز اور تربیتی کیمپ لگائے گئے۔ اس فیز کے دوران مجموعی طور پر 827 ون ڈے (40 اوورز) میچز کامیابی سے کھیلے گئے۔

اس کے بعد فیصل آباد، کراچی اور لاہور کے ٹاپ 8 سکولوں کے درمیان مزید 93 میچز منعقد کروائے گئے۔ اس پروگرام کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک بھر میں 168 سکول گراؤنڈز کو دوبارہ آباد کیا۔

ٹورنامنٹ اور کٹس کی تمام تر فنڈنگ اور تکنیکی معاونت پی سی بی نے خود فراہم کی تاکہ سرکاری اور نجی دونوں اسکولوں کے بچوں کو یکساں مواقع ملیں۔ 

فیز ون کے اختتام پر جیتنے والی ٹیموں میں بھاری نقد انعامات تقسیم کیے گئے (جیسے انٹر سکولز فائنل کی فاتح ٹیم کو 50 اور رنرز اپ کو 25 لاکھ روپے دیے گئے)۔

اس فیز کے نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں کو پی سی بی کی انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 کی علاقائی ٹیموں اور اکیڈمیوں کے لیے منتخب کیا جا رہا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *