محمد صلاح کا لیورپول چھوڑنے کا اعلان، مگر جا کہاں رہے ہیں؟

مصری فٹبالر محمد صلاح نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ وہ سیزن کے اختتام پر پریمیئر لیگ چیمپئن لیورپول کو چھوڑ دیں گے، جس کے ساتھ ہی ان کے نو سالہ شاندار دور کا اختتام ہو جائے گا۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ وہ لیورپول چھوڑ کر کہاں جا رہے ہیں۔

تینتیں سالہ فارورڈ نے 2017 میں لیورپول سے معاہدہ کیا تھا اور اب تک 435 میچز میں 255 گول کر چکے ہیں، جس کے ساتھ وہ کلب کی تاریخ کے تیسرے بڑے گول سکورر ہیں۔

صلاح نے چار مرتبہ پریمیئر لیگ گولڈن بوٹ جیتا اور لیورپول کو 2019/20 اور 2024/25 کے ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ 2019 میں یوئیفا چیمپیئنزلیگ بھی اپنے نام کی۔

ان کے اعزازات میں کلب ورلڈ کپ، یوئیفا سپر کپ، ایف اے کپ اور دو لیگ کپ بھی شامل ہیں۔

تاہم اس سیزن میں ان کی کارکردگی نسبتاً کمزور رہی، جہاں انہوں نے اب تک صرف پانچ لیگ گول کیے، جبکہ گذشتہ سیزن میں انہوں نے 29 گول سکور کیے تھے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ان کے مستقبل پر اس وقت سوالات اٹھے جب دسمبر میں لیورپول کے کوچ آرن سلاٹ کے ساتھ ان کا تنازع سامنے آیا۔ صلاح نے الزام لگایا کہ انہیں مسلسل تین میچز میں بینچ کرنے کے بعد کلب نے انہیں ’بس کے نیچے پھینک دیا‘ اور کہا کہ ان کا کوچ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں رہا۔

اور اب محمد صلاح نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’یہ میری رخصتی کا پہلا حصہ ہے۔ میں سیزن کے اختتام پر لیورپول چھوڑ رہا ہوں۔‘

’وہ دن آ گیا ہے‘

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام میں صلاح نے کہا: ’سب کو ہیلو، بدقسمتی سے وہ دن آ گیا ہے۔

’یہ میری رخصتی کا پہلا حصہ ہے۔ میں سیزن کے اختتام پر لیورپول چھوڑ رہا ہوں۔‘

لیورپول لیجنڈ نے کہا کہ ’میں نے کبھی تصور نہیں کیا تھا کہ یہ کلب، یہ شہر اور یہاں کے لوگ میری زندگی کا اتنا بڑا حصہ بن جائیں گے۔ لیورپول صرف ایک فٹبال کلب نہیں، یہ ایک جذبہ، ایک تاریخ اور ایک روح ہے۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے تمام ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے ان کے بہترین اور مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا۔

’یہاں سے جانا آسان نہیں، آپ سب نے مجھے میری زندگی کا بہترین وقت دیا۔ میں ہمیشہ آپ میں سے ایک رہوں گا۔‘

مستقبل غیر یقینی

محمد صلاح کے اسلان کے بعد یہ سوالات اٹھنا شروع ہو گئے ہیں کہ آخر وہ جا کہاں رہے ہیں اور ان کا مستقبل کیا ہوگا۔

ان سوالات پر ان کے ایجنٹ رامی عباس عیسیٰ نے بھی لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

رامی عباس عیسیٰ نے ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ وہ (محمد صلاح) اگلے سیزن میں کہاں کھیلیں گے۔

انہوں نے لکھا کہ ’اس کا یہ مطلب ہے کہ کوئی بھی نہیں جانتا۔ کلک کی خاطر توجہ حاصل کرنے والوں سے ہوشیار رہیں۔‘

سابق لیورپول کھلاڑی جیمی کیراگر کا ماننا ہے کہ کو محمد صلاح لیوپول کو ایک ’بہترین انداز میں خیرباد‘ کہہ سکتے ہیں اور انہیں چیمپیئنز لیگ کا تمغہ بھی جتوا سکتے ہیں۔

تاہم انہیں خدشہ ہے کہ انگلش فٹبال کو ان جیسی غیر معمولی صلاحیت کا متبادل تلاش کرنے میں مشکل پیش آ سکتی ہے۔

انہوں نے ڈیلی ٹیلیگراف میں لکھا کہ ’منگل کو کیے گئے اعلان کا وقت میرے نزدیک نہایت بہترین اور دانشمندانہ ہے۔ اس موقع پر اپنے ارادوں کی تصدیق کرنے سے یہ یقینی ہو گیا ہے کہ ان کے قد و قامت کے کھلاڑی کو وہ جذباتی اور شاندار الوداع ملے گا جس کے وہ حق دار ہیں۔‘

دی انڈپینڈنٹ کے مطابق ایک اور سابق لیورپول کھلاڑی سٹیفن وارلاک نے بی بی سی ریڈیو 5 لائیو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’کیا اس وقت سکواڈ میں ان کا کوئی متبادل موجود ہے؟ نہیں، بالکل بھی نہیں۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’چاہے وہ ایرن سلاٹ ہوں یا کوئی نیا منیجر (جسے متبادل تلاش کرنا ہوگا)، اس کے لیے ہمیں انتظار کرنا پڑے گا۔ یہ بھی ایک ایسا معاملہ ہے جس پر بحث جاری رہے گی۔

’اگرلیورپول اگلے چند ہفتوں میں پیرس سینٹ جرمین کے خلاف چیمپیئنز لیگ سے باہر ہو جاتا ہے اور مانچیسٹر سٹی کے خلاف ایف اے کپ میں کامیابی حاصل نہیں کر پاتا، تو اچانک صورتحال کافی خراب نظر آنے لگے گی۔

’پھر صرف محمد صلاح کا ہی متبادل تلاش نہیں کرنا ہوگا بلکہ منیجر کا بھی۔‘


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *