لاہور قلندرز کے فخر زمان پر بال ٹمپرنگ کا الزام عائد

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک بیان میں بتایا کہ لاہور قلندرز کے بیٹر فخر زمان پر اتوار کے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے میچ میں بال ٹمپرنگ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

یہ واقعہ لاہور میں کھیلے گئے میچ کے آخری اوور میں پیش آیا جب کراچی کو جیت کے لیے 14 رنز درکار تھے۔

فخر، لاہور کے کپتان شاہین آفریدی اور تیز بولر حارث رؤف نے اس موقعے پر مختصر مشاورت کی، جس کے دوران فخر اور رؤف نے ایک دوسرے کے درمیان گیند پاس کی۔

اس کے بعد امپائر رؤف کے پاس آئے اور گیند دیکھنے کے لیے مانگی۔ سکوائر لیگ امپائر سے مشاورت کے بعد آفیشلز نے کراچی کو پانچ پنالٹی رنز دے دیے اور گیند تبدیل کرنے کا حکم دیا۔

یہ پنالٹی مہنگی ثابت ہوئی کیونکہ عباس آفریدی نے چوکا اور چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو چار وکٹوں سے فتح دلا دی۔

پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا ’فخر نے میچ ریفری روشن مہاناما کی سربراہی میں ہونے والی ڈسپلنری سماعت کے دوران اپنے خلاف عائد الزام کی تردید کی۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’اگلے 48 گھنٹوں کے اندر ایک اور سماعت مقرر ہے جس کے بعد میچ ریفری اپنا فیصلہ سنائیں گے۔‘

شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ وہ اس واقعے کی ویڈیو فوٹیج دیکھیں گے۔

انہوں نے بعد از میچ پریزنٹیشن تقریب میں کہا ’مجھے اس بارے میں معلوم نہیں۔ ہم دیکھیں گے کہ کیا یہ کیمرے میں موجود ہے اور پھر بات کریں گے۔‘

پی ایس ایل میں پہلی بار بال ٹمپرنگ کا الزام عائد ہوا ہے اور جرم ثابت ہونے پر فخر کو ایک یا دو میچوں کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

آسٹریلوی کھلاڑیوں ڈیوڈ وارنر، سٹیو اسمتھ اور کیمرون بین کرافٹ کو 2018 میں جنوبی افریقہ میں بال ٹمپرنگ سکینڈل کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے طویل پابندیاں سنائی تھیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *