پاکستان نے اتوار کو سری لنکا کو دوسرے ٹی 20 میچ میں 82 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو میزبان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 215 رنز بنائے۔
کپتان صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے گذشتہ میچ کی پرفارمنس کو برقرار رکھتے ہوئے 88 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط کیا۔
صاحبزادہ فرحان 44 گیندوں پر 73 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم معاذ صداقت تیزی سے سکور میں اضافہ کیا اور اننگز کی آخری گیند پر چھکا لگا کے سنچری بنانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
معاذ صداقت نے 51 گیندوں پر 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جو کہ ان کے کیریئر کی بہترین اننگز تھی جس میں سات چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔
پاکستان کی اننگز کے دوران فخرزمان نے 22 اور حسن نواز نے 19 رنز کا اضافہ کیا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا، مہیش تھیکشانا اور داسن شناکا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی.
پاکستان کے 216 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم ابتدا سے ہی دباؤ کا شکار رہی اور مقررہ اوورز میں سات وکٹوں پر 133 رنز تک ہی بنا پائی۔
مہمان ٹیم کی جانب سے مہیش 32، چمندو 29 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جب کہ پاکستان کی جانب سے عمران رندھاوا نے تین, سلمان مرزا نے دو اور صائم ایوب اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے اس میچ میں 82 رنز سے کامیابی حاصل کی جو سری لنکا کے خلاف رنز کے اعتبار سے پاکستان کی سب سے بڑی جیت ہے۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان نے نو سال بعد سری لنکا کیخلاف ٹی 20 سیریز بھی اپنے نام کر لی۔
